Inquilab Logo

کاندیولی : ۲؍ افراد کی پٹائی اور سر منڈوانے کے الزام میں ۵؍ افرادگرفتار

Updated: January 10, 2021, 6:12 AM IST | Kazim Shaikh | Kandivali

کاندیولی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والی واردات انجام دی گئی ہے جس میں علاقے کے ۵؍ شرپسندوں نے چوری کے شک میں ۲؍ افراد کو ان کے گھر سے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے

Arrested - Pic : INN
گرفتاری کے علامتی تصویر : آئی این این

کاندیولی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والی واردات انجام دی گئی ہے جس میں علاقے کے  ۵؍ شرپسندوں نے چوری  کے شک  میں ۲؍ افراد کو ان کے گھر سے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے،  انھوں نے  پہلے  دونوں کی بے تحاشہ پٹائی کی اور بعد میں ان کے سرمنڈوا کر نیم برہنہ حالت میں  علاقے میں گھمایا۔  انھوں نے اس کی ویڈیو گرافی کرکے سوشل میڈیا پر وائر ل کردی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کو دیکھ کر  پولیس نے اس سلسلے میں ۵؍ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ 
 کاندیولی پولیس اسٹیشن کے تفتیشی انسپکٹر کدم  نے بتایا کہ یہ واردات کاندیولی کے مغربی علاقےکی ہے۔  موبائل فون کے  چوری کے شبہ میں علاقے کے۵؍ افراد ۲؍ مشتبہ چوروں کے گھر گئے اور انھیں ان کے گھر سے زبردستی  ڈرا دھمکاکر  اپنے علاقے میں لے آئے  ۔
 پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے ظلم وستم کی ساری حدیں پار کرتے ہوئے پہلے  دونوں کی بے تحاشہ پٹائی کی اور انہیں   زدوکوب کیا ۔ اس پوری واردات کا  ملزموںنے اقرار بھی کیا ہے ۔ 
 پولیس انسپکٹر کدم کے مطابق چوری کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن جانے کے بجائے ملزموں نے  سزا دینے اور دونوں مشتبہ ملزموں کے خلاف فیصلہ بھی سنانے کی کوشش کی ۔  فی الحال دونوں مشتبہ چور بھی پولیس کی   حراست میں  ہیں ۔ 
 پولیس  انسپکٹرنے مزید کہا کہ پانچوں   ملزموں نے موبائل فون چوری کے شبہ میں دونوں کے ساتھ  مارپیٹ کی تھی  اور انھوں نے ویڈیو میں یہ بھی  الزام لگایا کہ رات ۳؍بجے مکان میں گھس کر چوری کی واردات کو دونوں نے انجام دیا تھا ۔ جس میں ایک موبائل فون اور ۳۰؍  ہزار روپے چوری ہوگئے تھے ۔ اس چوری کی واردات میں ۳؍ افراد شامل تھے لیکن چوری کی واردات میں دونوں کی مدد کرنے والا تیسرا  ملزم  فرار ہے ۔ 
  پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے  پانچوں ملزمین کوگرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا  جہاں عدالت نے انھیں ۱۱؍ جنوری تک پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے ۔اس معاملےمیں پولیس نے ملزموں سے مزید پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔
 اس معاملے میں علاقے کے ایک شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ  ایک اعلیٰ پولیس اہلکار کی سنجیدگی  اور ان کی ہدایت کے بعد یہ کارروائی شروع کی گئی ہےورنہ  پولیس اہلکاروں  نے  اس جانب  پہلےکوئی توجہ نہیں دی تھی  ۔ پولیس کے اعلیٰ افسر  نے اس معاملے میں کاندیولی پولیس اسٹیشن کے کئی پولیس اہلکاروں کو اس طرح کے حساس معاملے میں  آئندہ لاپروائی نہ برتنے  کے لئے  تنبیہ بھی کی  ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK