Inquilab Logo

عراق میں امریکی فوجی اڈے پرا یک اور راکٹ حملہ

Updated: March 27, 2020, 2:05 PM IST | Agency | Baghdad

گزشتہ ۶؍ ماہ میں امریکی ٹھکانوں پر یہ ۲۵؍ واں حملہ ہے، کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی خبر نہیں

US Military Base Iraq - Pic : INN
امریکی فوجی اڈہ ۔ تصویر : آئی این این

عراق میں  امریکی ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری  ہے۔ اطلاع ملی ہے کہ ایک روز قبل  بغداد میں گرین زون کے اندر امریکی سفارت خانے کے نزدیک ۲؍ کیٹوشیا راکٹ گرے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق بدھ کو رات گئے گرین زون میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ اس دوران راکٹوں کے گرنے اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس میں کسی کے ہلاک ہونے یا پھر زخم ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔
  واضح رہے کہ بغداد میں امریکی سفارت خانے کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ الزام  لگایا جاتا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ایران نواز ملیشیاؤں کا ہاتھ ہے۔ حالانکہ خود عراقی عوام بھی بڑے  پیمانے پر امریکی فوج اور امریکہ کی بٹھائی ہوئی عراقی حکومت کے خلاف مسلسل احتجاج  کر رہے ہیں۔تقریبا دو ہفتے قبل بھی کیٹوشیا ساخت کے دو راکٹ گرین زون کے اندر گرے تھے جہاں امریکی سفارت خانہ واقع ہے۔
  اس طرح حالیہ حملہ ایک ماہ کے اندر اپنی نوعیت کی چوتھی کارروائی ہے۔ عراق میں موجود مختلف جنگجو تنظیموں نے حالیہ عرصے میں بغداد میں امریکی ٹھکانوںپر حملوں کو بڑھا دیا ہے۔ بالخصوص جنوری میں بغداد کے ہوائی اڈے پر ایرانی پاسداران انقلاب کے اہم ترین کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد جو امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے تھے یہاں پر تشدد کارروائیاں  بڑھ گئی ہیں۔واضح رہے کہ  جمعرات کے روز ہونے والا حملہ گزشتہ اکتوبر کے اواخر کے بعد سے عراق میں امریکی  ٹھکانوں پر جن میں فوجی اڈے  بھی شامل ہیںہونے والا ۲۵؍ واں حملہ ہے۔ فی الحال امریکہ کی جانب سے اس حملے کے بعد کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ پچھلے حملے کے بعد مائیک پومپیو نے سخت کارروائی کی بات کہی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK