سماجی کارکن نے بچی کے تعلیمی اخراجات کو برداشت کرنے کی پیشکش کی، حملہ آور طالب علم کی کونسلنگ، کہا کہ ’’اب ملوں گا تو ساری بول دوں گا‘‘
EPAPER
Updated: November 05, 2026, 12:55 PM IST | Inquilab News Network | Chandigarh
سماجی کارکن نے بچی کے تعلیمی اخراجات کو برداشت کرنے کی پیشکش کی، حملہ آور طالب علم کی کونسلنگ، کہا کہ ’’اب ملوں گا تو ساری بول دوں گا‘‘
ہریانہ میں پنچکولہ کے اسکول میں ۲۸؍ اکتوبر کو تیسری جماعت کے طالب علم کے ہاتھوں انتہائی بے رحمانہ تشدد کا شکار ہونےوالی ۶؍ سالہ بچی کو صحت یابی کے بعد بدھ کو اسپتال سے رخصت کردیاگیا۔ اس کا اہل خانہ اور پڑوسیوں نے کسی پری کی طرح خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ تیسری جماعت میں پڑھنے والے لڑکے نے بچی کو جس کے والد کا نام راشد ہے، پیٹتے ہوئے پہلے تو اس کا سر کئی بارڈیسک پر پٹخا پھرجب وہ زمین پر گر گئی تو لاتوں سے اس کے سر پر پہ در پہ حملہ کیا اور اس کے بعد بھی جی نہیں بھرا تو اینٹ اٹھا کر لایا اور۱۰؍ سے ۱۲؍ بار بچی کے سر کو کچلا اور پھر اس کے بیہوش ہوجانے کے بعد بھی اسے گھسیٹتا رہا۔ پوری واردات کمرہ جماعت کے سی سی ٹی وی میں قید ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فرانس: متعدد اسکول بند، ہزاروں افراد کے احتجاج میں شامل ہونے کی توقع
چندی گڑھ میں پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پی جی آئی ایم ای آر) کے ڈائریکٹر پروفیسر وویک لال نے بچی کی صحت یابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بچی اپنے والدین کے ساتھ گھر واپس آئی تو اس کا شاندار خیر مقدم کیاگیا ہے۔ بچی کے خیر مقدم کیلئے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ ہی سماجی تنظیموں کے اراکین بھی موجود تھے۔ ایک سماجی کارکن انل تھاپر نے بچی کی تعلیم کی مکمل ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ جب تک بچی اپنی تعلیم جاری رکھے گی، اس کے تمام تعلیمی اخراجات وہ برداشت کریں گے۔
اس بیچ حملہ کرنےوالے ۸؍ سالہ لڑکے کی کونسلنگ ہورہی ہے۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ اس کے مزاج میں یہ جارحیت کہاں سے آگئی۔ کونسلنگ کے دوران لڑکے نے کہا کہ اب وہ لڑکی سے ملے گا تو ساری بول دیگا۔