Inquilab Logo

جلگاؤں: وقف بورڈ کا اجلاس ، وقف املاک کے تعلق سے اہم امورزیر بحث

Updated: September 19, 2022, 12:21 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

چیئرمین وجاہت مرزا نے کہا کہ اب تک سیاسی اعتبار سے وقف بورڈ کا کام کاج چلتا تھا لیکن میں دینی اعتبار سے کام کروں گا اوروقف پراپرٹی کسی کو کھانے نہیں دوں گا

Trustees of mosques, madrasas, Eidgahs and dargahs from across the district participated in the meeting .Picture:INN
اجلاس میں ضلع بھر سے مساجد ومدارس و عیدگاہ اوردرگاہ کے ٹرسٹیان شریک ہوئے ۔ تصویر:آئی این این

ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں واقع الپ بچت بھون میں وقف بورڈ  کے  اجلاس میں وقف  املاک کے تعلق سے اہم امور پر گفتگو ہوئی۔  اس اجلاس میں  وقف کے مسائل  کےسلسلے میں ضلع بھر سے مساجد  ومدارس عیدگاہ، درگاہ کے ٹرسٹیان کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ ابتدائی تقریر میں صدر جمعیت علماء ضلع جلگاؤں مفتی محمد ہارون ندوی نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں کہا کہ’’ وقف اللہ کی پراپرٹی ہے ،وقف کا مالک صرف اور صرف اللہ ہی ہے ،آپ اور ہم صرف چوکیدار نوکر اور نگہبان ہیں ،کل حشر کے میدان میں ہم سے بڑی جوابدہی ہوگی ۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اس معاملے میں کوئی غلطی نہ ہو ورنہ نسلیں کو بھگتنا پڑے گا۔ شہر قاضی مفتی عتیق الرحمٰن نے  وقف کی اہمیت اور اُسکی حفاظت و نگرانی پر تفصیلی گفتگو کی اور  واضح کیاکہ وقف کی حفاظت ہم سب کی ذمےداری ہے صرف وقف بورڈ کی نہیں ۔ اجلاس میں شریک ٹرسٹ کے نمائندوں میں سید ایاز علی ،عیدگاہ ٹرسٹ کے سیکریٹری فاروق شیخ اور دیگر ذمہ داروں نے وقف بورڈ، حکومت اور زمینوں پر قابض زمین مافیا  سے درپیش مسائل  کا ذکر کیا۔ جواں سال امجد پٹھان  اور جمیل انجم نے وقف بورڈ سے مسلمانوں کی توقعات اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں  صدر جلسہ  اور ریاستی وقف بورڈ کے  چیئرمین ڈاکٹر وجاہت مرزا نے کہا کہ ’’ابتک سیاسی اعتبار سے وقف بورڈ کا کام کاج چلتا تھا لیکن میں دینی اعتبار سے شرعی اصولوں پر کام کروں گا ،اللہ کی اِس پراپرٹی وقف کو کسی کوکھانے نہیں دونگا ۔‘‘ اپنی ۷؍ ماہ کی كار كردگی بیان کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ۲۲ ؍افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی  ہے اور کچھ اعلیٰ افسران کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی ہے ،ہم پوری طرح سے ایکشن موڈ میں ہیں۔ وجاہت مرز ا نےپُرانی خامیوں اور کمزوریوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی وقف بورڈ کی پوری ٹیم یہاںآئے گی اور کیمپ لگا کر اسی روز ضلع  بھر کے رجسٹریشن کے ہمراہ دیگر مسائل حل کرلیے جائیں گے۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے چیئرمین وقف بورڈ کو متعدد مکتوب پیش کیے۔ 

jalgaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK