Inquilab Logo

غزہ پر اسرائیل کی بمباری، نفتالی بینیٹ نے حملے کیلئے فلسطینیوں کو ذمہ دار قراردیا

Updated: January 05, 2022, 8:49 AM IST | Tel Aviv

اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔ یہ حملہ نئے سال کے شروع ہوتے ہی کیا گیا۔

A photo taken from the time of the attack on Gaza (Agency)
غزہ پر حملے کی دور سے لی گئی ایک تصویر ( ایجنسی)

 اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔  یہ حملہ نئے سال کے شروع ہوتے ہی کیا گیا۔ ہمیشہ کی طرح اسرائیلی فوج نے بیان دیا کہ غزہ کی جانب سے اسرائیلی علاقوں میں دو راکٹ داغے گئے تھے جس کے جواب میں اسرائیل نے یہ  حملہ کیا ہے۔ حالانکہ اس  حملے میں کسی کی موت کی کوئی خبر نہیں ہے۔ 
  کہا جا رہاہے کہ حملے سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے خان یونس علاقے میں اعلان کر دیا تھا کہ وہ حملہ کرنے جا رہے ہیں اس لئے علاقے کو خالی کر دیں۔  یاد رہے کہ مئی میں کوئی ۱۱؍ دن کی جنگ کے بعد ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے کا معاہدہ ہوا تھا جس کی اسرائیل نے کئی بار خلاف ورزی کی ہے۔ لیکن ہر بار اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ غزہ کی جانب سے اس کی سرحد میں راکٹ داغا گیا تھا۔ جبکہ حماس نے اسرائیل کے اس  دعوے کومستردکیا ہے۔ اسرائیل نے رہائشی عمارتوں کو خالی کروا کر بمباری کی ہے جبکہ وہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اس نے غزہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ 
    فلسطینیوں پر الزام
  ادھر  اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے ان بے جواز حملوں کیلئے فلسطینیوں ہی کو قصوروار ٹھہرایا ہے۔  اتوار کوایک بیان میں نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے والا کوئی بھی فریق یا گروپ اس کےنتائج کا ذمہ دارہے۔ کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ رات خان یونس میں حماس کے راکٹ پروڈکشن کمپلیکس میں متعدد اہداف پر حملہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر حماس کے متعدد مراکز کو نشانہ بنایا۔
حماس کی تنصیبات پر بمباری
 مقامی میڈیا کے مطابق خان یونس میں بمباری کی آوازیں سنی گئی تھیں۔اطلاع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں حماس سے وابستہ قادسیہ سائٹ کو تقریباً ۱۲؍ میزائلوں سے نشانہ بنایا۔رپورٹروں نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیارے وقفے وقفے سے غزہ کی پٹی میں بعض اہداف پر بمباری کرتے رہتے ہیں۔فلسطینی مقامی ذرائع نے بتایا کہ مزاحمت کاروں کی طیارہ شکن توپوں نے غزہ کی پٹی پرجنگی طیاروں پر فائرنگ کی۔دریں اثناء اسرائیلی فوج کے طیاروں کی غزہ کی پٹی پر نچلی  سطح پر پروازیں  جاری ہیں۔
 اسرائیلی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغرب میں فلسطینی دھڑوں کے ایک مقام پر بمباری کی۔عبرانی’’ چینل ۱۳‘‘نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے تل ابیب کے ساحل پر راکٹ داغے جانے کے جواب میں غزہ کی پٹی میں اہداف پر بمباری کی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک پریس بیان میں کہا کہ حال ہی میں جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حماس کے راکٹ کمپلیکس کے متعدد اہداف پر بمباری کی اور ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کی سرحدوں پر حماس کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ  ۲؍ روز قبل  صبح سویرے غزہ کی پٹی سے دان بلاک کے مغرب میں بحیرہ روم کے ساحل پر داغے گئے راکٹوں کے جواب میں متعدد اہداف پر فضائی حملے کئے گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کیلئے حماس تنظیم ذمہ دار ہے اور وہ  غزہ کی پٹی سے ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتائج بھگت رہی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے داغے گئے راکٹ سمندر میں گر گئے تھے ان سے نہ کسی قسم کا جانی نقصان ہوا اور نہ مالی۔ اس کے باوجود اسرائیل نے غزہ پر بمباری کی۔ 

israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK