Inquilab Logo

کورونا وائرس کیخلاف ممبئی کے شہری متحد، کاروبار بند،سڑکیں سنسان

Updated: March 23, 2020, 9:16 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کبھی نہ رکنے اور کبھی نہ تھکنے والی ممبئی کے شہریوں نے جنتا کرفیو کے دوران ثابت کر دیا کہ وہ شہر پر آنے والی کسی بھی آفت سے مل کر لڑنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں،پولیس کمشنر بھی شہریوں کے جذبہ کی ستائش کی اور طویل لڑائی کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی

Marine Drive - Pic : PTI
مرین ڈرائیو ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کووڈ۔۱۹؍یعنی کورونا وائرس کی دہشت  اور اس کے اثرکو ختم کرنے کے لئے وزیر اعظم نے جنتا کرفیو کا اعلان کیا تھا جسے ممبئی واسیوں نے اپناتے ہوئے اتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور اتنی شدت سے اس پر عمل کیا کہ کبھی نہ رکنے، کبھی نہ سونے اور کبھی نہ تھکنے والی عروس البلاد ممبئی اتوار کو ایکدم خاموش اور ویران ہوگئی ۔ کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات اور جنتا کرفیو کے اعلان کے بعد شہر کی تمام شاہراہیں، راستے، گلی محلہ،بازار، ہوٹلیں، تفریحی مقامات، سنیما ہال، تھیٹر سبھی خاموش ہوگئے تھے ۔ شہر کی اس خاموشی کے دوران اگر کوئی بائیک یا کار سوار سڑک پر نظر آیا تو اسے پولیس نے  نرمی سے اور نہ ماننے پر اپنے طریقہ سے سمجھاتے ہوئے گھر کا راستہ دکھایا  ۔ شہر کے وہ علاقے جہاں  ہمہ وقت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا ہجوم ہوا کرتا تھا یا ایسے علاقے جہاں ۲۴؍گھنٹے گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رہتی تھی، ان علاقوں یعنی مرین ڈرائیو، ورلی سی لنک، چھترپتی شیواجی ٹرمنس ریلوے اسٹیشن، چرچ گیٹ، دادر، باندرہ وعیرہ میں پھیلی خاموشی اور سناٹے کی تصاویر کو بذات خود ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے اپنے ٹوئیٹر پر شیئر کی  اور  شہریوں کی ستائش کرتے ہوئےمل کر لڑنے کی اپیل کی۔ کمشنر نے یہ پیغام بھی دیا کہ ممبئی واسی کسی بھی مشکل کا سامنا ہمیشہ ایک ساتھ کرتے ہیں ۔ 
 شہریوں نے کورونا وائرس کے خلاف اعلان جنگ کرنے کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف گھروں میں قید رہ کر اپنے کام کو انجام دیا ۔ بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پیغام پر جنتا کرفیو کو  کامیاب بناتے ہوئے شہر اور مضافات کے  اکثر و بیشتر حصوں میں بائیکلہ، سائن، وڈالا، دادر، ماہم ، جوہو،بوریولی اور دہیسر وغیرہ میں تالی، تھالی اور گھنٹی بجا کر ان سرکاری خدمتگاروں کی خدمات کا اعتراف کیا جن میں پولیس، ڈاکٹرس، نرس، اسپتال عملہ، ریلوے موٹر مین، ریلوے اسٹاف، بی ایم سی اور ڈیساسٹر عملہ شامل تھے ۔ییشتر فلم اسٹارس جن میں امیتابھ بچن، اکشئے کمار، ڈیوڈ دھون وغیرہ نے بھی تالی اور تھالی بجاکر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں کی خدمات کا اعتراف کیا ۔
  شہر کے راستوں، ریلوے اسٹیشنوں، بس، رکشا اور ٹیکسی اسٹینڈ پر نہ آدم نہ آدم زاد جیسی صورتحال دکھائی دی ۔ ممبئی پولیس کمسنر کے ٹوئیٹ کو سراہتے ہوئے ممبئی واسیوں نے جواب دیا اور کہا کہ’’ ممبئی کبھی نہیں رکتی، کبھی نہیں تھکتی کی کہاوت کو ممبئی واسیوں نے اس وقت غلط ثابت کیا جب وہ خود چاہیں گے تب  ممبئی رکے گی اور کورونا وائرس جیسی وبا کا مقابلہ بھی مل کر کریں گے۔ واضح رہے کہ ۱۹۹۲ءمیں ہونے والے فسادات،۱۲؍ مقامات پر ہونے والے بم دھماکوں، ۲۰۰۵ء میں آنے والے سیلاب اور۲۰۰۸ء میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں نے بھی ممبئی کی رفتار میں نہ کمی آنے دی اور نہ اسے رکنے دیا  تھا۔وہیں کورونا وائرس کا ایک ساتھ مقابلہ کرنے کے پیغام پر تمام ممبئی واسیوں نے لبیک کہتے ہوئے ایسی روک لگائی کی پورے شہر میں سناٹا چھا گیا۔
اتنہائی ضروری خدمات دینے والے ملازمین کوہی سفر کی اجازت
 ممبرا ریلوے اسٹیشن پر داخل ہو نے والی جگہوں، ممبرا بکنگ آفس وغیرہ پر پولیس اہلکار تعینات تھے۔ بکنگ آفس کے پاس ۴؍ تا ۵؍ اسٹاف پر مشتمل سرکاری ملازمین کا ایک گروپ ٹیبل لگا کر بیٹھا تھا ۔ یہاں پولیس اہلکار بھی موجود تھے اور لوکل ٹرین میں سوار ہونے آنے والوں کو روک کر ان سے سفر کرنے کی وجہ اور شناختی کارڈ پوچھ رہے تھے۔چیکنگ کرنے والوں نے بتایاکہ’’ لوکل ٹرین میں صرف ان ہی افراد کو سوار ہونے کی اجازت دی جارہی ہےجو انتہائی ضروری سرویسز میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین  ہیں۔ ان کا نام  ، شناختی کارڈ کی تفصیل اور موبائل نمبر رجسٹر میں درج کیا جارہا ہے۔ یہ رجسٹر ضلع کلکٹر کے پیش کیا جائے گا۔ اس نمائندے کے سامنے متعدد شہریوں کو واپس بھی بھیجا گیا جن میں کنٹریکٹ مزدور بھی شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK