Inquilab Logo

بی جے پی کا ساتھ چھوڑیں، کسانوں کا ساتھ دیں

Updated: September 28, 2020, 7:00 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | New Delhi

شرومنی اکالی دل کے این ڈی اے اتحاد سے الگ ہونے کے بعد کانگریس نے دیگر پارٹیوں کو بھی غیرت دلائی ،کہا کہ اب بھی وقت ہے ،تمام پارٹیاں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو جائیں ورنہ کسان ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے ،ہریانہ اور پنجاب میں تحریک اور تیز کرنے کا اعلان ، دیگر ریاستوں میںبھی کسانوںکی تحریکوں کو حمایت

Farmer Protest - Pic : PTI
امرتسر اور بھٹنڈا میں سیکڑوں کسان پٹریوں پر بیٹھ کر ریل روکو آندولن کررہے ہیں۔(تصویر : پی ٹی آئی

تین زرعی بلوں کے خلاف ملک گیر تحریک جاری ہے  مودی حکومت کی ہٹ دھرمی کے خلاف دن بدن اس میں شدت آتی جارہی ہے۔ کسانوں کا غصہ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے بی جے پی کی سب سے پرانی اتحادی پارٹیوں میں سے ایک اکالی دل نے بھی اس کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے این ڈی اے کی دیگر حلیف پارٹیوںسے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی نبض کو سمجھیں اور بی جے پی کا ساتھ چھوڑکر کسانوں کا ساتھ دیں۔  کانگریس نے  این ڈی اے میں شامل اور باہر سے حمایت کرنے والی سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کا ساتھ چھوڑ کر کسانوں کی تحریک کے ساتھ کھڑے ہو جائیں ورنہ کسان ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔
  یہاں اے آئی سی سی کی جانب سے منعقدہ ورچوئل پریس کانفرنس سے ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا اور پنجاب کانگریس کے صدر سنیل جاکھڑ نے خطاب کیا ۔ پارلیمنٹ میں منظور  کئے گئے زراعت سے متعلق تینوں بلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کماری شیلجا نے کہا کہ ہم صدر جمہوریہ  سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان بلوں پر دستخط نہ کریں کیونکہ اگر یہ قانون بنتا ہے تو اس سے کسانوں کا نقصان ہوگا ۔ آج پورے ملک میں کسان تحریک چلا رہے ہیں ، مظاہرے کر رہے ہیں چنانچہ کسانوں کی بات سنی جانی چاہئے ۔ اکالی دل کے این ڈی اے سے رشتہ توڑنے کے اعلان پر انھوں نے کہا کہ جب کسانوں کا دبائو بڑھا تو اب ڈرامائی انداز میں اکالی دل نے این ڈی اے چھوڑنے کا اعلان کیا ہے ، انگلی کٹواکر شہیدوں میں نام لکھانے کے  لئے ایسا کیا گیا ہے ۔ کماری شیلجا  نےکہا کہ میں ان پارٹیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ جو این ڈی اے حکومت کو باہر سے سپورٹ کرتی ہیں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ بی جے پی کا ساتھ چھوڑ یں ۔ بی جے ڈی ، ٹی آر ایس ، وائی ایس آر سی پی جیسی پارٹیاں نہ جانے ہمیشہ بی جے پی حکومت کی باہر سے حمایت کیوں کرتی ہیں چنانچہ ہم اپیل کرتے ہیں کہ اب وہ کسانوں اور غریبوں کی آواز کو سنیں اور این ڈی اے حکومت کا ساتھ دینا بند کریں ۔اپنے کان بند نہ کریں ۔
  کماری شیلجا کے مطابق کل  جب طوفا ن آئے گا تو سوال این ڈی اے حکومت سے ہی ہوگا اورآپ بھی زد میں ہوںگے ۔ اکالی دل نے این ڈی اے کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے لیکن اور بھی تو پارٹیاں ہیں ۔ جے ڈی یو کو بھی سوچنا چاہئے ، ایل جے پی کو بھی غور کرنا چاہئے ، وہ بھی این ڈی اے کا حصہ ہیں ۔ بہار کا کسان پہلے ہی مارا جا چکا ہے کیونکہ وہاں ایسا ہی  قانون بنایا گیا تھا۔ ۲۰۰۶ء میں  کانٹریکٹ فارمنگ شروع ہوئی تھی تو کیا ہوا ، بہار کے کسان مزدور بن کر رہ گئے  اور اب بد حال ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK