Inquilab Logo

کرناٹک کو نفرت کی تجربہ گاہ نہیں بننے دیں گے

Updated: October 24, 2022, 10:38 AM IST | Agency | Bengaluru

راہل گاندھی کا عزم، ریاست کو بی جےپی کی بدنظمی سے بھی بچانے کا نعرہ دیا

Rahul Gandhi with DK Shivakumar and Sada Ramya .Picture: PTI
راہل گاندھی ڈی کے شیوکمار اور سدا رمیا کے ساتھ ۔ تصویر: پی ٹی آئی

 اتوار کو بھارت جوڑو یاترا کے تلنگانہ میں داخل ہونے سے قبل کرناٹک میں  عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی  ریاست کو’’بی جےپی کی  نفرت کی تجربہ گاہ ‘‘ نہ بننے دینے کا عزم کیا۔ا نہوں نے ساتھ ہی کرناٹک کو  زعفرانی پارٹی کی بدنظمی سے بچانے کا بھی نعرہ دیا۔ راہل گاندھی نےکرناٹک کو امن کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی امن کے اس گہوارہ کو بی جےپی کے ذریعہ نفرت  اور بدنظمی کی تجربہ گاہ نہیں  بننے دے گی۔‘‘ انہوں نے  کہا کہ ’’اپنے ریاستی لیڈروں کی انتھک کوششوں  اور ریاست کی رنگارنگ تہذیب  وثقافت نیز کرناٹک کے عوام کی مدد سے وہ دن ضرور آئے گا جب ہم محبت، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی کرناٹک کی  اصل طاقت کا لوہا منوائیں گے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے کرناٹک میں  بھارت جوڑو یاترا کو ملنے والی غیر معمولی پزیرائی کیلئے عوام کا شکریہ ادا کیا۔  بھارت جوڑو یاترا اتوار کو کرناٹک میں اپنا سفر مکمل کرکے تلنگانہ میں داخل ہوگئی جہاں  دیوالی کے پیش نظر اسے ۳؍ دنوں کیلئے روک دیا گیا ہے۔    کیرالا سے شروع ہونے والی راہل گاندھی  کی بھارت جوڑو یاترا کو اب تک غیر معمولی حمایت ملی ہے۔  اس دوران وہ مسلسل آر ایس ایس اور بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو نشانہ بنارہے ہیں۔ کانگریس لیڈر کے مطابق بھارت جوڑو یاترا آر ایس ایس اور بی جےپی کی نفرت اور تشدد کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندوستان غریبوں  اور امیروں کے ہندوستان میں تقسیم ہوچکا ہے ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہمیں دو ہندوستان نہیں  چاہئیں، ہمیں ایک ہی ہندوستان چاہئے  جس میں سب کو انصاف اور روزگار  ملے نیز ملک میں بھائی چارہ کا ماحول ہو۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK