Inquilab Logo

لداخ میں شہید ہونے والے لانس نائک سلیم خان کی آخری رسوم اداکی گئی

Updated: June 30, 2020, 7:08 AM IST | Agency | New Delhi

لداخ میں حقیقی لائن آف کنٹرول (ایل اے سی) پرگزشتہ دنوںچین سے متصل سرحد پر اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے دوران شہید ہونے والے لانس نائک سلیم خان کی آخری رسومات سنیچر کوپنجاب کے پٹیالہ ضلع میںواقع ان کے آبائی گاؤں مردان ہیری میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں

Naik Saleem Khan - Pic : PTI
شہید لانس نائک سلیم خان کی والدہ نسیمہ بیگم کو فوج کی جانب سے ترنگا دئیے جانے کامنظر ۔(پی ٹی آئی

 لداخ میں حقیقی لائن  آف کنٹرول (ایل اے سی) پرگزشتہ دنوںچین  سے متصل سرحد پر اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے دوران شہید ہونے والے لانس نائک سلیم خان کی آخری رسومات سنیچر کوپنجاب کے پٹیالہ ضلع میں واقع ان کے آبائی گاؤں مردان ہیری  میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ اس موقع پر گاؤںوالےبڑی  تعداد میں موجود تھے اورنماز جنازہ  میں بھی کافی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی ۔ 
  ۲۴؍ سالہ سلیم  خان نے فروری ۲۰۱۴ء میںفو ج میں شمولیت اختیار کی تھی  اورایل اے سی پربنگال انجینئر نگ گروپ  کے ساتھ تعینات تھے ۔ خطہ لداخ میں ایل اے سی  کے قریب ندی میںگشت  لگانے کے دوران کشتی پلٹنے کے حادثہ میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔واضح رہےکہ خطہ لداخ ان دنوںچین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تنازع کے سبب سرخیوں میں ہے۔ایسے میں وہاںفوج نے اپنی سرگرمیاں بھی بڑھا دی ہیں۔ یہ گشت اسی سرگرمی کا حصہ تھا ۔
 پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندرسنگھ نے شہیدسلیم خان کے ا ہل خانہ کیلئے ۵۰؍لاکھ روپے معاوضہ اورگھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’ لداخ میں لانس نائک سلیم خا ن کی موت کی خبر سن کر افسوس ہوا ۔  ان کے اہل خانہ کے ساتھ میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔قوم اس بہادر جوا ن کو سلام کرتی  ہے۔‘‘
 شہیدلانس نائک سلیم خان کا  ترنگے میں لپٹا ہوا جسد خاکی جب  ان کے آبائی گاؤںمردان ہیری پہنچاتوگاؤںکے باشندوںنے ان کے تابوت پر پھول پر برسائے اور’ سلیم خان امر رہے ‘ جیسے نعرےفضا میںبلند کئے اورنم آنکھوںکے ساتھ ان کا آخری دیدار کیا ۔ اس  موقع  پر ان کے گھر والوںکو  جن میں ان کی والدہ ، بھائی اور بہن شامل ہیں ،سنبھالنا بہت مشکل تھا اوران کےآنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔
 سلیم خان کی آخری رسوم کی ا دائیگی کے موقع پر ان کی والدہ نسیمہ بیگم کوترنگاسونپا گیا۔ہاتھوں میں ترنگا لیتے ہوئے پروہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ سلیم خا ن کے والد منگل دین بھی فوج  میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی وفات ۱۸؍ سال پہلے ہوئی تھی ۔
 شہید لانس نائک کی آخری رسوم کی ادائیگی کے موقع پرپنجاب کے کابینی وزیرسادھو سنگھ دھرم سوت ، فوج ، پولیس  اورانتظامیہ کے سینئر افسران  اور دیگر سیاسی لیڈران  موجود تھے ۔ 

ladakh china Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK