Inquilab Logo

اسرائیل:بینی گینزنےپولیس کے ہاتھوں نہتے فلسطینی کی موت پر معافی مانگی

Updated: June 02, 2020, 9:34 AM IST | Agency | Yerushalam

کابینہ میٹنگ میں اسرائیلی وزیردفاع نے معاملہ اٹھایا، خاطی اہلکاروں کے خلاف معاملہ درج اور مقتول کے اہل خانہ کے نام تعزیتی پیغام روانہ

Benny Gaintz - Pic : INN
بینی گینٹز ۔ تصویر : آئی این این

اسرائیل کے وزیر دفاع نے پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک غیر مسلح فلسطینی شخص کی ہلاکت پر معافی مانگی ہے۔آٹزم کے مرض میں مبتلا عیاد الحاق کو دو روز قبل یروشلم میں پولیس نے اس وقت گولی مار دی تھی جب وہ آٹزم کے مریضوں کیلئے مخصوص اسکول جا رہا تھا۔ پولیس کا دعویٰ تھا کہ مذکورہ شخص کے مسلح ہونے کا شبہ تھا اور تنبیہ کے باوجود نہ رُکنے پر فائرنگ کی گئی۔
 اطلاع کے مطابق یروشلم میں پُرانے شہر میں ۳۲؍ سالہ فلسطینی کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے جب کہ سیکوریٹی فورس کے اہلکاروں کو حاصل بے پناہ اختیارات پر بھی سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں۔اسرائیل کے `متبادل وزیرِ اعظم کہلانے والے بینی گینز نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں یہ معاملہ اٹھایا۔ بینی گینز کو متبادل وزیرِ اعظم اس لئے کہا جاتا ہے کہ ان کا وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت ڈیڑھ سال بن یامین نیتن یاہو وزیرِ اعظم رہیں گے جبکہ اکتوبر ۲۰۲۱ء میں بینی گینز وزارتِ عظمی کا عہدہ سنبھال لیں گے۔بینی گینز کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے ہمراہ بیٹھے تھے تاہم نیتن یاہو نے اجلاس کے آغاز میں ابتدائی کلمات میں اس واقعے کا ذکر نہیں کیا تھا۔بینی گینز کا کہنا تھا کہ عیاد الحاق کی ہلاکت کے واقعے پر ہم معذرت خواہ ہیں جبکہ ان کے خاندان سے غم کا اظہار کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات تیزی سے کی جائے گی۔ 
 دوسری جانب ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ عیاد الحاق آٹزم میں مبتلا تھے۔ وہ اس اسکول جا رہے تھے جو کہ مخصوص افراد کیلئے ہے۔ وہ وہاں روزانہ تعلیم کے حصول کے لئے جاتے تھے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے ایک مشتبہ شخص کو روکنے کی کوشش کی جس کے ہاتھ میں پستول سے مشابہہ مشکوک چیز تھی۔ جب اس شخص نے رُکنے کے احکامات پر عمل نہیں کیا تو پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کی۔بعد ازاں پولیس کے ترجمان نے ایک اور بیان میں کہا کہ مشتبہ شخص کے پاس کسی بھی قسم کا کوئی ہتھیار نہیں تھا۔
 اسرائیلی میڈیا کے مطابق وہ پولیس اہلکار جو اس واقعے میں ملوث تھے ان سےپوچھ تاچھ کی گئی ہے۔دوسری جانب واقعے میں ملوث اہلکاروں کے وکیل نے اسرائیلی آرمی کے ریڈیو کو انٹرویو میں ہلاک شخص کے اہل خانہ کیلئے تعزیتی پیغام بھی جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK