Inquilab Logo

آئرش ایئرلائن کے سی ای او کا مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیزبیان

Updated: February 24, 2020, 4:04 PM IST | Agency | London

انٹرویو میں یورپی ایئرپورٹ حکام سے کہا کہ ’’زیادہ تر دہشت گرد مسلمان ہی ہوتے ہیں اسلئے ان کی سخت چیکنگ کی جائے‘‘

مائیکل اولیری،سی ای او رایان ایئر ۔ تصویر : پی ٹی آئی
مائیکل اولیری،سی ای او رایان ایئر ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 لندن : جمہوریہ آئرلینڈ کی مشہور ایئر لائن کمپنی ’رایان ایئر ‘ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر  مائیکل اولیری نے مسلمانوںکے خلاف متنازع بیان دیا ہے۔ مائیکل اولیری نے یہ زہرافشانی برطانوی روزنامہ ’ٹائمس‘  کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران کی۔ 
 بلومبرگ ڈا ٹ کوم پر شائع رپورٹ  کے مطابق  رایان ایئر کے سی ای او مائیکل او لیری نے ٹائمس کو دئیے گئے اپنے تازہ انٹرویو میں مسلم مخالف بیان دیتے ہوئے یورپی ایئرپورٹ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ’’ زیادہ تر دہشت گرد مسلمان ہی ہوتے ہیں لہٰذا  مسلمانوں کی سخت چیکنگ کی جائے اور ان کی کڑی نگرانی کی جائے۔‘‘ اے ایف پی کے مطابق مائیکل او لیری  نے برطانوی اخبار کو دئیے  گئے انٹرویو میں متنازع بیان دیا اور کہا کہ’’زیادہ تر دہشت گرد مسلمان ہی ہوتے ہیں۔‘‘ او لیرے نے ایئرپورٹ حکام سے تنہا سفر کرنے والے مرد مسلمانوں کی سخت نگرانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ جان لیں کہ اگر کوئی بھی مسلمان تنہا سفر کر رہا ہے تو وہ خطرناک ہے لیکن اگر اس کے ساتھ اہل خانہ بھی ہے تو اس کی جانب سے حملے کرنے کے امکانات صفر ہوتے ہیں۔‘‘ اسلاموفوبیا سے متاثر سی ای او  نےیہ بھی کہا کہ اگر وہ مسلمانوں کو دہشت گرد کہیں گے تو ان کے بیان کو انتہا پسندانہ اور نفرت پر مبنی قرار دیا جائے گا لیکن یہ حقیقت ہے کہ زیادہ تر دہشت گرد مسلمان ہی ہوتے ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے۳۰؍ سال قبل آئرش شہریوں کے حوالے سے یہی خیال ظاہر کیا جاتا تھا۔ رایان ایئر کے سی ای او کی جانب سے متنازع اور قابل نفرت بیان دیے جانے کے بعد برطانیہ کی مسلم تنظیموں نے ان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے نفرت انگیز قرار دیا ہے۔بعد ازیں رایان ایئر کی جانب سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کہاگیا کہ او لیری نے کسی ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بات نہیں کی، انہوں نے مسلم مخالف بیان نہیں دیا بلکہ مجموعی طور پر ایئرپورٹس پر بہتر سیکوریٹی انتظامات کا مطالبہ کیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK