Inquilab Logo

لاک ڈاؤن میں۱۵؍ مئی تک توسیع، ٹیکہ کاری میں التواء کا امکان

Updated: April 29, 2021, 11:45 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

وزیرصحت کا حالات میں استحکام کا اعتراف مگر جو پابندیاں نافذ ہیں وہ برقرار رہیں گی، ٹیکہ کاری کیلئے رجسٹریشن کی ہدایت

Police flag march in Dadar during lockdown. Picture:PTI
لاک ڈاؤن کے دوران دادر میں پولیس کا فلیگ مارچ۔تصویر : پی ٹی آئی

   مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن جیسی پابندیاں جو ۳۰؍ اپریل تک کیلئے نافذ کی گئی تھیں، اب ۱۵؍ تک برقرار رہیں گی۔  بدھ کو ان میں  ۱۵؍ دنوں کی توسیع کردی گئی ہے۔  وزیر صحت راجیش ٹوپے نے لاک ڈاؤن جیسی پابندیوں میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالانکہ ریاست میں کورونا کی صورتحاک کافی حد تک مستحکم ہو گئی ہے مگر کابینہ کے تمام اراکین  پابندیوں کو مزید ۱۵؍ دنوں تک جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ 
حالات میں جلد مزید بہتری کی امید
 انہوں نے  اطمینان کااظہار کیاکہ آج یومیہ مریضوں کی تعداد ۶۰؍ ہزار کے آس پاس ہے، ہمیں  پہلے اندیشہ تھا کہ یہ تعداد ۷۰؍ ہزار  یومیہ تک پہنچے گی مگر ایسا نہیں ہوا۔  وزیر صحت نےکہا کہ ’’میں امید کرتاہوں کہ یہی ہمارا نقطہ عروج رہا  ہو اور اب یہاں سے معاملات میں کمی کا سلسلہ شروع ہو۔‘‘انہوں نے عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کی اپیل کرتے ہوئے زور دیا کہ ’’اگر عوام ماسک پہنیں اور کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے کی دیگر حکمت عملیوں پر عمل کریں تو ہم بہت جلد  حالات کو قابو میں  لاسکتے ہیں۔‘‘ پابندیوں میں توسیع کے ساتھ ہی ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ لازمی اشیاء کی دکانوں اور خدمات کیلئے جتنی اجازت پہلے تھی وہی  اب بھی رہے گی  ۔ 
 ٹیکہ کاری ملتوی ہونے کا امکان
  راجیش ٹوپے نے یہ بھی اطلاع دی کہ ریاستی حکومت نے ۱۸؍ سال سے زائد عمر  کے شہریوں کو بھی مفت ٹیکہ دینے کے فیصلے پر مہر لگادی ہے مگر    ۱۸؍ سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ٹیکہ کاری ممکن ہے کہ یکم مئی سے شروع نہ ہوپائے ۔  انہوں نے  ۱۸؍ سال سے زائد عمر کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹیکہ کاری کیلئے اپنے ناموں کا اندراج کووِن (CoWIN)  پورٹل پر کریں کیوں کہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعہ ہی ٹیکہ کاری کی جائے گی۔  وزیر صحت  نےبتایا کہ ۱۸؍ سال  سے ۴۴؍ سال کی آبادی کی ٹیکہ کاری کیلئے ابھی منصوبہ بندی چل رہی ہے،ان کے مراکز چونکہ الگ ہوںگے اس لئے آبادی کے اس  حصے کی ٹیکہ کاری شروع ہونے میں  تاخیر ہوسکتی  ہے۔  واضح رہے کہ ۴۵؍ سال سے زائد عمر کے شہریوں کی  مرکز کی جانب سے مفت ٹیکہ کاری  ہورہی ہے جبکہ ۱۸؍ سے ۴۴؍ سال کی آبادی کی ٹیکہ کاری کا خرچ ریاستی حکومت برداشت کریگی جو اندازاً۶؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK