Inquilab Logo

کرلا:جری مری میں گیس سلنڈر کےرساؤ سے آتشزدگی، دادی اور پوتی ہلاک

Updated: November 26, 2020, 7:22 AM IST | Kazim Shaikh | Kurla

ایک ہی گھر کے۴؍ افرادبھی جھلس گئے۔ حالت ناز ک ۔ ۶۰؍ سالہ مہلوک بچوں کووطن لے جانے کیلئے ۲؍ روز قبل ہی ممبئی آئی تھی ۔اندوہناک حادثہ کے سبب علاقے میں ماحول سوگوار

JariMari Kurla, Pic : Inquilab
جری مری کرلا، تصویر : انقلاب

یہاں اندھیری کرلا روڈپرجری مری علاقے  میں رات کو گھر میں  رسوئی گیس کے رساؤ کی وجہ سے   زوردار دھماکہ کے ساتھ اس وقت آگ لگ گئی جب خاتون نے   چولہا جلانے کی کوشش کی ۔  اس حادثے میں  ۶۰؍ سالہ خاتون  اور اس کی  ۱۶؍سالہ پوتی کی موت ہوگئی جبکہ گھر کے دیگر ۴؍ افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت  نازک بتائی جارہی ہے ۔ اندوہناک حادثے میں ۴؍سالہ بچی، ۱۴؍ سالہ معذور لڑکا اور ان کی ماںمحفوظ رہے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ پولیس نے حادثے کا معاملہ درج کرلیا ہے ۔
 جری مری میں  اندھیری کرلا روڈ پر واقع کہکشاں ہوٹل کے پیچھے جگتاپ اسٹیٹ کی جگتاپ واڑی میں محمد انیس خان (۴۵)  بیوی شہزادی خان (۴۲) اور ۶؍بچوں کے ساتھ رہتا ہے ۔ وہ اسی علاقے کے پٹیل اپارٹمنٹ کے قریب  ٹھیلے پر موسمبی کا شربت فروخت کرتا ہے ۔  ایک  پڑوسی نے بتایا کہ منگل کی رات تقریباً ۸؍بجے انیس معمول کے مطابق شربت کی گاڑی پر اپنے معذور بیٹے دانش خان (۱۳) کو بٹھاکر گھر پر کھانے کیلئے آیا تھا ۔ اس وقت اس کی سب سے چھوٹی بیٹی عنایہ خان (۴) گھر کے باہر کھیل رہی تھی ۔ گھر کے دیگر افراد گھر میں تھے اور کھانا بنانے کے دوران سلنڈر کا گیس ختم ہوگیا ۔انیس کی بیوی شہزادی خان (۴۲) نے گھر میں رکھے ہوئے  دوسرے گیس سلنڈر پر ریگولیٹر  لگانے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوگئی  ۔ حالانکہ وہ ہمیشہ  ریگولیٹر خود ہی گیس سلنڈر پر لگالیتی تھی۔  انیس خان نےاس کے ہاتھ سے ریگولیٹر لے کرخود سلنڈر پر لگادیا لیکن وہ صحیح طریقے سے نہیں لگ سکا تھا   ۔ اسی دوران بات چیت کرتے ہوئے شہزادی خان نے جیسے ہی  لائٹر  سے گیس کا چولہا جلانے کی کوشش کی تو سلنڈر سے گیس کے اخراج کی وجہ سے زوردار دھماکہ کے ساتھ گھر میں آگ لگ گئی  اور تیزی کے ساتھ پھیل گئی ۔چونکہ کچن گھرکے دروازے سے ہی  لگا ہواتھا  اس لئے اہل خانہ کو گھر سے نکلنے میں دقتوں کا سامناکرنا پڑا۔  اس حادثہ میں گھر میں موجود ۶؍ افراد جھلس گئے  ۔ البتہ شہزادی محفوظ رہی ۔ 
 مقامی افراد  کے مطابق  یوپی کے ضلع فتح پور سے ۲؍ روز پہلے عائشہ خان (۶۰)  اپنے بچوں کو گاؤں لے جانے کیلئے ممبئی آئی تھی ، وہ بھی اس حادثے میںشدید جھلس گئیں ۔  عائشہ خان ( بچوں کی دادی ) انیس احمد خان (۴۵) ، شفا خان (۱۶) ، الماس خان  (۱۵)،  ثانیہ خان (۱۴) اور ریحان خان (۸) کو جھلسی ہوئی حالت میں گھاٹ کوپر کے راجا واڑی اسپتال لے جایا گیا  جہاں علاج کیلئے دوران عائشہ خان اور الماس خان کا انتقال ہوگیا ۔ الماس کرلا کے مائیکل اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ۱۱؍ ویںکی  طالبہ تھی ۔شفا ، ثانیہ اور ریحان بھی  مائیکل اسکول میں ہی زیر تعلیم ہیں ۔ 
 ایک مقامی شخص نے بتایا کہ   شہزادی خان ، دانش خان اور عنایہ خان اس حادثہ میں محفوظ رہے ۔ حادثہ کے وقت دونوں بچے گھر میں نہیں تھے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جری مری میں کرلا اندھیری روڈ پر کہکشا ں ہوٹل کے سامنے ہمیشہ ٹریفک رہتا ہے اور حادثے کے وقت گاڑیاں رینگ رہی تھیں ۔ اسی وجہ سے فائربریگیڈ کوآنے میں تھوڑی تاخیر ہوئی ۔ فائر بریگیڈ نے گھر سے  زخمیوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا ۔ 
  اس ضمن میں ساکی ناکہ پولیس اسٹیشن کے ایک  افسر نے بتایا کہ جانچ کے دوران پتہ چلا ہے کہ آگ سلنڈر سےگیس کے رساؤ کی وجہ سے لگی تھی اور یہ ایک حادثہ تھا جس میں ایک ہی گھر کے ۶؍ افراد زخمی ہوگئے   ۔ اس  حادثے میں گھر کا تمام سامان خاکستر ہوگیا ہے ۔ 
 پولیس حادثے کے اس معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔ مہلوکین کی لاشیں راجا واڑی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK