Inquilab Logo

اگلے ہفتے سے ٹی وی خریدنا مہنگا پڑے گا

Updated: September 26, 2020, 3:22 AM IST | New Delhi

یکم اکتوبر سے حکومت ٹی وی کے اوپن سیل کی درآمد پر۵؍ فیصدکسٹم ڈیوٹی نافذ کر سکتی ہے، اس سے ٹیلی ویژن کی قیمتیں بڑھنے کا امکان، تہوار وں کے سیزن میں قیمتوں میں ۳۵؍ فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے،صنعت پہلے ہی دبائو میں ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 اگر آپ بھی اس تہوار کے سیزن میں نیاٹیلی ویژن خریدنے کا سوچ رہے ہیں تو آپ کو یہ مہنگا پڑ سکتا ہے۔ اگلے ہفتے سے ٹی وی کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ یکم اکتوبر سے حکومت ٹی وی کے اوپن سیل کی درآمد پر۵؍ فیصدکسٹم ڈیوٹی نافذ کرے گی۔ اس سے ٹی وی کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی ویلیو ایڈیشن اور مینوفیکچرنگ کوفروغ دینے کیلئے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیاہے کہ نئے قواعد نافذ ہونے کے بعد ۳۲؍ انچ کےٹیلی ویژن کی قیمت میں ۶۰۰؍ روپے کا اضافہ ہوگا اور ۴۲؍ انچ کے ٹی ویکی قیمتوں میں ۱۲۰۰؍ روپے سے ۱۵۰۰ ؍ روپےتک کا اضافہ ہو جائے گا اور دیگر بڑے سائز کے ٹیلی ویژنوں کی قیمتیں بھی مزید بڑھ جائیں گی۔ 
 وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ کہا گیا ہے کہ مشہور برانڈز۳۲؍ انچ کی ٹی وی کیلئے ۲۷۰۰؍ روپے اور ۴۲؍ انچ کیلئے ۴؍ ہزار سے ساڑھے چار ہزارروپے کی بنیادی قیمت پر اوپن سیلز درآمد کررہے ہیں ۔ ایسی صورتحال میں اگر اوپن سیل پر۵؍ فیصد ٹیکس لگایاجاتا ہے تو یہ فی ٹیلی ویژن پر ۱۵۰؍ سے ۲۵۰؍ روپے سے زیادہ نہیں ہوگا۔
 ٹیلی ویژن کی صنعت پہلے ہی دباؤ میں ہے
 ٹیلی ویژن تیار کرنے والی صنعت پہلے ہی دباؤ میں ہے ۔ اس کے درآمد شدہ پینلز کی لاگت میں ۵۰؍ فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے اوپن سیل پرکسٹم ڈیوٹی کیلئے ایک سال کی رعایت دی تھی جس کی میعاد ۳۰؍ ستمبر کو ختم ہو نے والی ہے۔ اس لئے یہ یقینی مانا جارہا ہے کہ حکومت اب اس پر حکومت ۵؍ فیصدکسٹم ڈیوٹی عائد کرے گی جس کے سبب ٹیلی ویژن کی قیمتوں اضافہ ہوگا۔ صنعتی ماہرین کےمطابق بیشتر ٹی وی پینلز چین سے درآمد ہوتے ہیں جبکہ حکومت ہند کی بیجنگ کے ساتھ کشیدگی کےسبب ایل سی ڈی ٹی وی سمیت رنگین ٹیلی ویژنوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایسی صورتحال میں پینل کی کمی ہے ۔ علاوہ ازیں کورونا کی وجہ سے دیگر درآمد ات میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
 قیمتوں میں ۳۵؍ فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے
 تھامسن اور کوڈک ٹی وی کے لائسنس پر ٹی وی بنانے والی کمپنی سپر پلاسٹرونکس کے سی ای او اونیت ماروا کا کہنا ہے کہ تہوار وں کے سیزن میں ٹی وی کی قیمتوں میں ۳۵؍ فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ وہیں ویڈیوٹیکس کے ڈائریکٹر ارجن بجاج کا کہنا ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں ٹی وی کی قیمتوں میں ۲۰؍ سے۳۰؍ فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے ، کیونکہ ہندوستانی ٹی وی ڈیلرز باہر سے انہیں درآمد نہیں کررہے ہیں اس کی وجہ درآمد شدہ ٹی وی پر ۲۰؍ فیصد عائد ٹیکس بھی ہے۔
سیمسنگ پروڈکشن شروع کریگا 
  ایک طرف جہاں حکومت نے اوپن سیل پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے وہیں یہ بھی اطلاع ہے کہ وزارت الیکٹرانکس اینڈ آئی ٹی درآمد ڈیوٹی میں رعایت دینے کے حق میں ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس کے نتیجے میں ٹی وی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ در آمد ڈیوٹی میں رعایت ملنے پر سیمسنگ اب ویتنام سے اپنا پروڈکشن سمیٹ کر ہندوستان میں پیداوار شروع کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK