Inquilab Logo

ایل این جی اور خام تیل اب امریکہ سے بھی درآمد کیا جائیگا

Updated: February 26, 2020, 3:38 PM IST | Agency | New Delhi

انڈین آئل نے امریکی کمپنی ایگزان موبل کارپوریشن سے معاہدہ کیا ، دیہی علاقوں تک گیس پہنچانے کا عزم

ایل این جی اور خام تیل  اب امریکہ سے بھی  درآمد کیا جائیگا  ۔ تصویر : آئی این این
ایل این جی اور خام تیل اب امریکہ سے بھی درآمد کیا جائیگا ۔ تصویر : آئی این این

  نئی دہلی : صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ ہند پرمتعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل اور امریکہ کی اہم تیل و گیس کمپنی ایگزان موبل کارپوریشن کے درمیان ہونے والا معاہدہ اہم ہے۔ اس معاہدہ کے تحت ہندوستانی کمپنی اب عرب ممالک سے تیل اور گیس کی درآمد پر منحصر نہ رہتے ہوئے امریکہ سے بھی لیکویفائڈ نیچرل گیس (ایل این جی ) اور خام تیل درآمد کرےگی۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان پیٹروکیمیکل کے سیکٹر میں تعاون اور تجارت بڑھنے کی امید ہے ۔ ذرائع کے مطابق  ایل این جی کی درآمد۶ء۷؍ ارب ڈالرس ہونے کا امکان ہےجو عرب ممالک سے ہونے والی تجارت کے تقریباً ۳۰؍ فیصد کے برابر قرار دی جارہی ہے۔
 واضح رہے کہ امریکہ سے ہندوستان نے پہلی مرتبہ  بڑے پیمانے پر خام تیل ۲۰۱۸ء میں خریدا تھا ۔ اس وقت ہندوستان  نے ۶۰ء۹؍ کروڑ ڈالرس کا خام تیل امریکہ سے خریدا تھا لیکن اب امریکہ دبائو کے آگے جھکتے ہوئے ہندوستان نے عرب ممالک سے تیل کی خریداری کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب ہندوستان اپنی ضرورت کا زیادہ سے زیادہ خام تیل اور قدرتی گیس امریکہ سے خریدنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں ہندوستان نے۳ء۷؍ ارب ڈالرس کا خام تیل امریکہ سے خریدا ہے جو ملک کی ضرورت کا ۲۶؍ فیصد قرار دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ ایران پر امریکی  پابندیوں کے بعدامریکی حکومت  نے ہندوستان پر دبائو ڈالا ہے کہ وہ  امریکہ سے خام تیل خریدے ۔ہندوستان بھی اس معاملے میں دبائو میں آگیا ہے اور وہ  امریکہ سے تعلقات بڑھانے کے چکر میں اس کا خام تیل بھی خرید رہا ہے۔کہا جارہا ہے کہ ہندوستانی حکومت مشرق وسطیٰ سے گیس اور خام تیل کا امپورٹ کم سے کم کرنا چاہتی ہے اور ملک میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو روکنے کے لئے وہ گیس کا استعمال بڑھانے پر غور کررہی ہے۔ فی الحال ملک کی کل اینرجی میں گیس کی حصہ داری صرف ۶ء۲؍ ہے  جسے حکومت  اگلے ۱۰؍ سال میں ۱۵؍ فیصد تک لانا چاہتی ہے۔
 بتایا جارہا ہے کہ انڈین آئل اور ایگزان موبل  نے جو معاہدہ کیا ہے اس کے تحت ملک کے دیہی علاقوں میں بھی ایل این جی سپلائی کی جائے گی۔ جو شہر یا علاقے گیس پائپ لائن نیٹ ورک کے باہر ہو ں گے وہاں پر ٹینکروںسے گیس سپلائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK