Inquilab Logo

ترنمول لیڈرمحمد سہراب کےگھراوردفاترپرای ڈی اور محکمہ انکم ٹیکس کا مشترکہ چھاپہ

Updated: January 15, 2021, 12:23 PM IST | Agency | Kolkata

مرکزی ایجنسیاں جاننے کی کوشش کررہی ہیں کہ سابق رکن اسمبلی مویشیوں کی اسمگلنگ میں کسی طرح ملوث ہیں یا نہیں؟

IT Raid - Pic : INN
آئی ٹی کا چھاپہ ۔ تصویر : آئی این این

مغربی بنگال میں جوں جوں اسمبلی الیکشن کے دن قریب آرہے ہیں، مرکزی ایجنسیوں کے چھاپوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اسی سلسلے کے تحت مغربی بنگال کے سابق رکن ا سمبلی محمد سہراب کے دفاتر، گھر اور مختلف ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مشترکہ طور پر چھاپہ مارا ہے ۔محمد سہراب کولکاتا میں پھلوں کے بڑے تاجرہیں اور ریئل اسٹیٹ اور ہوٹل کے کاروبار میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررکھی ہے ۔جانچ ایجنسیوں کے مطابق وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر  رہی  ہیں کہ کہیں ان کے تعلقات مویشی اسمگلروں سے تو نہیں ہیں؟اس کے علاوہ ان کے حوالے سے منی لانڈرنگ کی جانچ کی جارہی ہے  اور غیر آمدنی والے اثاثوں کی جانچ بھی کی جارہی ہے ۔
 خیال رہے کہ محمد سہراب پہلی مرتبہ راشٹریہ جنتادل کے ٹکٹ پر ۲۰۰۶ء میں مغربی بنگال اسمبلی میںپہلے تھے تاہم ابھی ان کا تعلق ریاست کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سے ہے۔مرکزی ایجنسیاں جس وقت چھاپہ ماررہی تھیں، اُس وقت محمد سہراب کی رہائش گاہ اور دفاتر کے باہر بڑی تعداد میں جی آر پی ایف کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق مرکزی ایجنسیاں یہ جاننے کی کوشش کررہی ہیںکہ ریاست میں بااثر افراد کے ذریعہ مویشیوں کی اسمگلنگ میں محمد سہراب بھی کسی طرح ملوث ہیں یا نہیں؟ اس کے علاوہ افسران  ان کی آمدنی کا ذریعہ معلوم کرنے کیلئے ان کے دستاویزات کی بھی تلاشی لے رہے ہیں۔سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن(سی  بی آئی) کی ایک ٹیم نے بدھ کی صبح  ہی مچھوا میں واقع ان کے ہوٹل اور دفتر میں تلاشی لی تھی۔ ذرائع کے مطابق وہاں بھی ان کے مختلف دستاویزات کی جانچ کی گئی۔
 واضح رہے کیہ انعام الحق نامی ایک تاجر اور بی ایس ایف کمانڈر ستیش کمار مویشیوں کی اسمگلنگ کے معاملے میں پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ان سے تفتیش کرنے کے بعد ، مختلف بااثر افراد اور کاروباری افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ ای ڈی ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کے افسران ان کے ٹھکانوں کا پتہ لگاکر وہاں پر چھاپے ماررہی ہیں۔ ان ایجنسیوں کا کہناہے کہ اس گھوٹالے میں نہ صرف تاجر بلکہ بارڈر سیکوریٹی فورس کے اعلیٰ عہدے داربھی ملوث ہیں ۔ خیال رہے کہ اسی معاملے میں اس سے قبل ترنمول کے ریاستی یوتھ لیڈراور رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی کے قریبی ساتھی ونے مشرا کے گھر اور دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK