Inquilab Logo

الٰہ آباد یونیورسٹی کی وی سی کے اعتراض پر لا ؤڈ اسپیکر کا رخ تبدیل

Updated: March 18, 2021, 12:18 PM IST | Inquilab News Network | Allahabad

یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے اذان سے نیند میں خلل پر کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھا تھا ۔ اس ذہنیت پرسماجوادی پارٹی نےشدید تنقید کی

Mosque Loudspeaker
مسجد کے مینار پر لا ؤ ڈاسپیکر ۔

الٰہ آباد یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے اعتراض کے بعد  لا ؤڈ اسپیکر کا رخ تبدیل کیا گیا ہے اور اس کی آواز کم کردی گئی ہے۔ 
  واضح رہےکہ سول لائنس علاقہ میں کئی برس  سے  مقیم الٰہ آباد سینٹرل یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر سنگیتا سریواستو کی نیند میں اب اذان سے خلل پڑر ہا ہے۔ اس تعلق سے کارروائی کیلئے انہوں نے کمشنر سنجے گوئل، آئی جی کویندر پرتاپ سنگھ، ڈی ایم بھانو چند گوسوامی اور ایس ایس پی سرو شریسٹھ ترپاٹھی کو خط بھیجا  تھا۔ 
 خط میں وائس چانسلرنے کہا  :’’ سول لائنس میں کلائیو روڈ پر واقع ان کے مکان کے قریب مسجد سے مائک کے ذریعہ صبح تقریباً ساڑھے ۵؍ بجے اذان ہوتی ہے ۔ مائک کے ذریعہ ہونے ولی اذان کی آواز سے ان کی نیند ٹوٹ جاتی ہے ۔‘‘
  ’سول لائنس پریاگ راج میں صوتی آلودگی‘ کے عنوان سے لکھے گئے خط میں ا نہوں نے یہ بھی کہا  کہ وہ کسی مذہب، ذات یافرقہ کے خلاف نہیں ہیں۔ وائس چانسلر کے مطابق ماہ رمضان میں صبح ۴؍ بجے سحری کے اعلان سے بھی   دشواری ہوتی ہے ۔ وائس چانسلر نے اپنے خط میں ہائی کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے ہدایت جاری کئے جانے کی امید ظاہر کی تھی ۔ 
    بدھ کو اس خط کا اثر ہوا اور سول لائنس میں کانپور روڈ پر واقع لا ل مسجد کے مینار میں لگے  لاؤڈا سپیکر کا رخ تبدیل کیا گیااور آواز پہلے   کے مقابلے میں کم کردی گئی ہے۔ مسجد کے متولی  مطیع الرحمٰن نے اس کی تصدیق کی ہے۔ 
  ا  س سے پہلے طلبہ یونینوںنے  وی سی کے اس خط پر اعتراض کرتےہوئے مظاہرہ کیا تھا ۔ بدھ کو اس تبدیلی کے بعد  سماجوادی پارٹی نے ٹویٹ کیا : ’’بے روزگاری ، بد حال صحت خدمات ، خراب تعلیمی  نظام ،  بے قابو جرائم  اورتباہ کاروبا ر سے دھیان بھٹکانے کیلئے اپنے لوگوں سے  بی جے  پی وقتاً فوقتاً آگ لگواتی ہے۔ الٰہ آباد یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے ذریعہ اذان کیخلاف خط اسی کا حصہ  ہےجو انتہائی قابل مذمت ہے۔ ‘‘
 واضح رہےکہ الٰہ آباد یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر سنگیتا شریواستو کی طرف سے خط ۳؍ مارچ کو تحریر کیا گیا تھا۔ وہ پیر سے چھٹی پر ہیں۔ وائس چانسلر کا کام سائنس فیکلٹی کے ڈین پروفیسرشیکھر سریواستو سنبھال رہے ہیں۔ پروفیسر سریواستو کے چھٹی پر جانے کے دوران یہ خط وائرل ہوا ہے۔ ایسے میں کئی  مطلب نکالے جا رہے ہیں۔ اس تعلق سے وائس چانسلر سے بات کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی ۔ 
  ضلع مجسٹریٹ بھانو چند گوسوامی کے بقول:’’ وائس چانسلر کی طرف سے ملے خط کو نوٹس میں لیا گیا۔ حسب ضابطہ  کارروائی کی گئی۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK