Inquilab Logo

عازمین کی رہنمائی کیلئے مختلف زبانوں میں ای گائیڈ بک کا اجراء

Updated: July 04, 2022, 1:20 PM IST | Agency | Riyadh

مذہبی اور طبی رہنمائی کیلئے اردو سمیت ۱۴؍ زبانوں میں ای بکس کے ساتھ ساتھ ویڈیو اور آڈیو بھی تیار کئے گئے ہیں 

Urdu Hajj Guide GuidePicture:INN
اردو حج رہنما گائیڈ ‘کا سر ورق۔ تصویر: آئی این این

 امسال عازمین کی سہولت کیلئے مختلف زبانوں میں  ای گائیڈ بکس کا اجرا ء کیا گیا جن کی مدد سے عازمین کو مذہبی کے ساتھ ساتھ طبی اور انتظامی امور کو سمجھنے میں آسانی ہوگی ۔    میڈیار پورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے جنرل اتھاریٹی برائے اوقاف کے تعاون سے رواں سال اردو سمیت۱۴؍ زبانوں میں۱۳؍ ای گائیڈ بکس جاری کی ہیں جن میں دنیا  کے عازمین حج کی مختلف موضوعات پر رہنمائی کی گئی ہے۔یہ ای گائیڈ بکس عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، ہسپانوی، ترکی، روسی، فارسی، بنگالی، انڈونیشیائی اور مالائی وغیرہ میں جاری کی گئی ہیں۔  اس سلسلے میں ٹویٹر پر وزارت حج و عمرہ کی جانب سے شیئر کئے گئے ویڈیو میں ای گائیڈ بک کی مختلف خصوصیات اور اس کے استعمال کے طریقہ کی وضاحت کی گئی ہے۔مذکورہ ای گائیڈ بک وزارت حج و عمرہ کی آفیشل ویب سائٹ سے  مطلوبہ زبان میں ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ عازمین حج کی رہنمائی کرنے والی ای گائیڈ بکس ہیںجن میں شریعت اور اسلامی قانون، طریقہ کار، انتظامی معاملات اور صحت سے متعلق ہدایات شامل ہیں جن کی عازمین کو اپنے سفر کے دوران ضرورت ہوگی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آپ کو صرف ویب سائٹ پر جا کر زبان کا انتخاب کرنا ہے جس کے بعد آپ اپنی مطلوبہ زبان میں  اسے سن  ،دیکھ  اور پڑھ سکتے ہیں، کیونکہ یہ ای گائیڈ بکس ویڈیو ، آڈیو اور پی ڈی ایف کی شکل میں دستیاب ہیں۔ 
 وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے  ایک ویڈیواس تبصرے کے ساتھ ٹویٹ کیا ،’’حج کے بہترین سفر کیلئے یہ حج گائیڈ بکس دستیاب ہیں۔‘‘ ایک ٹی وی انٹرویو میں اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے وزارت حج و عمرہ ہشام سعید نے کہا کہ ان ای گائیڈ بکس میں تفصیلی و وضاحتی خاکے اور تصاویر موجود ہیں جو عازمین کو آڈیو یا تحریر کا متبادل فراہم کریں گی۔ ای گائیڈ بک میں شامل موضوعات میں مناسک حج اور صحت سے متعلق آگاہی کے ساتھ ساتھ احرام، منیٰ، مزدلفہ، یوم عرفات، جمرات، عمرہ، جامع مسجد، مسجد نبویؐ نیز مکہ مکرمہ اور مدینہ  منورہ کے تاریخی مقامات سے متعلق بھی معلومات  ہے۔ مختلف زبانوں میں حج گائیڈ بک کا اجرا ء سعودی وژن۲۰۳۰ء کے اہداف کا حصہ ہے جس سےعازمین  مناسک بہترین انداز میں ادا  سکیں گے، ان کا سفر  اطمینان بخش  ہوگا ۔  واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے   عازمین کی رہنمائی کیلئے بڑی تعداد میں مرد اور خواتین بھی مامو رکئے گئے ہیں جو  مختلف زبانو ں میں عازمین کے سوالوں کا جواب دیتےہیں اور انہیں ان کے مطلوبہ مقامات تک پہنچنے میں مدد کرتےہیں۔
   دو سال کے وقفے کے بعد  حج کا موقع ملنے پر اس مرتبہ ۱۰؍ لاکھ افراد ہی حج  بیت اللہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے جبکہ آئندہ سال۳؍ کروڑ افراد کیلئے عمرہ اور حج کے انتظامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK