Inquilab Logo

مدھے پورہ : شہزادپور کے پلس ٹو اسکول میں۲؍ اساتذہ کے بھروسے دو سو طلبہ

Updated: January 24, 2021, 2:48 PM IST | Inquilab New Netwrok | Madhepura

اساتذہ کی کمی سے طلبہ کو پڑھائی میں شدید دشواری،۹؍ویں اور۱۰؍ویں کلاس میں بھی اساتذہ کی کمی ہے۔ سنسکرت،ریاضی اور ہندی جیسے اہم مضامین کے اساتذہ نہیں ہیں

Madhepura: Shehzadpur Higher Secondary School.Picture :Inquilab
مدھے پورہ : شہزاد پور کا ہائر سکنڈری اسکول۔ تصویر : انقلاب

بہار کے ضلع مدھے پور ہ کے  ادا کشن گنج بلاک کی آدرش پنچایت شہزاد پور کے ہائر سکنڈری اسکول میں ۲؍ سو طلبہ کو پڑھانے کیلئے صرف ۲؍ اساتذہ ہیں۔  صرف ۲؍ اساتذہ کیلئے ۲؍ سو طلبہ کو سنبھالنا مشکل  ہوجاتا ہے ، ایسے میں انہیں پڑھانے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ۔  اساتذہ کی کمی کی وجہ سے طلباء اور طالبات کو پڑھائی میں پریشانی ہوتی ہے ۔ اسکول میں۱۱؍ ویں میں آرٹ کے مضمون میں ۱۲۰؍ طلباء اور  طالبات  جبکہ سائنس میں ۸۶؍ طلباءا ور طالبات زیر تعلیم ہیں۔  یعنی کل ۲۰۶؍طلباء اور طالبات کو داخلہ ملا ہے لیکن محکمہ کی لاپروائی دیکھئے کہ ان بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے صرف ۲؍ اساتذہ ہیں ۔ ہندی کیلئے لال کن کمار اور  نباتیات  کے لئے گیسٹ ٹیچر رادھے شیام پرساد مامور ہیں ۔ اسی سے آسانی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کیسے ۲؍ اساتذہ کے بھروسے ان کا مستقبل سنوارا جاسکتا ہے ؟ یہی  اساتذہ  طلبہ کو ہر مضمون پڑھارہےہیں ۔  ٹیچروں کی کمی کی وجہ سے بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے  سرپرست بھی پریشان ہیں ۔ بچوں کو پرائیویٹ کوچنگ سینٹر  سے تعلیم  دلانا دیہی حلقوں کے  والدین اور سرپرستوں کے بس کی بات نہیں ہے ،کیونکہ یہ ٹیوشن کلاسیز موٹی فیس لیتے ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں پڑھانے والے  والدین کیلئے اپنے بچے کو کسی ٹیوشن کلاس میں پڑھانا مشکل ہے۔ اس طرح ان بچوں کیلئے  مہنگائی کے اس دور میں  معیاری تعلیم آسان نہیں  ہے۔اسی اسکول میں۹؍ویں اور ۱۰؍ ویں جماعت  میں بھی  بڑی تعداد میں طلباء اور طالبات زیر تعلیم ہیں  لیکن یہاں بھی اساتذہ کی کمی ہے ۔  ریاضی ، ہندی اور سنسکرت  جیسے اہم مضامین کے اساتذہ  نہیں ہیں ۔  اسکول میں مامور ۹؍ویں اور ۱۰؍ ویں   کےٹیچر نریندر کمار ، منوج کمار  اور دیگر اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہم لوگ ہر ممکن بہتر تعلیم بچوں کو دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔  اسکول کے پرنسپل سنتوش کمار سنگھ کے مطابق اساتذہ کی کمی کی وجہ سے ہونے والی پریشانی  سے متعلق کئی بار محکمہ تعلیم کے افسران کو آگاہ کرایا گیا  لیکن  کئی برس سے حالات  جوں کے توں ہیں ۔ اسکول میں خاطر خواہ تعداد میں کمرے ، لیب ، کھیل میدان اور سولار سسٹم سے جگمگاتا احاطہ ہے۔ اس  کے باو جود ٹیچروں کی کمی کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی ٹھیک طریقے سے نہیں ہو پاتی ہے جس  سے بچوںکے ساتھ ساتھ گارجین بھی فکر مند ہیں ۔  شہزاد پور کے مقامی باشندے انل کمار سنگھ ، سابق مکھیا نول کشور سنگھ ، پیکس صدر راما شنکر سنگھ ، اجے کمار سنگھ ، سنجے مشرا ، وارڈ رکن چندرھاس سنگھ  اور  دیگر نے محکمہ تعلیم کے سینئر افسران کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے ٹیچروں کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK