Inquilab Logo

اسرائیل کی شامی فوج کے مختلف ٹھکانوں پر بمباری

Updated: August 06, 2020, 7:35 AM IST | Agency | Damascus

تنصیبات کو نقصان مگر کوئی ہلاکت نہیں، صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے دراندزوں پر حملہ کیا ہے

Israeli Army - Pic : PTI
اسرائیل گزشتہ کئی دنوں سے شام پر مسلسل حملے کر رہا ہے (تصویر: ایجنسی

اسرائیل کی فضائیہ نے شامی فوج کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے گولان کی پہاڑیوں میں مبینہ طور پر بارود نصب کرنے کی ایک کوشش بھی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے ہیلی کاپٹروں نے جنوبی شام کے علاقے قنیطرہ میں پیر کی شب شامی فوج کی پوزیشن کے قریب میزائل داغے۔رپورٹ کے مطابق فضائی حملے میں صرف تنصیبات کو نقصان پہنچا لیکن وہاں موجود افراد محفوظ رہے۔اسرائیلی افواج نے کہا ہے کہ اس کے جنگی جہازوں نے شام کے ان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا  جہاں سے گولان کے پہاڑی سلسلے میں بارود  بچھانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں نگرانی کیلئے قائم چوکیاں، خفیہ معلومات جمع کرنے کا نظام، اینٹی ایئر کرافٹ توپ خانہ اور شام کی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سے متعلق تنصیبات شامل ہیں۔
 واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں شام اور اسرائیل میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور اسرائیل تواتر سے شام میں مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہ اہے۔گزشتہ ماہ بھی اسرائیل نے القنیطرہ میں ہی فضائی کارروائی کی تھی۔ اسرائیلی ہیلی کاپٹروںنے سرحد پار ہونے والی فائرنگ سے اسرائیلی تنصیبات کو  نقصان پہنچنے کے بعد شامی اہداف پر حملے کئےتھے۔دریں اثنا اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں میں بارود نصب کرنے میں ملوث چار انتہا پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔اسرائیل کی فوج کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو ٹیلی فونک پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ چاروں افراد شام کی حدود میں تھے  اور انہوں نے حفاظتی باڑ عبور نہیں کی تھی۔
 ترجمان کے بقول اسرائیل کے کمانڈو نے اسنائپراور رائفل سے اتوار کی شب ۱۱؍ بجے کارروائی کا آغاز  کیا جب ان افراد نے در اندازی کی کوشش کی۔ بعد ازاں جنگی طیاروں کی مدد سے فضائی کارروائی بھی کی گئی۔اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ فوج نے شام سے ہونے والے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ان سب پر حملہ کرے گا جو اسرائیل پر حملہ آور ہوں گے ۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے لبنان کی سرحد سے بھی در اندازی کا الزام لگایا تھا۔ اسرائیل نے کہا تھا کہ لبنان کی جنگجو تنظیم حزب اللہ کے جنگجووں نے اسرائیل میں داخلے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔ تاہم حزب اللہ نے ایسی کسی بھی کارروائی کی تردید کی تھی۔

israel syria Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK