• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کشمیر : برف وباراں کے بعد موسم بہتر، کئی سڑکیں بند، درجہ حرارت مزید کم ہوا

Updated: November 12, 2024, 11:32 PM IST | Srinagar

برف باری سے تاریخی مغل روڈ، سری نگر- لیہہ شاہرا، کشتواڑ کے سنتھن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوگئی تھی تاہم بعد میں ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے

Tourists can be seen enjoying the change of weather by playing with snow in Gul Marg (Photo: PTI)
گل مرگ میں سیاح  برف سے کھیل کر موسم کی تبدیلی کا لطف اٹھاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں(تصویر:پی ٹی آئی)

 وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کے بعد منگل کو موسمی صورتحال میں بہتری واقع ہوئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ برف باری سے تاریخی مغل روڈ، سری نگر- لیہہ شاہرا، کشتواڑ کے سنتھن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوگئی تاہم بعد میں سری نگر- لیہہ شاہرا پر ٹریفک بحال کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ باقی سڑکوں پر بھی بحالی کا کام چل رہا ہے۔تاہم وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر-  جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل وحمل جاری ہے۔ ادھر بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) کی ایک ٹیم نے پولیس اور ضلع انتظامیہ کی مدد سے رازدان ٹاپ اور زڈکھس نالے پر گذشتہ شام برف میں پھنسی کم سے کم بیس گاڑیوں کو بچالیا۔ بانڈی پورہ-  گریز روڈ بھی تازہ برف باری کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند ہے تاہم اس پر بھی ٹریفک بحالی کے لئے کام شد و مد سے جاری ہے۔ وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس سے جہاں ایک طرف طویل خشک موسمی صورتحال کا خاتمہ ہوا وہیں  درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی۔
 وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۱؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۱۱ء۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۸ء۶؍ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں۱۳ء۴؍ ملی میٹر اور سرحدی ضلع کپوارہ میں ۱۲ء۰؍ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۲۳؍ نومبر تک بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ایک ترجمان کے مطابق وادی میں۱۲؍ سے۱۴؍نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں۱۵؍  اور ۱۶؍  نومبر کو ایک اور کمزور مغربی ہوا وادی میں داخل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں شمالی کشمیر اور وسطی کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں معمولی برف باری ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں۲۳؍  نومبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی کے میدانی علاقوں میں صبح اور شام کے وقت ہلکی دھند چھائی رہ سکتی ہے لہٰذا موٹر سواراحتیاط سے گاڑیاں چلائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK