Inquilab Logo

مہاراشٹر بند کا ممبئی ،تھانے اور بھیونڈی میں ملا جلا اثر۔تشدد کے ۴؍ معاملات درج

Updated: January 25, 2020, 12:37 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ملک کی معاشی بدحالی، نجکاری اوران حالات میں سدھار پر توجہ دینے کے بجائے سی اے اے، این پی آراور این آرسی کے ذریعہ لوگوں کو الجھانے کے خلاف ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) کی جانب سے بلائے گئے’مہاراشٹر بند‘ کا ممبئی، تھانے اور کلیان میں ملا جلا اثر دیکھنے کوملا۔

بھیونڈی میں پولیس کے ذریعہ گرفتار کئے جارہےوی بی اے کے رضاکار ۔ تصویر : انقلاب
بھیونڈی میں پولیس کے ذریعہ گرفتار کئے جارہےوی بی اے کے رضاکار ۔ تصویر : انقلاب

ممبئی/کلیان : ملک کی معاشی بدحالی ،نجکاری اوران حالات میںسدھار پرتوجہ دینےکے بجائے سی اے اے ، این پی آراور این آرسی کے ذریعہ لوگوں کو الجھانےکےخلاف ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) کی جانب سے بلائے گئے’مہاراشٹر بند‘ کا ممبئی ، تھانے اور کلیان میں  ملا جلا اثر دیکھنے کوملا ۔ ممبئی اورمضافات کے ان علاقوں میں جہاں دلت اورپسماندہ طبقات کے لوگ بڑی تعداد میں بسے ہوئےہیں، وہاں بند کا کافی اثردکھائی دیا۔کچھ علاقوں میں بہوجن ونچت اگھاڑی کے کارکنان نےریلی کا بھی ا ہتمام کیا ۔ اس دوران تشدد کے بھی چند واقعات پیش آئےجن کے سبب پولیس نے شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ۴؍ معاملات درج کئے ہیں۔دوسری جانب  وی بی اے کےسربراہ نے اس بند کو صدفیصد کامیاب اور پر امن قرار دیا اور ۱۰۰؍ سے زائد تنظیموں کی حمایت ملنےکا بھی دعویٰ کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ تشدد کرنے والے پارٹی کے ورکر نہیں ہیں۔
ہم دیش بچانے نکلے ہیںآؤ ہمارے ساتھ چلو:دیگر متعدد علاقوں کی طرح مالونی میں بھی ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سےانبوزواڑی سے گیٹ نمبرایک تک ریلی نکالی گئی اورمالونی میں بند کابھی اثر دکھائی دیا ،لوگوں نے اپنے کاروبار بند رکھے ۔اس دوران ریلی کے شرکاء نے ’ہم دیش بچانےنکلےہیں،ہم سنویدھان بچانے نکلے ہیں ،آؤ ہمارے ساتھ چلو ‘کے نعرے بلند کئے۔ ملاڈ تعلقہ  اور باندرہ میں آٹو رکشا ،ٹیکسی ، جیولری اوردیگرکاروباریوںنے بند میں شرکت کی ۔
 ممبئی پولیس کے ترجمان پر نئےاشوک نے بتایاکہ مہاراشٹر بند کے دوران چمبور کے رما بائی نگر اورگھاٹکوپرمیں پتھراؤ کیا گیا تھا۔پتھراؤ میں بس (روٹ نمبر:۳۶۲)کا ڈرائیور زخمی ہو گیا جبکہ مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ۸؍ مظاہرین کیخلاف کیس درج کر کے۶؍ کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
 جبکہ اس مہاراشٹربند کا بھیونڈی میں کوئی خاص اثر دیکھنے کو نہیں ملا۔ دھامنکرناکہ پر احتجاج کرنے والے ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکن وہاں کی دکانوں کو بند کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم پولیس کے حرکت میں آنے کے بعد آندولن ختم کردیا گیا۔جس کے بعد دکانیں دوبارہ کھل گئیں۔اگرچہ مہاراشٹر بند کے پیش نظر زون۲؍ کے ڈی سی پی آفس کی جانب سے پولیس کا سخت بندوبست کرتے ہوئے شہر کے تقریبا سبھی اہم چوراہوں،بس ڈپو سمیت مختلف مقامات پربھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ دکانیں بند کروانے میں ونچت بہوجن اگھاڑی کے تھانے ضلع صدر سنیل بھگت کی قیادت میں انکش بچوٹے،بدھیش جادھو،نیازاحمد چائے والے سمیت سینکڑوں کارکن شامل تھے۔ بڑی تعداد میں موجود پولیس افسران نے ونچت بہوجن اگھاڑی کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK