Inquilab Logo

عمرہ کیلئے ہندوستانی شہریوں کو اجازت نہیں پھر بھی بکنگ شروع

Updated: August 04, 2021, 8:58 AM IST | Mumbai

آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن اور حج عمرہ سینٹرل کمیٹی کے ذمہ داران نے متنبہ کیا کہ غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز ایسا کررہے ہیں۔ عمرہ کے خواہش مندافراد کو حالات کی جانکاری اور مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی بکنگ کرانے کا مشورہ

This year, people from nine countries have not been allowed to perform Umrah. (File photo)
امسال ۹؍ ممالک کے لوگوں کوعمرہ کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ (فائل فوٹو)

 ماہ محرم الحرام سے سعودی حکومت نے بیرون ممالک کے لوگوں کو عمرہ کی اجازت دی ہے لیکن اب تک ہندوستان کے لوگوں کو اجازت نہیں دی گئی ہے بلکہ دیگر ۹؍ ممالک کے ساتھ ہندوستان کو ریڈ زون میں رکھا گیا ہے اور سعودی حکومت کی جانب سے یہ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے کہ کب سے اجازت دی جائے گی ۔ان غیر یقینی صورتحال کے باوجود کچھ ٹور آپریٹرس نے بکنگ شروع کردی ہے‌۔ اس کی تصدیق ٹور آپریٹرس کی تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی کی ہے۔
  سلسلے میں آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن کے صدر محمد رفیق عرف بھیکن سے نمائندۂ انقلاب کے استفسار  پر انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی شہریوں کو اب تک سعودی حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی ہے بلکہ ۹؍ ممالک کے ساتھ ہندوستان کو بھی ریڈ زون میں رکھا گیا ہے۔حالانکہ دنیا کے جن۵؍ مما لک سے سب سے زیادہ عمرہ کرنے والے جاتے ہیں،  ان میں ہندوستان بھی شامل ہے‌۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب تک سعودی حکومت کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے اور کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ہے لیکن یہ صحیح ہے، اس کے باوجود کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس نے بکنگ شروع کردی ہے۔ حالانکہ جب تک صورت حال واضح نہ ہوجائے، اس وقت تک بکنگ وغیرہ کی کارروائی سے بچنا چاہئے تاکہ عین وقت پر عمرہ کے خواہش مندوں کو کوئی دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
  مذکورہ بالا اسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی ابراہیم محمد ہاشم کولسہ والا نے بھی ان باتوں کی تصدیق کی ۔ان  کے مطابق  نامعلوم کن وجوہات کی بناء پر سعودی حکومت نے ہندوستان کو بلیک لسٹ کر رکھا ہے حالانکہ  یہاں کوروناکیسز بہت کم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بھی یہ بات دہرائی کہ کچھ غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ ٹورآپریٹرس پھر بھی بکنگ کررہے ہیں لیکن معتمرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی حالات پر نگاہ رکھیں اور اطمینان بخش حالات کے بعد ہی بکنگ وغیرہ کروائیں۔ اس لئے کہ جب حالات بہتر ہوجائیں  گے تو سعودی حکومت کے ساتھ حکومت ہند بھی سعودی قونصل جنرل جدہ برائے ہند کے توسط سے اپنے طور پر مطلع کرے گی۔
  حج عمرہ سینٹرل کمیٹی کے رکن محمد صدیق(حاجی پیر بغدادی ٹور) نے بتایا کہ ہندوستان ہی نہیں بلکہ تمام ایشیائی ممالک میں محض ملیشیا کو عمرہ کی اجازت دی گئی ہے۔ان کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ ہوائی جہازوں کا ہے ۔انٹرنیشنل فلائٹس بند ہیں اور معاہدے کے تحت فی الوقت صرف چارٹرڈ فلائٹ چل رہے ہیں، ایسے میں عمرہ کی اجازت ملنے کے باوجود  جب تک شیڈول کے مطابق پروازیں شروع نہیں ہوتی ہیں، تب تک معتمرین کی آمد و رفت ممکن نہیں ہوگی۔ محمد صدیق نے بھی ان حالات کے باوجود بکنگ شروع کئے جانے کی تصدیق کی لیکن اسے غیر رجسٹرڈ پی ٹی او کی غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دیا اور عمرہ کے خواہشمندوں کوا ن سے  بچنے کی صلاح دی۔

umrah Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK