Inquilab Logo

مہاڈ سانحہ: ۳۰؍ سے زائد جانیں بچانے والا نوید اپنا پیرکھو بیٹھا

Updated: August 29, 2020, 9:42 AM IST | Vinod Kumar Menon | Mumbai

نوجوان نے بہادری کی مثال قائم کردی، طارق گارڈن میں نہیں رہتاتھا مگر بلڈنگ کو گرتا ہوا دیکھا تو جان کی پروا کئے بغیرلوگوں کو بچانے میں جٹ گیا، ایک معمر خاتون کو باہر نکالتے وقت ملبہ گرا اور نوید اس میں پھنس گیا

Naved, Mahad
ناوید آئی سی یو میں

 نوید دستے جس نے  طارق گارڈن  بلڈنگ سانحہ کے دوران ۳۰؍ سے زائد بچوں اور بوڑھوں کی جان بچائی، کی پورے مہاڈ میں تعریفیں ہور ہی ہیں۔ ایک معمر خاتون کو بچاتے ہوئے نوید بلڈنگ سے تقریباً باہر نکل ہی چکےتھے  کہ  بلڈنگ گرگئی۔ نوید نے معمر خاتون کو تو دھکا دے کر بلڈنگ کی زد میں آنے سے بچا لیا مگر کنکریٹ کے سلیب کا ایک بڑاسا ٹکڑا ان پر گرا اور وہ پھنس کر رہ گئے۔ مقامی افراد نے ایک گھنٹے کی محنت اور سلیب کو توڑنے کے بعد نوید کو باہر نکالا۔ 
’ میں اچھا ہوں، میرے لئے دعا کرنا‘
 وہ سی بی ڈی  کے اپولو اسپتال میں  زیر علاج  ہیں جہاں ڈاکٹروں کو ان  کا داہنا پیر گھٹنے سے کاٹنا پڑا۔   اسپتال سے جاری کئے گئے ایک ویڈیو میں  وہ اپنی والدہ سے کوکنی زبان میں کہہ رہے ہیں کہ ’’میں اچھا ہوں، میرے لئے دعا کریئے۔‘‘ ان کے برادر نسبتی پرویز کوچالی  نےبتایاکہ’’نوید کو جب یہ معلوم ہوا کہ ان کا پیر کاٹنا پڑ گیا ہے تو وہ پھوٹ پھوٹ کر روپڑے۔‘‘
بچہ گود میں تھا
 نوید دستے جو پیشے سے الیکٹریشن ہیں، بلڈنگ کے قریب ہی چال  میں اپنی  ۲۸؍ سالہ بیوی نسرین، ۷؍ سالہ بیٹے اور بوڑھے والدین  کے ساتھ رہتے  ہیں۔ وہ شام ساڑھے ۶؍ بجے بلڈنگ  میں اپنے ایک دوست  سے ملنے آئے تھے تبھی  احساس  ہوا کہ بلڈنگ لرز رہی ہے۔ وہ فوراً اوپر ی منزلوں کی طرف گئے  تاکہ لوگوں کو الرٹ کرسکیں۔   پرویز کے مطابق’’ان کی گود میں بچے تھے جنہیں وہ  محفوظ جگہ پر منتقل کررہے تھے اور پھر اچانک افراتفری مچ گئی، لوگ اپنی جان بچابچا کر بلڈنگ سے نکل رہے تھے۔ نوید  نے ۳۰؍ سے زائد لوگوں کی جان بچائی۔‘‘ 
 جس وقت  نوید پر  سلیب  گرا اور وہ ملبے کے نیچے دب گئے تب وہ ایک معمر خاتون کو بلڈنگ سے باہر لارہے تھے۔  پرویز کے مطابق ’’خاتون  پر تھوڑا بہت ملبہ گرا مگر وہ محفوظ ہیں جبکہ   نویدملبے کے نیچے سے مدد کیلئے آوازیں لگارہاتھا، وہ باہر نکلنے کی کوشش کررہاتھا۔‘‘

 فرح خان اور سونوسود  نوید کی مدد کیلئے آگے آئے

  نوید دستے جس کی ماہانہ آمدنی محض ۱۲؍ ہزار روپے  ہے، کا اپولو اسپتال کا بل اس خبر کے لکھے جانے تک ۸؍ لاکھ روپے ہوچکا ہے۔  ان  کے تعلق سے ادارہ انقلاب سے شائع ہونے والے اخبار مڈڈے  میں خبر کی اشاعت کے بعد اداکار سونوسود اور  فرح خان  مدد کیلئے آگے آئے ہیں۔  اس کی تصدیق خود نوید  کے برادر نسبتی پرویز نے نمائندہ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’فرح میم کی آواز سن کر میں رو پڑا،  میں جذباتی ہوگیاتھا۔‘‘ پرویز کے مطابق فرح خان نے جمعرات کو انہیں فون کر کے نوید کے علاج میں ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سے قبل بدھ کو سونوسود کی جانب سے بھی یہی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انقلاب نے جب سونوسود سے رابطہ کیاتو انہوں نے  بتایا کہ ’’میں  نے نوید کے خاندان سے کہا ہے کہ فکر نہ کریں،  میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ نوید دوبارہ اپنے پیر پر کھڑے ہوسکیں۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK