Inquilab Logo

کانپور :ندیوں کے تحفظ کیلئے کھدائی کامنصوبہ ،ریت صاف کی جائے گی

Updated: June 03, 2021, 12:03 PM IST | Inquilab News Network | Kanpur

اس سلسلے میں چیف ترقیات افسر ڈاکٹر مہندر کمار نے ڈپٹی کمشنر منریگا کو ہدایت دی، منریگا کے تحت بے روزگار وں کو کام بھی ملے گا

This is the condition of a river. Picture: Inquilab
ایک ندی کی یہ حالت ہے۔ تصویر:انقلاب

اتر پر دیش کےکانپور ضلع میں ندیوں کے تحفظ کیلئےان کی کھدائی کی جائےگی ۔ اسی طرح ندی کے کنارے  بڑے پیمانے پر پیڑ لگائے جائیںگے۔   واضح رہےکہ  کانپور کی  پانڈو ندی، نون ندی، اٹک ندی اور ایشین ندی میں بڑی  مقدار میں  ریت جمع ہورہی ہے۔ ساتھ ہی یہ ندیاں ایک ایک کر کے غیر قانونی قبضہ کا شکار ہورہی ہیں۔ ایسی صورت میں ندیوں کو ان کے پرانی شکل میں لانے کیلئے ریت  صفائی کا کام کرایا جائے گا، تاکہ ان کا بہائو  برقرار رہے اور پانی کا تحفظ بھی ہوسکے۔ اس کے ساتھ ہی ان ندیوں کے کنارے پیڑ بھی لگائے جائیں گے اور ان کے بہائو کو جہاں کہیں روکا گیا ہوگا وہاں سے غیر قانونی قبضے کو بھی ہٹایا جائے۔ یہ کام منریگا کے تحت کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ روزگار بھی حاصل کرسکیں۔ مواضعات میں اس بار بڑے پیمانے پر پودے لگائے جانےکا منصوبہ ہے۔ کوشش ہے کہ منریگا کے تحت پیپل، برگداور نیم کے پودے بڑے پیمانے پر لگائے جائیں گے۔ اس کیلئے جگہ کا انتخاب بھی کیا جارہا ہے۔
  اس سلسلے میں کانپور کے چیف ترقیات افسر ڈاکٹر مہیندر کمار نے ڈپٹی کمشنر منریگا سے کہا ہے کہ وہ منریگا کے تحت بڑے پیمانے پر پودے لگوائیں۔ ندیوں کے کنارےبھی پودے لگائے جائیں اور ندیوں میں پڑی مٹی بھی صاف کرائی جائے۔ جہاں ضرورت ہو وہاں چیک ڈیم کی تعمیر بھی محکمہ آب پاشی سے کروائی جائے تاکہ ندیوں میں پانی رکے اور زمینی پانی کی سطح بڑھے۔ 
 ان کے مطابق شہری علاقہ میں نگر نگم کے ذریعہ پانڈو ندی کو صاف کرایا جائے گا جبکہ دیہی علاقہ میں منریگا کے تحت گائوں پنچایت کی جانب سے کام کرایا جائے گا۔ پانڈو ندی میں سب سے زیادہ غیر قانونی قبضہ ہے کچھ  افراد نے تو اسے پاٹ کر کھیت بنا لیا ہے۔ یہی حالت نون ندی اور اٹک ندی کی بھی ہے۔ اب منریگا سے ان ندیوں کی صفائی ہوگی تو کسانوں کو اپنے کھیتوں کی سنچائی  میں بھی آسانی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK