Inquilab Logo

جاپان: شدید برف باری سے۳؍ افراد ہلاک

Updated: January 26, 2023, 10:14 AM IST | Tokyo

ایک ہائی وے پر تقریباً سو گاڑیاں شدید برف باری کے سبب پھنس گئیں

A snow scene in Japan.
جاپان میں بر فباری کا ایک منظر۔

جاپان میں بدھ کی صبح شدید برف باری سے۳؍ افراد ہلاک ہوگئے اورعام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔  میڈیارپورٹس کے مطابق موات سے متعلق  کابینہ کے چیف  سیکریٹری ہیروکازو ماتسونو نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس  میں بتایا،’’ برف باری کی وجہ سے کم از کم ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔  اس بات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہیں کہ ۲؍ دیگر افراد کی موت برف باری کی وجہ سے ہوئی ہے یا کوئی اور وجہ ہے۔ زخمیوں کی تفصیل حاصل کی جا رہی ہے۔‘‘اس سے قبل جاپانی میڈیا نے بتایا تھا کہ شدید برف باری کے  سبب کیوٹو شہر اور شیگا پریفیکچر میں بیواکو اسٹیشن کے درمیان ۱۰؍ گھنٹے تک راستہ بند ہونے کے بعد کم از کم۱۳؍ افراد کو صحت سے متعلق پریشانیوں کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ کیوڈو خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاپان کے صوبہ ناگاساکی میں تارامی  شہرکے قریب ایک ہائی وے پر تقریباً سو گاڑیاں شدید برف باری کے  سبب پھنس گئیں۔  وسطی جاپان میں برف باری کے  سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ گاڑیاں  اور ٹرک کافی دیر تک سڑکوں پر پھنسے رہے ۔جاپان کے شمالی حصے میں  قومی ایئر لائنز کی۳؍سو سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ  دھند کے سبب بلٹ ٹرین سروس بھی معطل اور تاخیر کا شکار ہے۔  جاپان ایئر لائنز اور آل نیپون ایئرویز بدھ کو۲؍ سو سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ مشرقی جاپان ریلوے نے فوکوشیما اور شنجو کے درمیان بلٹ ٹرین سروس کو معطل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز  ہی سے جاپان شدید برف باری اور درجۂ حرارت میں کمی کے سبب شدید سردی کی  زدمیں ہے۔ ہوکائیڈو جزیرے پر واقع شہر ریکوبیٹسو میں بدھ کی صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی۲۶ء۵؍ ڈگری سیلسیس  ریکارڈ کیا گیا۔ ٹوکیو میں درجۂ حرارت منفی۳؍ ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ اوساکا میں منفی۲؍ ڈگری سیلسیس تھا۔ کئی علاقوں میں رات بھر ۸۸؍سینٹی میٹر (۳۴؍ انچ) سے زیادہ برف پڑی۔ دارالحکومت ٹوکیو میں رواں سال کی پہلی برف باری ہوئی۔ جاپان کے شہر منی وا میں۲۴؍ گھنٹے کے دوران ریکارڈ ۳۶؍انچ برف پڑی  جبکہ کوسا میں  بدھ کی صبح درجہ حرارت منفی۹؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 
 جاپان کے محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں کل( جمعرات ) تک درجہ حرارت مزید نیچے گرسکتا ہے جو  صدی کا سب سے کم درجۂ حرارت ہوسکتا ہے ۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی جاپان سے شمالی جاپان تک برف باری کا سلسلہ جمعرات  تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

japan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK