Inquilab Logo

ہمیں ایسے بچوں کو تیارکرنا ہے جو ایک دوسرے کو انسان سمجھتےہوں،چاہےامیرہوں یاغریب

Updated: March 07, 2021, 1:01 PM IST | Agency | New Delhi

اروند کیجریوال کا دہلی کے لئے دیگر ریاستوں کی طرز پر اپنا ایجوکیشن بورڈ تیار کرنے کا اعلان، ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینے کا دعویٰ جس میں رٹنے سے زیادہ سمجھنے کا معمول ہو

Arvind Kejriwal .Picture:INN
اروند کیجریوال۔تصویر :آئی این این

 ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح اب قومی راجدھانی دہلی کا بھی علاحدہ تعلیمی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سنیچر کو  ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کابینہ نے نئے تعلیمی بورڈ کے تشکیل کے فیصلے کو منظوری دے دی ہے۔ دہلی میں فی الحال سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈ ہیں۔ کیجریوال نے کہا کہ تعلیمی  سال ۲۲۔ ۲۰۲۱ءمیں ہی کچھ اسکولوں میں نئے بورڈ کے تحت تعلیم شروع ہو جائے گی۔
 کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکول ایک احساس کمتری کا شکار تھے لیکن جب ہم نے بجٹ کا ۲۵؍ فیصد تعلیم پر خرچ کرنا شروع کیا تو مثبت تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا اور اساتذہ کو بیرون ملک تربیت کے لئے بھیجا۔ ہم نے اپنے طلبہ کو بیرون ملک بھیجنا شروع کیا اور فزکس، کیمسٹری کے اولمپیاڈ میں شرکت دلائی۔ کئی مقامات سے ہمارے دہلی کے بچے میڈل جیت کر لوٹے ہیں۔‘‘کیجریوال نے مزید کہا، ’’ہم نے پرنسپلوں کو بااختیار بنایا۔ ابھی تک ہر اسکول کے اندر ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کا بہت زیادہ دخل ہوتا تھا۔ چھوٹی چھوٹی چیزوں کیلئے ڈائریکٹریٹ سے منظوری لینی ہوتی تھی لیکن اب ہم نے پرنسپل کو اختیارات دیئے ہیں اور خرچ کرنے کے اختیار کو ۵؍ ہزار سے ۵۰؍ ہزار تک کر دیا ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب یہ طے کرنے کا وقت آ گیا ہے کہ ہمارے اسکولوں میں کیا پڑھایا جا رہا ہے اور کیوں پڑھایا جا رہا ہے؟  اس دوران اروند کیجروال  نے تین اہداف کی نشاندہی کی، جو نیا تعلیمی بورڈ حاصل کرے گا۔
 انہوں نے بتایاکہ’’ ہمیں ایسے بچوں کو تیار کرنا ہے جو محب وطن ہوں۔ ایسے بچوں کو تیار کرنا ہے، جو آنے والے وقت میں ملک کے کسی بھی علاقے میں ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار رہیں۔ ساتھ ہی     ہمارے بچے اچھے انسان بنیں، خواہ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، امیر ہوں، غریب ہوں، سب ایک دوسرے کو انسان سمجھیں۔ ایک طرف اپنے کنبے کی دیکھ بھال کریں اور دوسری طرف معاشرے پر بھی توجہ دیں۔ کیجریوال کا کہنا تھا کہ’’    بڑی بڑی ڈگریاں لینے کے بعد بھی بچوں کو نوکریاں نہیں مل رہی ہیں لیکن یہ بورڈ ایسا تعلیمی نظام تشکیل دے گا کہ بچے اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے تاکہ جب وہ اپنی تعلیم سے فارغ ہوں تو  در در کی ٹھوکریں نہ کھائیں بلکہ بر سر روزگار ہوں۔
 اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ دہلی کا نیا بورڈ ایسا تعلیمی نظام تشکیل دے گا  جو بچوں کو کتابیں رٹنے پر مجبور نہیں کرے گا بلکہ انہیں سمجھنے پر آمادہ کرے گا۔ وہ جو بھی پڑھیں گے سمجھ کر پڑھیں گے۔ یاد رہے کہ اروند کیجریوال نے دہلی میں اپنے دور اقتدار کے دوران تعلیم کو مفت کر دیا ہے جبکہ سرکاری اسکولوں کی حالت بھی پرائیویٹ اسکولوں کی طرح بہتر  ہو چکی ہے۔کیجریوال کے مطابق نئے بورڈ کی تشکیل کا مقصد شہر میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنا اور بچوں میں حوصلہ پیدا کرنا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK