Inquilab Logo

کوکن : سیاحت کے فروغ  کی ایک اور کوشش ،ممبئی سے کاشید کیلئے فیری خدمات جلد

Updated: July 12, 2022, 10:28 AM IST | murud

ایشیاء کا پہلا انڈین ہائی اسپیڈ کرافٹ روپیکس کروز’کوکن گورو‘ جلد ہی خطہ کے سمندر میںاترے گا، ۵؍ گھنٹے کاسفر۳؍ گھنٹے میںممکن ہو سکے گا

A conceptual sketch of the cruise service starting January 2.
جنوری ۲۰۲۳ء سے شروع ہونے والی کروز سروس کا ایک تصوراتی خاکہ ۔(تصویر،انقلاب )

:مرکزی وریاستی حکومتوں ، بندرگاہ اتھاریٹیز کے تعاون سے گورو کروز پرئیویٹ لمیٹڈ نے خطہ کوکن میں آبی سفر سے متعلق ایک بہت بڑا پروجیکٹ متعارف کرایا ہے۔ خطہ کوکن میں آبی گزر گاہوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جلد ہی ’کوکن گورو‘ نامی ہائی اسپیڈ کروز سمندر میں اتارا جائے گا۔یہ فیری خدمات ممبئی سے کاشید ہوتے ہوئے دیگھی تک رہے گی ۔ یہ ایشیاء کا پہلا انڈین ہائی اسپیڈ کرافٹ روپیکس کروز ہوگا جو جلد ہی کوکن کے سمندر میں داخل ہو گا ۔ یہ انتہائی جدید، پرکشش ،تیز رفتار کرافٹ ہوگا  جو سفر کے وقت کو ساڑھے پانچ گھنٹے  سے۳؍ گھنٹہ کر دے گا ۔مذکورہ بندرگاہوں کے درمیان کل ۴۹؍ ناٹیکل میل کا سفر طے ہوگا ۔واضح رہےکہ یہ سفرخطے میں نقل و حمل کا سب سے محفوظ سفر مانا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ یہ کروز جنوری ۲۰۲۳ءتک فعال ہو جائے گا۔ کروز میں۲۶۰؍ مسافروں، ۲۰؍گاڑیوں اور ۱۱؍موٹر سائیکلوں کو لے جا نے کی گنجائش ہوگی اور اس میں ایئر کنڈیشنڈ بزنس اور وی آئی پی کلاسیز بھی موجود  ہوںگے۔ یہ لاجسٹک، سفر، سیاحت اور تفریح کیلئے ایک کثیر المقاصد کروز ہوگا۔اس ضمن میں ہونے والی ایک مختصر تقریب  رائے گڑھ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مہندر کلیانکر، گورو کروز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف پروموٹر ڈائریکٹر گوتم پردھان، مہندرلائف اسپیس ڈیولپرز لمیٹڈ اور مہندر ہالی ڈے اینڈ ریزورٹس لمیٹڈکے چیئرمین ارون نندا ، مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرامیت سینی ،ڈائریکٹر جنرل آف انڈین شپس اینڈ ریگولیٹرز اینڈ آئی آر ایس امیتابھ کمار ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ٹرانسپورٹ اور پورٹس آشش کمار سنگھ، رجسٹریشن اور ڈاک ٹکٹ کے انسپکٹر جنرل شراون ہارڈیکر اورپروموٹنگ ڈائریکٹر، گورو کروز پرائیویٹ لمیٹڈ پشکر بیندرے موجود تھے۔
 اس سلسلے میں گوتم پردھان نے کہاکہ یہ روپیکس دوسروں کیلئے ایک مثالی ہوگا۔ شریوردھن میں ان کے ریزورٹ تک ممبئی سے روپیکس کے ذریعے ساڑھے ۳؍ گھنٹے میں اور جوہو سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ۴۵؍منٹ میں پہنچا جاسکتا ہے۔یہ ملک کا واحد ریزورٹ ہے جو نقل و حمل کے تینوں ذرائع سے منسلک ہوگا۔ یہاں خشکی کے راستے سے بھی پہنچا جاسکتا ہے اورآبی گزرگاہ اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی۔گوتم پردھان نے کہا کہ بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے اس  پروجیکٹ کو ممکن بنانے کیلئے تمام سرکاری افسران نے ان کی رہنمائی اور مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ  خطہ کوکن میں عالمی معیار کی سیاحت پیدا کرنے کی ہماری آرزو ہے۔ پشکر بیندرے نے کہا کہ یہ ہائی روپیکس کرافٹ مہاراشٹر کے مغربی حصے میں آبی گزرگاہوں کے نظام اور سیاحت کو نئی سمت عطا کرے گا۔ کاشد اور دیگھی کے لئے شروع ہونے والی یہ کروز سروس  خطے کی ترقی میں اہم رول ادا کرےگی۔  بیندرے نے نقل و حمل کے اس موڈ کے متعدد فوائد بتاتے ہوئے کہ اس سے سفر کے اوقات میں کمی آئے گی،سازو سامان کی لاگت میں کمی آئے گی اورٹرانسپورٹ کے روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں آلودگی میں کمی آئے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK