Inquilab Logo

کرلا :اسکریپ مارکیٹ میں گیس سلنڈر سے ویلڈنگ کے دوران آگ لگی تھی

Updated: April 09, 2021, 1:01 PM IST | Agency | Mumbai

سروے کے مطابق ۱۵۰؍ سے زائد دکانیں اور گودام خاکستر ہوئے ۔عینی شاہد کے مطابق ایک چنگاری شعلہ بن گئی اور اسے چھوڑ کرمزدور فرا ر ہوگئے

Warehouse destroyed in scrap market fire.Picture: Inqilab, Syed Sameer Abidi
اسکریپ مارکیٹ میں بھیانک آتشزدگی میں تباہ ہونے والے گودام تصویر: انقلاب ، سیّد سمیرعابدی

یہاں کرلا اسکریپ آٹو موبائل پارٹس مارکیٹ میں بدھ کی شام تقریباً  ۴؍بجے لگنے والی آگ میں ۱۵۰؍ گودام اور دکانیں خاکستر ہو گئی ہیں ۔اس حادثہ میں کروڑوں روپے کےنقصان کا اندیشہ ہے  ۔ پولیس، بی ایم سی اور فائر بریگیڈ کی جانب سے خاکستردکانوں اور گوداموں کا سروے جاری ہے۔  فائر بریگیڈ کے ایک افسر کے مطابق ایک گودام میں دو منزلہ بنانے کیلئے گیس سلنڈر سے ویلڈنگ کا کام چل رہا تھا اور ایک چنگاری نے پوری مارکیٹ کو شعلے میں تبدیل کردیا ۔ آگ لگتے ہی وہاں کام کرنے والے تینوں افراد گیس سلنڈر وغیرہ  چھوڑ کر بھاگ  گئے ۔عینی شاہد کے مطابق اس سے پہلے اسی گودام میں کام کرنے کے دوران ۲؍مرتبہ  آگ چکی ہے لیکن پڑوس کے لوگوں نے اس پر قابو پالیا تھا ۔ واضح رہے کہ کرلا مغرب میں سی ایس ٹی روڈ پر واقع  کرلا اسکریپ مارکیٹ کے آٹوموبائل کے ایک گودام میں اچانک  لگنے والی آگ  میں ۱۵۰؍  سے زائد دکانیں اور گودام خاکستر ہوگئے ۔ یہ آگ مبینہ طورپر ویلڈنگ کرنے والے مزدوروں کی لاپروائی سے لگی تھی ۔جائے وقوع پر موجود   اور حادثہ   کے عینی شاہد پھولچند کمار ہریجن نے نمائندہ ٔ انقلاب اور فائر افسران سے بات چیت کرتے ہوئے  بتایا کہ گلاب شاہ اسٹیٹ گلی نمبر ۴؍ کے ایک گودام میں دوسرا منزلہ تعمیر کرنے کیلئے لوہے کے اینگل وغیرہ ڈال کر کئی دنوں سے گیس سلنڈر سے ویلڈنگ وغیرہ کا کام چل رہا تھا ۔ آس پاس کے علاقے میں کیمیکل اور آئل وغیرہ کے گودام تھے ۔ اچانک لگنے والی آگ سے آس پاس کے علاقے میں افراتفری مچ گئی ۔دکاندار اور گودام کے مالکان اپنی جان بچانے کیلئے وہاں سے بھاگ نکلے ۔  انہوں نے کہا کہ  اگر ویلڈنگ کے دوران  احتیاطی اقدامات کئے گئے ہوتے تو شاید یہ حادثہ پیش نہ آتا ۔ 
 جائے وقوع پر موجود صادق علی نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گلاب شاہ اسٹیٹ  کے گلی نمبر ۴؍ میں ایک گودام میں متین شیخ منیجر اپنے ۲؍ ورکروں کے ساتھ ایک گودام میں  ویلڈنگ کا کام کروارہے تھے ۔ اس گودام میں کیمیکل اور آئل بہت بڑی مقدارمی گرا ہوا تھا ۔ ویلڈنگ کے دوران ایک چنگاری نیچے گری اور  وہ شعلہ بن کر بھڑک اٹھی پھر  دیکھتے ہی دیکھتے  اس  چنگاری نے ۱۵۰؍ دکانوں اور گوداموں کو راکھ میں تبدیل کردیا ۔ کرلا اسکریپ مارکیٹ میں ۱۰۰؍ سےزائد گوداموں کے مالک افروز ملک سے بات چیت کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ ’’میرے بھی تقریباً ۳۵؍ گودام خاکستر ہوگئے ہیں اور تمام گودام کرایے پر دیئے گئے تھے ۔ میرے بغل کے گالے میں جھاڑووغیرہ تیار کی جاتی تھی ۔ اس میں بھی آگ پھیل گئی تھی اور آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کی ہدایت پر بی ایم سی عملہ نے تقریباً ۲؍ ہزار فٹ کا گودام نہ صرف منہدم کردیا بلکہ وہاں سے تقریباً ۵؍ ٹن لوہے کے اینگل وغیرہ بھی اٹھالے گئے ۔اس ضمن میں فائر بریگیڈ کے افسر پوار سے بات چیت کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ آگ گیس سلنڈر سے ویلڈنگ کے دوران لگی تھی اور گلاب شاہ اسٹیٹ باردان گلی میں  ۴۰؍ دکانیں ، ایم کے کمپاؤنڈ میں ۳۲؍ گودام اور پائپ والی گلی میں  ۴۵؍ دکانوں کے علاوہ مزید گودام  خاکستر ہوگئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائربریگیڈ کی جانب سےجلی ہوئی دکانوں اور گودام کا سروے کیا جارہا ہے۔ اسی طرح پولیس اور بی ایم سی بھی حادثہ کا شکار ہونے والی  دکانوں کا سروے کررہی ہے۔ 
  جائے وقوع پر پولیس کا بندوبست رکھاگیا ہے اور حادثہ کے بعد سے احتیاطاً علاقے میں بجلی سپلائی منقطع کردی گئی ہے اس کے علاوہ دکاندار اور گودام کے مالکان اپنی جلی ہوئی اشیاء کو دکانوں سےنکال کر اس کی صفائی وغیرہ میں مصروف  ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق اس آتشزدگی کے دوران کروڑوں روپےکا نقصان ہوا ہے ۔ پولیس  اس حادثہ کی انکوائری کررہی ہے ۔ 

mumbai kurla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK