Inquilab Logo

لوگوں کو لگتا ہے کہ کوئی ان کا دکھ سننےآیا، اسلئےحمایت مل رہی ہے

Updated: November 12, 2022, 11:33 AM IST | ZA Khan | Nanded

بھارت جوڑو یاترا کےاردھا پور پہنچنے پر کانگریس لیڈر کنہیاکمار کی پریس کانفرنس، کہاکہ راہل گاندھی پر لوگوں کو اعتماد ہے اسی لئے اس پدیاترا کو زبردست حمایت مل رہی ہے۔ یاترا میں لوگ اپنی روزمرہ کی زندگی میں درپیش مسائل کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

Kanhaiya Kumar and Atal Londhe can be seen expressing their thoughts at the race conference .Picture:INN
ریس کانفرنس میں کنہیا کمار اظہار خیال کرتے ہوئے ساتھ میں اتل لونڈھے دیکھے جاسکتے ہیں۔تصویر: انقلاب

’’جہاں تنوع میں اتحاد اس ملک کی پہچان ہے، اس شناخت کو مٹانے کا کام پچھلے کچھ سالوں سے کیا جا رہا ہے۔نفرت کے بیج بوکر سماج ،سماج میں، ذات پات مذاہب کو ایک دوسرے کے خلاف لڑاکر بی جے پی اپنی سیاسی روٹیاں سینک رہی ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری جیسے بڑے مسائل ہونے کے باوجود بی جے پی حکومت اس پرتوجہ نہیں دے رہی ہے۔ایسے ناگفتہ بہ حالات میں بھارت جوڑویاترا کے ذریعے ملک کو جوڑنےکیلئے نکلے راہل  گاندھی جی سے لوگوں کی اُمیدیں اور  توقعات  وابستہ ہیں،  اسی اعتماد کے باعث بڑی تعداد میں لوگ اس یاترا میں شامل ہورہے ہیں۔‘‘ ان خیالات کااظہار کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے کیا ہے ۔
 ناندیڑ ضلع کے اردھا پور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کنہیا کمار نے بھارت جوڑو یاترا کے مقصد کی وضاحت  کی اور ملک کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ’’ پدیاترا میں شریک لوگ اپنی روزمرہ کی زندگی میں درپیش مسائل کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔کسانوں کو گنے کی قیمت نہیں ملتی، زرعی پیداوار کو بھاؤ نہیں ملتا، اعلیٰ تعلیم کے باوجود نوکری نہیں ملتی، نوجوانوں کایہ حال ہے،لیکن امیت شاہ کے بیٹے کو نوکری ملتی ہے وہ بھی قواعد میں تبدیلی کرکے، اس کا غصہ نوجوانوں میں ہے۔ ان کے خواب بی جے پی حکومت چکناچور کررہی ہے یہ ان کا دُکھ ہے۔‘‘  کنہیا نے یہ بھی کہا کہ  مہنگائی نے خواتین کے کچن کے بجٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ ایسی جان لیوا مہنگائی میں جینا مشکل ہو گیا ہے۔جہاں عوام کے یہ مسائل ہیں، وہیں مرکز کی بی جے پی حکومت ان بنیادی مسائل کو چھو تک نہیں رہی ہے  عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے  دیگر مسائل کو اہمیت دی جارہی ہے۔ حکومت عوام کی نہیں سن رہی ہے لیکن راہل جی  عوام کے مسائل، درد اور تکالیف کو سن رہے ہیں۔لوگوں کو لگتا ہے کہ کوئی ان کا دکھ سننے آیا ہے۔ کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے مزید کہاکہ بھارت جوڑو یاترا کا مقصد خالص اور صاف ہے ، ملک کو توڑنی والی طاقتوں کو ملک جوڑنے کے ذریعے جواب دیا جارہاہے اور اس کام کو عوام کی طرف سے زبردست حمایت وپزیرائی مل رہی ہے۔ اس یاترا کا مقصد صرف الیکشن جیتنا نہیں بلکہ عوام کو اعتماد دلانا بھی ہے،ملک کے اتحاد کو برقرار رکھنا ہے۔لوگ اب سمجھ گئے ہیں کہ آپس میں لڑنے کے بجائے مہنگائی، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کے حل کےلئے  لڑنا چاہیے۔ اس پریس کانفرنس میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان اتل لونڈھے  و دیگر موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK