Inquilab Logo

لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں کانگریس مہم کی پوسٹر گرل بی جے پی میں شامل

Updated: January 21, 2022, 11:54 AM IST | Agency | Lucknow

ملائم سنگھ یادو کے رشتے دار نے بر سر اقتدار جماعت کی رکنیت حاصل کی۔نربھیا کیس کی وکیل سیما کشواہا بی ایس پی میں شامل

Lucknow: Dr. Priyanka Moriah, Lakshmi Kant Vajpayee and Pramod Gupta. Picture:PTI
لکھنؤ :ڈاکٹر پرینکا موریہ، لکشمی کانت واجپئی اورپرمود گپتا۔ تصویر: پی ٹی آئی

یوپی اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس کے ذریعہ خاتون ووٹروں کو لبھانے کے لئے شروع کی گئی خصوصی مہم’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ کی پوسٹر گرل ڈاکٹر پرینکا موریہ نے جمعرات کو بی جے پی کی رکنیت اختیار کرلی۔ادھر ڈاکٹر موریہ اور ایس پی فاؤنڈر ملائم سنگھ یادو کے  ہم زلف پرمود گپتاا ور دیگر افراد کو بی جے پی کے سابق ریاستی صدر و جوائننگ کمیٹی کے سربراہ لکشمی کانت واجپئی نے پارٹی کی رکنیت دلائی۔پیشے کے اعتبار ہومیوپیتھک ڈاکٹر موریہ یوتھ کانگریس کی  قومی سیکریٹری تھیں۔ وہ لکھنؤ کے سروجنی نگر علاقے سے تعلق رکھتی ہیں۔ بطور سماجی کارکن انہوں نے شہر میں غریبوں کی مدد کیلئے’نیکی کی دیوار‘اور’روٹی بینک‘ مہم کو بھی آگے بڑھایا تھا۔ ان کےساتھ پرگتی شیل سماج وادی پارٹی (پی ایس پی) لیڈر پرمود گپتا نے بھی بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ضلع اوریا کے رہنے والے گپتا پی ایس پی کے ریاستی جنرل سیکریٹری تھے۔ وہ اترپردیش آلودگی کنٹرول بورڈ کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔واجپئی نے اس دوران۱۹۸۴ء بیچ کے آئی اے ایس افسر کشن سنگھ اٹوریا کو بھی بی جے پی کی رکنیت دلائی۔اٹوریا اترپردیش حکومت میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری رہ چکے ہیں۔ واجپئی نے بی جے پی میں شامل ہونے والے  تمام افراد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے پارٹی  مضبوط ہو گی۔ ادھر  نربھیا معاملے میں متاثرہ کی قانونی لڑائی کو انجام تک پہنچانے والی سپریم کورٹ کی وکیل سیما کشواہا جمعرات کو بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) میں شامل ہوگئیں۔بی ایس پی جنرل سیکریٹری ستیش چندر مشرا کے دفتر نے کشواہا کے بی ایس پی میں شمولیت کی تصدیق کی ہے۔اس بارے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کشواہا نے اترپردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کی پالیسیوں اور نظریات سے متاثر ہوکر بی ایس پی کی رکنیت حاصل کی ہے۔ اس کے مطابق کشواہا نے مشرا کی موجودگی میں بی ایس پی کی رکنیت حاصل کر کے مایاوتی کو۵؍ویں بار وزیر اعلی بنانے کا عزم کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK