Inquilab Logo

ناندیڑ میں لڑکیوں کیلئے منعقد روزگار میلہ کامیاب، ۲؍ ہزار لڑکیاں منتخب

Updated: October 01, 2022, 1:46 PM IST | ZA Khan | Nanded

یشونت کالج میں منعقدہ میلے میں ٹاٹا کمپنی کی جانب سے انٹرویو کے ذریعے بنگلور اور ہوسور کے دفاتر کیلئے لڑکیوںکا انتخاب کیا گیا

Enthusiasm for work among the girls showed during the job fair .Picture :Inquilab
روزگار میلے کے دوران لڑکیوں میں کام کے تئیں جوش دکھائی دیا تصویر: انقلاب

ناندیڑ کے دیہی علاقوں کی لڑکیوں کوروزگارکے نئے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سےگزشتہ ۲۸؍ ستمبر کو ناندیڑ میں روزگار میلے کا انعقاد کیاگیاتھا۔ اس خصوصی روزگار میلے کو بے مثال کامیابی حاصل ہوئی۔تقریباً ۷؍ ہزار  لڑکیوں نے اپنے نام درج کروائے ہیں۔یہ خصوصی سرگرمی نیشنل لیڈر ٹو نیشنل فادر سروس فورٹائٹ کے موقع پر کی گئی۔ اس اقدام کیلئے محکمۂ انصاف کی سیکریٹری سمنتا بھانگے،  اور اسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے کمشنر دیپیندر سنگھ کشواہا، سوشل ویلفیئر کمشنر ڈاکٹر پرشانت  نارنوارے نے رہنمائی کی۔مربوط قبائلی ترقیاتی پروجیکٹ کے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ کلکٹرکیرتی کرن پُجار نے ٹاٹاکمپنی کے ساتھ تال میل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی۔  یشونت کالج میں منعقد کئے گئے  اس روزگار  میلے  میں رکن پارلیمان ہیمنت پاٹل،  ناندیڑ کی میئر جئے شری پاوڑے، ضلع کلکٹر خوشحال سنگھ پردیسی، ضلع پریشد سی ای او ورشاٹھاکر گھگے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے ودیگر معززین نے ذاتی طورپر شرکت کی۔ اس دوران لڑکیوں کیلئے بنگلور میں واقع ٹاٹا کمپنی کے دفتر کی جانب سے ایک خصوصی پہل کی گئی۔ کمپنی کے نمائندوں نے درج  شدہ لڑکیوں کا انٹرویو لیااور ضلع سے تقریباً ۲؍ ہزار لڑکیوں کا انتخاب کیاگیا ۔ منتخب لڑکیوں کو ٹاٹا کمپنی کی طرف سے ۱۶؍ ہزار روپے کی اسکالرشپ،۳؍ لاکھ روپے کا انشورنس،کھانے پینے اور رہائش کی سہولیات  کے علاوہ  طبی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔  ان تمام منتخب لڑکیوں کو بنگلور اور ہوسور میں کمپنی کی برانچ میں کام دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس روزگار میلے کا مقصد لڑکیوںکو روزگار دلانا اور انہیں خود کفیل بنانا تھا۔   اس موقع پر منتخب ہونے والی لڑکیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان میں ایک جوش دکھائی دیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ اس طرح کے مزید روزگار میلے منعقد کئے جائیں گے۔ 

nanded Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK