Inquilab Logo

چارہ گھوٹالے کے ایک اور معاملے میں لالو پرساد یادو قصور وارقرار دئیے گئے

Updated: February 16, 2022, 8:35 AM IST | ranchi

ڈورنڈا ٹریژری سے ۱۳۹؍ کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں سی بی آئی کی عدالت نے آرجے ڈی سپریمو کو مجرم قرار دیا ،۲۴؍ ملزمین بری ہوئے

Lalu Prasad Yadav out of court. (PTI)
لالو پرساد یادو کورٹ کے باہر۔(پی ٹی آئی )

: غیر منقسم بہار  میں ہونے والے اربوں روپے کے مشہور چارہ گھوٹالے میں ڈورنڈا ٹریژری سے ۱۳۹ء۳۵؍کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی سے جڑے کیس میں منگل کو سی بی آئی کے خصوصی عدالت نے لالو پرساد یادو کو قصوروار قرا ردیا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج ایس کے ششی  نے  آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد سمیت ۷۵؍ملزمین کو قصور وار قراردیاجبکہ ۲۴؍ملزمین کو ثبوتوں کے فقدان  کے سبب بری کر دیا  ۔سی بی آئی کے وکیل بی ایم پی سنگھ نے اسپیشل کورٹ کے فیصلے کے بارے میں بتایا کہ خصوصی عدالت اب۲۱؍ فروری کو لالو پرساد کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور اینٹی کرپشن قانون کی دفعات کے تحت سز ا کے نکات پر سماعت کرے گی ۔ قصور قرار دیئے گئے ۷۵؍میں سے ۳۴؍ ملزمین کو تین یا اس سے کم سال کی سزا ہوئی ہے جس کے بعد انہیں ضمانت کیلئے  بانڈ داخل کرنے کو کہا گیاہے جبکہ لالو پرساد سمیت ۴۱؍ملزمین کی سزا کے نکات پر ۲۱؍فروری کو سماعت ہوگی ۔
 لالو پرساد کو قصور وار قرار دیئے جانے کے بعد انہیں عدالتی حراست میں لے لیا گیا  اور انہیں برسا منڈا سینٹرل جیل بھیج دیاگیا  ہے۔سی بی آئی کے وکیل نے بتایاکہ اس معاملے میں کل ۱۷۰؍افراد کے خلاف چار ج شیٹ داخل کی گئی تھی جس میں سماعت کے دوران ۵۵؍ ملزمین کا انتقال ہوگیا اور ۸؍ ملزمین سرکاری گواہ بن گئے ۔ ۲؍   نے سماعت  کے پہلے ہی سزا کو قبول کرلیا  جبکہ ملزمین آج تک لاپتہ ہیں۔منگل کو جن دو سیاسی لیڈران کو قصور وار قرار دینے کے ساتھ تین سال کی سزا سنائی گئی ، ان میں سابق رکن اسمبلی دھرو بھگت اور سابق رکن اسمبلی و رکن پارلیمنٹ جگدیش شرما شامل ہیں۔   ڈورنڈا خزانہ معاملے کی تحقیقات میں سی بی آئی کو ۲۵؍سال لگے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے۲۰۰۳ء میںعدالت میں سپلیمنٹری چارٹ شیٹ داخل کی تھی ۔  لالو کو قصوروار قرار دینے کے  بعد ان کی جانب سے فی الحال تو کوئی ردعمل نہیں آیا لیکن پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں قانو نی لڑائی لڑنے کے لئے تیا رہیں اور اس فیصلے کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے ۔ لالو عوامی لیڈر ہیں اور انہیں اس گھوٹالے میں پھنسایا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK