Inquilab Logo

لکھیم پور سانحہ :مودی کی خاموشی پر برہمی، رہائش گاہ کے گھیراؤ کی دھمکی

Updated: October 09, 2021, 11:12 AM IST | Agency | New Delhi

چندر شیکھر نے خاطیوں کی گرفتاری کیلئے ۷؍ دنوں کا الٹی میٹم دیا، مرکزی وزیر اجے مشرا کےاستعفیٰ کے مطالبے میں بھی شدت، کانگریس ، اکالی دل اور سماجوادی نے مطالبہ دہرایا

Akali Dal leader Harsamrat Kaur meets the families of slain farmers in Kolkhimpur on Friday..Picture:INN
اکالی دل کی لیڈر ہرسمرت کور جمعہ کولکھیم پور میں مہلوک کسانوںکے اہل خانہ سےملاقات کرتےہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر گاڑی چڑھا دینےکی دردناک واردات کے خاطیوں کی گرفتاری میں  ٹال مٹول اور وزیراعظم کی اس معاملےمیں پراسرار خاموشی  پر شدید برہمی ظاہر کی  جارہی ہے۔ آزاد سماج پارٹی  کے سربراہ چندر شیکھر آزاد  نے جمعہ کو خاطیوں کی گرفتاری کیلئے  ۷؍ دنوں کا الٹی میٹم دیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ بصورت دیگر وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائےگا۔  دوسری جانب شرومنی اکالی دل، کانگریس، سماجوادی پارٹی  اور دیگر نے منصفانہ جانچ کیلئے مرکزی وزیر اجے مشرا کے استعفیٰ کا مطالبہ دہرایا ہے۔ اجے مشرا کا بیٹا آشیش عرف مونو مشرا ہی اس معاملےکا کلیدی ملزم ہے۔ 
وزیراعظم کی خاموشی پر سوال،۷؍ دنوں کاالٹی میٹم
 بھیم آرمی  اور آزاد سماج پارٹی  کے سربراہ چند ر شیکھر آزاد  نے لکھیم پور کھیری سانحہ پر وزیراعظم کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خاطیوں کو ۷؍ دنوں میں گرفتار نہ کیاگیاتو وزیراعظم کی  رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائےگا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’وزیراعظم ہر معاملے پر ٹویٹ کرتے ہیں مگر کسانوں  کے قتل پر انہوں نے اب تک کوئی ٹویٹ نہیں کیا۔ خاطی آزاد گھوم رہے ہیں۔ اگر انہیں  ۷؍ دنوں میں گرفتار نہ کیاگیاتو ہم وزیراعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے۔‘‘ 
 مشرا کے استعفیٰ ، بیٹےکی گرفتاری اور ۳۰؍ دن میں اضاف کی مانگ
  اس بیچ کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے ’’راج دھرم‘‘ نبھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر اجے مشرا  کے فوری استعفے، ان کے بیٹے کی فوری گرفتاری اور جانچ کیلئے انکوائری کمیشن قائم کرکے ۳۰؍ دنوں  میں  انصاف کی مانگ کی ہے۔  کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا  نے سپریم کورٹ میں  جمعہ کو ہونے والی شنوائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اب یہ واضح  ہو چکا ہے کہ مودی اور یوگی حکومتیں مجرموں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘   شرومنی اکالی دل  نے بھی اجے مشرا کی فوری معطلی کامطالبہ  کیا ہے۔ چودھری چرن سنگھ  ایئر پورٹ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ہرسمرت کور نے کہا ہے کہ’’ہم وزیر کو فوری طورپر برخاست اور ملزمین کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہیںتاکہ جو افراد ہلاک ہوئے ہیں انہیں انصاف مل سکے۔‘‘ بعد میں اکالی دل کے مذکورہ وفد نے لکھیم پور میں مہلوکین کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو جنہوں  نے جمعرات کو لکھیم پور کھیری پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کی، نے بھی  مرکزی کابینہ سے اجے مشرا کو برخاست کرنے  اور  آشیش مشرا کی فوری گرفتاری کی مانگ کی ہے۔ آشیش کو سمن جاری کرنے پر تنقید کرتےہوئے ایس پی سربراہ نے کہا ہے کہ ’’وزیر کے بیٹے کو سمن بھیجنا محض دکھاوا ہے۔ سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد حکومت مجبور ہوگئی ہے۔ مرکزی وزیر کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اگر ایسا نہ ہوا تو جانچ کرنے والے افسر کو پہلے انہیں سلام کرنا پڑیگا پھر پوچھ تاچھ کرنی ہوگی۔‘‘یاد رہے کہ اجے مشرا مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK