Inquilab Logo

مسافروں کی عدم دلچسپی سے اے سی لوکل ٹرین کی دیکھ ریکھ کا خرچ نکلنا بھی مشکل

Updated: January 21, 2021, 11:39 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ایک ماہ میں محض۸۳۶؍ ٹکٹ فروخت ہوئے اور۴؍لاکھ۶۷؍ہزار روپے آمدنی ہوئی۔ ریلوے انتظامیہ کو بھی عام مسافروں کیلئے ٹرینیں شروع ہونے کا انتظار تاکہ ایئرکنڈیشن لوکل کے مسافروں میں اضافہ ہو

AC Local Train - Pic : INN
اے سی لوکل ٹرین ۔ تصویر : آئی این این

سینٹرل ریلوے میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی  ایس ایم ٹی ) سے کلیان کے درمیان اے سی لوکل شروع کئے جانے کو ۳۵؍ دن گزر چکے ہیں لیکن مسافروں کی انتہائی کم تعداد ریلوے انتظامیہ کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے۔عالم یہ ہے کہ اتنی کم آمدنی ہورہی ہے کہ اے سی لوکل کا‌مینٹیننس نکلنا بھی مشکل ہورہا ہے ۔۱۷؍ دسمبر سے  روزانہ ۱۰؍  ایئر کنڈیشن لوکل سروس  شروع کی گئی‌ ہیں مگر مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے  ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید اب بھی وہ ٹرائل کیلئے ہی پٹریوں پر دوڑ رہی ہیں۔ واضح ہو کہ سابق وزیر ریل سریش پربھو کے دور میں ہی سینٹرل ریلوے کے لئے اے سی لوکل ٹرینیں لائی گئی تھیں لیکن کافی عرصے بعد بھی الگ الگ اسٹیشنوں کے درمیان پل نیچا ہونے اور دیگر وجوہات کی وجہ سے     اسے مین لائن پر چلانے کی نوبت ہی نہیں آئی تھی۔ اب جب یہ شروع کی گئی ہے تو مسافر اس کا رخ نہیں کررہے ہیں۔  پہلے دن یعنی۱۷؍دسمبر کو۲۲؍ مسافروں نے سفر کیا،۱۸؍  دسمبر کو محض ۱۵؍  مسافروں نے سفر کیا اور ۱۹؍ دسمبر کو بھی۱۵؍  مسافروں نے اے سی لوکل ٹرین کا رخ کیا تھا ، اس سے آمدنی کا بآسانی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ 
  مسافروں کی کم تعداد سے متعلق سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر او اے کے جین سے استفسار کرنے پر انہوں نے اس کی متعدد وجوہات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ ابھی لوکل ٹرینیں لازمی خدمات کے زمروں میں شامل ہیں  اور خواتین کے لئے چلائی جارہی ہیں جب تک عام مسافروں کیلئے لوکل ٹرینیں شروع نہیں ہوں گی تب تک اے سی لوکل ٹرین کے مسافروں کی تعداد میں زیادہ اضافے کی امید نہیں ہے۔ دوسرے ابھی موسم ٹھنڈا ہے ، تیسرے کوروناوائرس کی وجہ سے بھی مسافر ایئر کنڈیشن ٹرین میں سفر نہیں کررہے ہیں، چوتھے وقت کا بھی مسئلہ ہوگا اور پانچویں وجہ جو سینئر پی آر او نے واضح نہیں کی  ،وہ  ہے  ایئر کنڈیشن لوکل ٹرین کا کرایہ۔ اے سی لوکل کا کرایہ کا فی ہے۔  عام مسافر جو لوکل ٹرین میں۲۰؍  روپے میں سی ایس ایم ٹی سے کلیان کا سفر کر لیتا ہے، اسے اے سی لوکل میں  ایک جانب سے۲۱۰؍  روپے دینے پڑتے ہیں۔ چنانچہ عام مسافر آسانی سے ایئر کنڈیشن لوکل ٹرین میں سفر کی ہمت نہیں کر سکے گا۔ 
 سینئر پی آر او  کے مطابق  ایئر کنڈیشن لوکل ٹرینوں میں سفر کیلئے مسافروں کو راغب کرانے کے سلسلے میں اعلانات اور دیگر طریقوں سے مسافروں کو بتانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ایئر کنڈیشن لوکل ٹرینیں شروع کرنے کے بعد سے کم مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے سروے بھی شروع کیا تھا جس میں مسافروں کی رائے لی گئی تھی کہ وہ ایئر کنڈیشن ٹرینیں شروع کئے جانے کے سلسلے میں کیا کہتے ہیں اور مین لائن پر اے سی لوکل سروسیز کے اوقات اور ۱۰؍ سروسیز کی دیگر جو تفصیلات ہیں اس کے تعلق سے مسافروں کی رائے معلوم کی جارہی ہے کہ وہ اس سے کتنا اتفاق رکھتے ہیں اور کس قسم کی تبدیلی کے خواہاں ہے۔
 اے سی لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد بڑھانے کیلئے سینٹرل ریلوے انتظامیہ بھی اس کا انتظار کررہا ہے کہ عام مسافروں کے لئے لوکل ٹرینیں جلد شروع ہوں ، اس سے جب بھیڑ بھاڑ زیادہ ہوگی تو دیگر مسافر اے سی لوکل کا رخ کریں گےلیکن اب یہ دیکھنا ہوگا کہ کب عام مسافروں کے لئے ٹرینیں شروع کی جاتی ہیں اور ریلوے کی مراد پوری ہوتی ہے۔ 
 ریلوے سے حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق ایک ماہ میں۸۳۶؍  ٹکٹ اور پاس فروخت ہوئے ہیں۔ان میں۶۱۸؍  ٹکٹ اور۲۱۶؍ پاس  ہیں ۔‌ اس سے ریلوے کو۴؍ لاکھ۶۷؍ ہزار۲۵۰؍ روپے آمدنی ہوئی لیکن ریلوے کو یہ امید ہے کہ جس طرح ویسٹرن ریلوے میں مسافروں کی تعداد بڑھی تھی اور آمدنی میں‌ اضافہ ہوا تھا اسی طرح سینٹرل ریلوے میں بھی ہوگا اور ابھی ہونے والا خسارہ منافع میں بدلے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK