Inquilab Logo

خدام الحجاج اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے خدمات انجام دیں

Updated: February 17, 2020, 11:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج ہاؤس میں ملک بھر سے آنے والے ۶۰۰؍خدام الحجاج کی ۲؍روزہ تربیت کا آغاز۔ پہلی قسط جمع کرانے کی تاریخ میں۲۵؍ فروری تک توسیع۔ آج مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کئی سہولتوں کا افتتاح کریں گے

حج ہاؤس میں خدام الحجاج کے تربیتی سیشن  میں شریک افراد۔ تصویر: انقلاب
حج ہاؤس میں خدام الحجاج کے تربیتی سیشن میں شریک افراد۔ تصویر: انقلاب

 ممبئی : خدام الحجاج  کی ۲؍ روزہ تربیتی سیشن کا اتوار کی صبح آغاز ہوا۔  اس تربیتی سیشن میں ملک بھر سے۶۰۰؍  سے زائد  ضلع سطح کے ٹرینرس آئے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ یہاں سے تربیت حاصل کرکے اپنے اپنے علاقوں کے حجاج کو ٹریننگ دیں گے تاکہ انہیں حج کے دوران زبردست بھیڑ بھاڑ میں ارکان کی ادائیگی میں بھی آسانی ہو۔ ان ٹرینرس کو یہ بتایاجارہا ہے کہ ان کی ذمہ داری کیاہے اور اس کا بنیادی مقصد کیا ہے نیز اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے تئیں ان کی کس طرح کی جواب دہی ہے۔ حج کے دوران اگر کوئی حاجی بیمار ہوجائے تو وہ کہاں رابطہ قائم کریں ،جو اپنوں سے بچھڑ جائے تو اس کو کس طرح تلاش کیا جائے، سامان غائب ہوجائے تو کہاں رابطہ قائم کیا جائے ۔
 اسی طرح فائر عملہ اور بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق عملہ نے فائر سیفٹی اور بھیڑبھاڑ کے دوران متعدد احتیاطی تدابیر بتائیں۔ اس دوران شیخ جینا نبی (چیئرمین حج کمیٹی) ڈاکٹر مقصود احمد خان (سی ای او) وائی صابر (قونصل حج جدہ ) آئی اے ایس آئی آر ایس اور آئی پی ایس افسران جنید احمد ،سلمان احمد ، ذہیب احمد، عبدالجبار مجاور، عبدالرشید میر،  مہیش نارویکر(بی ایم سی)،  مفتی اشفاق قاضی اور مولانا نسیم وغیرہ نے ٹرینرس کی رہنمائی کی اور ماڈل کی مدد سے بھی ان کو احتیاطی تدابیر سمجھائیں
آخری تاریخ میں توسیع
 حج۲۰۲۰ء   کے لئے منتخب ہونے والے عازمین کو پہلی قسط پیشگی رقم کے طور پر جمع کرانے کی تاریخ میں۲۵؍  فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔  اس سلسلے میں مرکزی حج کمیٹی کے ممبر ابراہیم شیخ عرف بھائی جان کی طرف سے بھی مطالبہ کیا گیاتھا۔ پہلے آخری تاریخ۱۴؍فروری تھی۔ ۱۰ ؍ دن کی توسیع سے عازمین کو سہولت ہوگی۔
آج مختلف سہولتوں کا افتتاح
  مرکزی وزیربرائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی حج ہاؤس میں آئی اے ایس طلبہ اور حجاج سے متعلق کچھ سہولتوں کا افتتاح کریں گے۔ وہ مکہ مکرمہ حرم پاک اورمدینہ کے توسیعی منصوبوں کی روشنی میں بنائے گئے نئے ماڈل کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس سے عازمین کو یہ سہولت ہوگی کہ وہ حج پرجانے سے قبل اسے دیکھ اور سمجھ کر اس کے مطابق سہولت حاصل کرسکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK