Inquilab Logo

مہاراشٹر تقریباً بند، کورونا پرفتح کا عزم، سڑکوں پرمکمل سنّاٹا

Updated: April 15, 2021, 8:04 AM IST | saeed ahmed khan | New Delhi

پندرہ دنوں کیلئے حکم امتناعی ، نفاذ کیلئے ۲؍ لاکھ پولیس اہلکار سڑکوں پر اُترے، بلاضرورت آمدورفت پر پابندی، ٹرینوں  میں طے شدہ اوقات میں بھی عام شہریوں کا سفر ممنوع

Police carried out a flag march.Picture PTI
پولیس نے فلیگ مارچ کیا. تصویرپی ٹی آئی

کورونا  وائرس ’’کووڈ-۱۹‘‘ کے متاثرین   میں غیر معمولی اضافےکو روکنے  اوراس وائرس کی زنجیر کو توڑنے کے  عزم کے ساتھ  بدھ کی رات ۸؍ بجے  مہاراشٹر بھر میں  لاک ڈاؤن جیسی پابندیاں نافذ کردی گئیں جو یکم مئی کی  صبح ۷؍ بجے تک نافذ رہیںگی۔ اس دوران لازمی اشیاء کی دکانوں اور لازمی خدمات کے علاوہ سب کچھ بند رہےگا۔ مہاراشٹر پولیس نے بدھ کی شام ریاست بھر میں نئے سرے سے دفعہ ۱۴۴؍ کے نفاذ کا اعلان کردیا جس پر عمل درآمد کیلئے حکومت کس قدر سنجیدہ  ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ  اس کیلئے  ۲؍ لاکھ پولیس اہلکاروںکو میدان میں اتارا گیا ہے۔ 
 لاک ڈاؤن جیسی پابندیاں
  بدھ کی شام سے نافذ کی گئی پابندیاں حالانکہ دفعہ۱۴۴؍ کے تحت نافذ کی گئی ہیں مگر پولیس  ذرائع کےمطابق عوامی مقامات پر کسی کوبھی انتہائی ضروری وجہ کے بغیر جانے کی اجازت نہیں  ہوگی۔ بدھ کو اس سلسلے میں پولیس ہیڈ کوارٹرز قلابہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی سنجے پانڈے نےبتایا ہے کہ لاک ڈاؤن جیسی پابندیوں کے نفاذ کیلئے  مہاراشٹر بھر میں ۲؍ لاکھ پولیس ہلکار سڑکوں پر تعینات ہوں گے۔ ان کے ساتھ ۱۳؍ہزار ۲۰۰؍ ہوم گارڈس اور ایس آر پی ایف کی ۲۲؍ کمپنیوں کی اضافی فورس بھی ہوگی۔ ایس آر پی ایف کی ۳؍ کمپنیاں ممبئی میں اور ۲؍ کمپنیاں پونے میں تعینات کی جائیںگی۔ 
کسی کو سفری پاس جاری نہیں کیاگیا: ڈی جی پی
   لوگوں کے باہر نہ نکلنے کو یقینی بنانے کا اشارہ دیتےہوئے ڈی جی پی سنجے پانڈے نےبتایا کہ ’’گزشتہ سال کی طرح  اس سال ہم عوامی آمدورفت یا بین الریاست سفر کیلئے سفری پاس جاری نہیں کررہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نےبتایاکہ ’’شہریوں کو صرف انتہائی لازمی ہونے کی صورت میں ہی باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔‘‘ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ ’’ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لاک ڈاؤن کو نافذ کرتےہوئے پولیس فورس  زیادہ سےزیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔‘‘
ٹرینوں میں عام شہریوں کو سفر کی اجازت نہیں
 لوکل ٹرینوںمیںعام مسافروں کے سفر کی سہولت ختم کردی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی ایماءپر تین الگ الگ اوقات میںعام مسافروں کوسفر کی جو اجازت دی گئی تھی ،اب حکومت کی ہی ہدایت پر اسے ختم کردیاگیا ہے۔ یکم مئی تک لوکل ٹرینوں  میں  صرف  لازمی خدمات سے وابستہ افراد کو سفر کی اجازت  ہوگی ۔ ریلوے حکام کے مطابق ’’ اس وقت لوکل ٹرینیںریاستی حکومت کی سفارش اورطے شدہ ضابطوں کے مطابق چلائی جارہی ہیں۔ ریاستی حکومت ہی طے کرتی ہے کہ  کسے  اور کب سفر کی اجازت دینا ہے۔ حکومت  نے منع کردیا ہے اسلئے  اب عام مسافرو ںکوسفر کی اجازت نہیںہوگی اورنہ ہی ان کوٹکٹ دیا جائے گا۔‘‘
دیگر ذرائع آمدورفت بھی بند نہیں ہوںگے
  لوکل ٹرینوں کی طرح ہی بسیں اور آٹورکشا نیز ٹیکسی کی شکل میں دیگر ذرائع آمدورفت بھی بند نہیں ہوںگے مگر ان  میں سفر کرنے کیلئے جائز وجہ کا ہونا ضروری ہوگا۔
 لازمی خدمات جاری رہیںگی
  ۱۵؍ دنوں کیلئے نافذ کی گئی سخت ترین پابندیوں  کے باوجود  میڈیکل اسٹور، اسپتال اور دواؤں کی سپلائی جیسی خدمات جاری رہیں گی۔ کھریلو کام کرنے والےملازمین کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔ کھانے پینے کی اشیاء کی ہوم ڈلیوری اور وہ تعمیری سرگرمیاں  جہاں مزدوروں کی رہائش کا نظم ہے، جاری رہیںگی۔ بینک اور فائنانس سے وابستہ تمام خدمات بھی بند نہیں ہوںگی۔ ان میں انشورنس کمپنیاں بھی شامل ہیں۔البتہ سیاسی،سماجی اور ثقافتی پروگرام ممنوع ہوںگے اور شادی  میں ۲۵؍ جبکہ آخری رسوم میں  ۲۰؍ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

covid-19 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK