Inquilab Logo

یومِ اساتذہ سے قبل ٹیچروںکو ترجیحی بنیاد پر ٹیکہ لگانےکی ہدایت

Updated: August 27, 2021, 8:16 AM IST | saadat khan | Mumbai

مرکز کی ہدایت پر ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں کےہیلتھ آفیسرزاورڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت، ٹیکہ کاری مہم کی معلومات کوون پورٹل پر دی جائے گی

School teachers and other staff have been instructed to be vaccinated by September 5. (File photo)
۵؍ستمبر تک اسکولوں کے اساتذہ اور دیگر عملے کو ٹیکہ لگانےکی ہدایت دی گئی ہے۔ (فائل فوٹو)

کوروناوائر س  کے معاملات میں کمی کےساتھ متعددریاستیں آف لائن اسکول شروع کرنے کی تیاری میںمصروف ہیں۔ اس وجہ سے مرکزی حکومت اس مہینے میں مزید ۲؍کروڑ سے زیادہ ویکسین ان ریاستوں کومہیاکروائے گی۔ مرکز نے ان ریاستوں سےکہاہےکہ ۵؍ستمبر یوم ِ اساتذہ سے قبل تمام اساتذہ کو ترجیحی بنیادپر ٹیکہ لگایاجائے ۔مرکزی حکومت کی ہدایت پر مہاراشٹر کے صحت عامہ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر  نے ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں کےہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسراناورڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت دی ہےکہ ۵؍ستمبر تک تمام اسکولی عملے کو ٹیکہ لگوایاجائے ۔ 
  اس تعلق سے جار ی کردہ سرکیولر میں اطلاع دی گئی ہےکہ ابھی تک مہاراشٹرمیں ۱۸؍سال سے زیادہ عمرکے ۵؍ کروڑ افرادکو کووڈ۱۹؍ سے حفاظت کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔ چونکہ اب ریاست میں کوروناوائر س کی شکایت میں کمی آرہی ہے۔ اس لئے یہاںبھی آف لائن اسکول شروع کرنے سےمتعلق فیصلہ کیاجاسکتاہے اس لئے یہاں کے تدریسی اورغیر تدریسی عملے کو ترجیحی بنیاد پر ۵؍ستمبر کو یومِ اساتذہ سےقبل ٹیکہ لگوایاجائے ۔اسکولی عملے کو ترجیحی بنیادپر ٹیکہ لگوانےکی ذمہ داری ہیلتھ اور ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو دی گئی ہے۔جن تدریسی اور غیر تدریسی عملے نے ٹیکہ لگوایاہے اور جنہوںنے نہیں لگوایاہے، ان کی تفصیلات محکمہ ٔ  تعلیم کو فراہم کرنی ہے۔ میونسپل کمشنر اور ضلع آفیسر سے کہاگیا ہے کہ جن اسکولی عملے کو ٹیکہ لگواناہے،ان کی تعداد کےمطابق ٹیکہ لگوانےکا انتظام کیاجائے ۔ اسکولی عملے کی ٹیکہ کاری مہم کی  معلومات کو وِن پورٹل پر فراہم کی جائے ۔
 اس ضمن میں مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشد ممبئی کے صدر شیوناتھ دراڈے نے میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیاہےکہ ’’مرکزی حکومت کی ہدایت پر مہاراشٹر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی طرف سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق ۵؍ستمبر سےقبل اساتذہ کو کووڈ۱۹؍ کا ٹیکہ لگوانا ہے۔ اساتذہ ٹیکہ لگوانےکیلئے تیار ہیںمگر انہیں اس کیلئے سہولت فراہم کی جائے۔جو اساتذہ اسکول میں ڈیوٹی دے رہے ہیں ،انہیںاسکول کے قریب ٹیکہ لگوانےکی سہولت فراہم کی جائے ۔اگریہ سہولت نہیں ہے تو یہاں ٹیکہ سینٹر قائم کیاجائے تاکہ اسکول آنےوالاتدریسی اور غیر تدریسی عملہ یہاں ٹیکہ لگاسکے۔ممبئی کے بی ایم سی اسکولوںکا ۷۰؍ فیصد عملہ دوردراز علاقوںمثلاً تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ سے آتاہے ۔ ان دنوںآف لائن اسکول بندہونے سے یہ اسٹاف گھر سے بچوں کو آن لائن پڑھارہاہے ۔ ا ن کیلئے ان کی رہائش گاہ کے قریب واقع ٹیکہ سینٹر میں ترجیحی بنیادپر ٹیکہ لگوانےکی سہولت فراہم کی جائےتاکہ انہیں ٹیکہ کیلئے دوردراز علاقوں سے اسکول نہ آناپڑے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’مہاراشٹر ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ نے کووڈ۱۹؍ سےمتاثرہ سرکاری ملازمین کو کووڈ کی چھٹی دینےکااعلان کیاتھا۔ اس بارےمیں بی ایم سی کو تحریری ہدایت دی گئی ہےمگرشہری انتظامیہ  نے اس معاملہ میں کوئی ہدایت نہیں جاری کیاہے جس سے  کورونا متاثرین کو کووڈ۱۹؍ کی چھٹی ابھی تک نہیں دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں میونسپل کمشنر کو متعدد مرتبہ یاددہانی کروائی گئی ہے مگر ابھی تک اس کاکوئی جواب نہیں ملاہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK