Inquilab Logo

اتراکھنڈ کی نیتی گھاٹی میں پہلی مرتبہ فورجی سروسیزکا آغاز، ریلائنس جیو نےخدمات شروع کیں

Updated: November 26, 2020, 8:55 AM IST | Agency | Dehradun

ریلائنس جیو کے، اتراکھنڈ کے چمولی میں ہند۔تبت سرحد سے ملحق نیتی گھاٹی میں ۴؍جی موبائل ٹاور نے کام کرنا شروع کردیا ہے جس سے پہلی بار یہاں موبائل فون کی گھنٹیاں بج اٹھیں۔

4G Network - Pic : INN
فار جی نیٹورک ۔ تصویر : آئی این این

ریلائنس جیو  کے، اتراکھنڈ کے چمولی میں ہند۔تبت سرحد سے ملحق نیتی گھاٹی میں ۴؍جی موبائل ٹاور نے کام کرنا شروع کردیا ہے جس سے پہلی بار یہاں موبائل فون کی گھنٹیاں بج اٹھیں۔ریلائنس جیو نے بدھ کو بتایا کہ اسے نیتی گھاٹی میں دس ٹاور لگانے کا کام ملا ہے جن میں سے دو کو شروع کردیا گیا باقی آٹھ ٹاوروں کی تیاری کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ ٹاوروں کے کام شروع کرنے کے بعد گھاٹی میں رہنے والے مقامی باشندوں، گائوں والوں کے ساتھ ساتھ فوج کے جوانوں کو بھی فورجی   مواصلات خدمات دستیاب ہوسکیں گی۔وزیراعلیٰ ترویندر سنگھ راوت نے نیتی گھاٹی کے سگی اور جما گائوں میں ان موبائل ٹاورس کا افتتاح کیا۔ جما گائوں میں ہوئے خاص پروگرام میں وزیراعلیٰ ورچوئل طریقہ سے حصہ لے رہے تھے۔ افتتاحی پروگرام میں رکن پارلیمان تیرتھ سنگھ راوت اور بدری ناتھ کے رکن اسمبلی مہندر بھٹ بھی شامل رہے۔ریلائنس کے چیئر مین مکیش امبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرحدی علاقہ میں آخری شخص تک کنکٹی وٹی فراہم کرنے کا وعدہ  امبانی نے پورا کیا ہے۔ میں ان کا شکریہ اد اکرتا ہوں۔ مکیش جی ڈیٹاکو ایندھن کہتے رہے ہیں اورمجھے یقین ہے کہ ہمارے اتراکھنڈ کے نوجوان اس نئی تکنالوجی اور مواصلاتی نظام کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔  راوت نے ان گیارہ گائوں کے لوگوں کو بھی نیک خواہشات دیں جو پہلے مرحلے میں جیو کے نئے ٹاوروں کے ذریعہ مواصلات خدمات سے جڑ گئے ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں موبائل خدمات شروع ہوئے ۲۵؍برس ہوچکے ہیں لیکن نیتی گھاٹی کے کئی گاوں آج تک موبائل سروس کا فائدہ اٹھانے سے محروم تھے۔ گاوں والوں کو مواصلات خدمات کے لئے ۴۵؍کلومیٹر دور تک جانا پڑتا تھا۔ ہند۔ تبت سرحد سے ملحق اس گھاٹی میں بڑی تعدا د میں فوج اور آئی ٹی بی پی کے جوان بھی تعینات رہتے ہیں۔ ایسے میں جیو کی فورجی سروس کے شروع ہونے کا فائدہ سیکوریٹی ایجنسیوں کو بھی ملے گا۔دور دراز کے علاقوں اور منفی صورتحال کے باوجود  ریلائنس جیو یہ کامیابی حاصل کرنے والا پہلا آپریٹر بن گیا ہے۔ آج سے پہلے کوئی بھی آپریٹر اس سرحدی گھاٹی میں نہیں پہنچ سکا تھا۔ سردیوں میں یہ علاقہ بھاری برف باری کی زد میں رہتا ہے ایسے میں ٹاور انسٹالیشن کا کام وقت پر مکمل کرنا ایک ریکارڈ ہے۔ واضح رہے کہ ریلائنس جیو اتراکھنڈ کا سب سے بڑا  فورجی نیٹورک ہے۔ جیو کے نیٹ ورک پر اتراکھنڈ  میں سب سے زیادہ ڈیٹا استعمال کیا جاتا ہے۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK