Inquilab Logo

جوبائیڈن نے کورونا سے متعلق نئے احکامات جاری کئے

Updated: January 23, 2021, 11:18 AM IST | Agency | Washington

نئے امریکی صدر نے میڈیا کے سامنے ۱۹۸؍ صفحات پرمشتمل ’کورونا منصوبے ‘ پر دستخط کئے۔ اب امریکہ میں دوران سفر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ بیرون ملک سے آنے والوں کو کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانی ہوگی۔ بائیڈن نے خبردار کیا کہ آئند ہ ماہ تک ملک میں ہلاکتوں کی تعداد ۵؍ لاکھ ہو جائے گی

Joe Biden - Pic : PTI
جو بائیڈن ۔ تصویر : پی ٹی آئی

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے  نئے احکامات جاری کر دیئے ہیں جس کے تحت مسافروں کے لئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔وہائٹ ہاؤس میں جمعرات کو صحافیوں کے سامنے بائیڈن نے کورونا وائرس کے انسداد کیلئے ۱۹۸؍صفحات پر مشتمل منصوبے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر نائب صدر کملا ہیرس اور کورونا وائرس معاملے پر صدر بائیڈن کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی بھی موجود تھے۔
  نئے امریکی صدر کے منصوبے کے تحت بیرونِ ملک سے امریکہ سفر کرنے والے ہر مسافر کو ثابت کرنا ہو گا کہ اس کا کورونا ٹیسٹ منفی ہے۔اسی طرح اندرونِ ملک چلنے والی پروازوں، بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرنے والے افراد پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس سے قبل صدر بائیڈن نے صدارت کے پہلے روز ۱۷؍ صدارتی حکم نامے جاری کئے تھے جن میں سے ایک وفاقی سرکاری عمارتوں میں ملازمین کیلئے ماسک پہننا لازم کرنے سے متعلق تھا۔صدر بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ماہ تک امریکہ میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ ان کے بقول امریکی عوام کے لئے کورونا وائرس کی روک تھام اب تک کےچیلنج میں سے سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔
 یاد رہے کہ صدر بائیڈن کے منصوبوں میں اپنے اقتدار کے ابتدائی ۱۰۰؍ روز کے دوران ۱۰؍ کروڑ افراد کو ویکسین لگانا بھی شامل ہے۔امریکہ کے مختلف حصوں میں آئندہ ماہ وفاقی حکومت کی معاونت سے مزید ۱۰۰؍ ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے جائیں گے۔ جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ جب میں نے  ۱۰؍  کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا تو کہا گیا کہ یہ ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ۱۰؍ کروڑ امریکیوں کو ویکسین لگانے میں میرا ساتھ دیں اور اس کا ایک اچھا آغاز ہو چکا ہے۔بائیڈن کا کہنا تھا کہ کانگریس کو چاہئے کہ وہ ۱۹؍ کھرب ڈالر کے کرونا ریلیف پیکیج کی منظوری دے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین پساکی کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کانگریس سے کرونا ریلیف پیکیج کی منظوری کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ کورونا کا بحران خطرناک ہے جس کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ امریکہ دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک ۴؍ لاکھ ۱۰؍ ہزار سے زائد اموات اور دو کروڑ ۴۶؍لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔امریکی ریاست نیویارک ۴۱؍ ہزار سے زیادہ اموات کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ کیلی فورنیا  میں ۳۵؍ہزار ۵۴۹؍ اور ٹیکساس میں ۳۳؍ ہزار ۹۴۲؍ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ امریکہ کے صدر بائیڈن نے کورونا وائرس سے نمٹنے کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا ہے جس کیلئے انہوں نے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو اپنی انسدادِ کرونا ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی ہے۔
 فاؤچی نےجمعرات کو وہائٹ ہاؤس میں کورونا  بحران پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدر بائیڈن کا ویکسی نیشن منصوبہ معقول ہے اور موجودہ صورتِ حال میں ماسک پہننا بھی انتہائی ضروری ہے۔ڈاکٹر فاؤچی سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کورونا ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں اور وہ ماسک پہننے کی ضرورت پر تب سے زور دیتے آ رہے ہیں۔ حالانکہ خود ٹرمپ ماسک نہیں پہنا کرتے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK