Inquilab Logo

انجکشن کا اسٹاک نہ ہونے سے معمرافراد کو دقتیں

Updated: May 05, 2021, 8:45 AM IST | saadat khan | Mumbai

؍سال سے زیادہ عمر کے جن افراد نے گزشتہ ماہ پہلا ٹیکہ لگوایاتھا، انہیں دوسراٹیکہ لگوانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بیشتر۴۵ سرکاری اسپتالوں یا کووڈ سینٹروں پراپوائنٹمنٹ نہیں دیاجارہاہے۔ ایک سے ڈیڑھ مہینے تک اپوائنٹمنٹ بُک ہے

Crowds are seen at Naira Hospital for immunization from Corona.Picture:Inquilab
کورونا سے حفاظت کے ٹیکے کیلئے نائراسپتال میں بھیڑ نظر آرہی ہے۔ تصویر انقلاب

 کوروناوائر س سےحفاظت کیلئے دیئے جانے والے ٹیکوں کا اسپتالوںمیں ذخیرہ نہ ہونے سے ۴۵؍سال سے زیادہ عمر کے جن افراد نے گزشتہ ماہ اپریل میں پہلا ٹیکہ لگوایاتھا، انہیں دوسرا ٹیکہ لگوانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ انہیں بیشتر سرکاری اسپتالوں یا کووڈ سینٹروں پر اپوائنٹمنٹ نہیں دیاجارہاہے۔ ایک سے ڈیڑھ مہینے تک اپوائنٹمنٹ بُک دکھایا جا رہاہے جس کی وجہ سے ان میں اس تعلق سے بے چینی پائی جارہی ہے کہ ۲۸؍دن کےبعد انہیں دوسراٹیکہ لگوانا تھا  اور یہ مدت گزر جانے سے کوئی مسئلہ نہ پیدا ہوجائے ۔ اس طرح کے خوف سے وہ ذہنی دبائو کا شکار بھی ہورہے ہیں۔وہ پرائیویٹ اسپتالوںمیں پیسہ خر چ کرکے انجکشن لگوانےکیلئے تیار ہیں مگر پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی انجکشن نہ ہونے سے ان کی مشکلیں بڑھ گئی ہیں ۔ 
 بائیکلہ کے سماجی کارکن تاجن  بیئرنگ والا نے بتایا کہ  ’’میر ی ۶۴؍سالہ والدہ کو پہلا ٹیکہ لگائے ہوئے ۳۲؍ دن ہوچکے ہیں۔ حالانکہ ۲۸؍دن بعدانہیں دوسراٹیکہ لگوانا چاہئے مگر اسپتالوں میں ٹیکہ نہ ہونے سے اب بھی یہ طے نہیں ہے کہ انہیں دوسرا ٹیکہ کب لگے گا۔ہم گزشتہ ایک ہفتے سے متواتر کوشش کررہے ہیں کہ ہمیں کسی اسپتال کا اپوائنٹمنٹ مل جائے مگر جن جن اسپتالوںکیلئے کوشش کی ، ہر اسپتال کا اسٹیٹس بُک دکھائی دے رہاہے جس سے ہم سب بہت پریشان ہیں۔ میری والدہ بار بار دریافت کررہی ہیں لیکن میں انہیں کوئی جواب نہیں دے پارہاہوں۔ حالانکہ میں پرائیویٹ  اسپتال میں بھی ٹیکہ لگوانے کیلئے تیار ہوں مگران اسپتالوں میںبھی انجکشن نہیں ہے جس سے بڑی پریشانی ہورہی ہے ۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’صرف میں ہی دوسرے ٹیکے کیلئے پریشان نہیں ہوںبلکہ ہماری کمیونٹی کے سیکڑوںعمررسیدہ افراد ٹیکہ کیلئے اپوائنٹمنٹ نہ ملنے سے مایوسی کا شکارہیں۔اس تعلق سے ہم نے بالخصو ص بوہرہ فرقے کیلئے  ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیاہے جس پر ٹیکہ کی عدم دستیابی سے متعلق روزانہ سیکڑوں فون  آتےہیں ۔ انجکشن نہ ملنے سے لوگ کافی مشکل میں ہیں۔ ‘‘
 ورلی کے ۵۰؍ سالہ لکشمن سنگھ ٹھاکور کےمطابق ’’ میں نے مارچ کے آخر ی ہفتہ میں نائر اسپتال میں پہلاٹیکہ لگوایاتھا۔ ڈاکٹرو ںنے مجھے ۴۵؍دن بعد دوسرا ٹیکہ لگوانےکا مشورہ دیا تھا جس کے مطابق ۶؍مئی کو مجھے دوسرا ٹیکہ لگواناہے مگر گزشتہ ایک ہفتہ سے میں شہر ومضافات کے متعدد اسپتالوںمثلاً نائر، کے ای ایم اور سیون ہل اسپتال ( مرول) میں اپوائنٹمنٹ حاصل کرنےکی کوشش کررہا ہوں مگر کسی اسپتال کا اپوائنٹمنٹ نہیں ملا ہے۔ اس تعلق سے جاری ایپ پربھی کوشش کی لیکن ایپ پر جن اسپتالوں کی تفصیلات درج ہیں ، ان میں جون کے وسط تک اپوائنٹمنٹ بُک دکھائی دے رہاہے۔ ‘‘  
 میٹروسنیما دھوبی تالاب کے قریب رہائش پزیر ایک وکیل نے بتایاکہ ’’ میری ۴۵؍سالہ اہلیہ کو ۲۸؍ دن بعد دوسرا ٹیکہ لگوانا ہے مگر اس کیلئے اپوائنٹمنٹ حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے برابر ثابت ہورہا ہے۔ کاما اور نائر اسپتال کے علاوہ ۲؍ پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی کوشش کی جاچکی ہے مگر کہیں بھی اپوائنٹمنٹ نہیں مل رہاہے ۔ ہیلپ لائن نمبر پر کال کرنے پر بعد میں فون کرنےکی ہدایت دی جاتی ہے اور بعدمیں فون کرنے پر کہا جاتاہےکہ انجکشن آئے گا تو اطلاع دی جائے گی۔ پورٹل پر اپوائنٹمنٹ کی درخواست قبول نہیں کی جارہی ہے ۔‘‘
 میڈیکل سوشل ورکر شعیب ہاشمی نے بتایاکہ ’’ ان دنوں اسپتالوںمیں صرف ۱۸؍تا ۴۲؍سال کے افراد کو انجکشن دیا جارہا ہے  جبکہ اس سے زیادہ عمر کے جن افراد نے گزشتہ مہینے پہلا ٹیکہ لیاتھا ، انہیں  اسٹاک نہ ہونے سے ٹیکہ نہیں دیاجارہاہے  جس سے بیشتر افراد پریشان ہیں۔ ان میں عمررسیدہ افراد کی تعداد زیادہ ہے جو متعدد اسپتالوںکا چکر کاٹ رہے ہیں مگر انہیں دوسراٹیکہ نہیں دیاجارہاہے۔‘‘
 نائر اسپتال کی ایک ڈاکٹر نے بتایاکہ ’’ فی الحال ہمارے اسپتال میں ۱۸؍تا ۴۲؍ سال کی عمر کے افراد کو انجکشن لگایا جارہا ہے ۔ اس سے زیادہ عمر کے لوگو ں کو انجکشن نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکہ نہیں لگایاجارہاہے ۔‘‘ اسپتال کے ڈین ڈاکٹر رمیش بھارمل نےفون ریسیونہیں کیااور وہاٹس ایپ میسیج کابھی  جواب نہیں دیا۔

vaccine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK