Inquilab Logo

قربانی کے مسئلے پرآج مسلم اراکین اسمبلی کے ساتھ وزیراعلیٰ کی میٹنگ ،فیصلہ متوقع

Updated: July 14, 2020, 8:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

دیونارمذبح پربوجھ کم کرنے کیلئے مسلم اکثریتی علاقوں میں چھوٹی چھوٹی عارضی بکرامنڈی بنانے کا مشورہ ۔ اس کیلئے ضروری انتظامات کرنے کا بھی مطالبہ ۔ بڑے جانوروں کی قربانی دیونارمیں ہی ہوگی

Aslam Shaikh - Pic : INN
منترالیہ میں ممبئی کے نگراں وزیراسلم شیخ کے ہمراہ مسلم اراکین اسمبلی کی میٹنگ کا منظر۔

ممبئی اور مہاراشٹرکے دیگر اضلاع میں قربانی کے تعلق سے منگل (آج) کی شام وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی مسلم اراکین اسمبلی کے ساتھ  اہم میٹنگ  ہے۔ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں ریاستی حکومت کی جانب سے عیدا لاضحی کے موقع پر قربانی کے تعلق سے فیصلہ متوقع ہے۔   اس سلسلے میں پیر کو ممبئی ضلع کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے منترالیہ میں واقع اپنے آفس میں مسلم اراکین اسمبلی  کی ایک میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میٹنگ میں عید الاضحی اور قربانی کے تعلق سے غور و خوض کیاگیا۔ بیشتر  اراکین  اسمبلی نے کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے احتیاط اور سوشل ڈسٹینسنگ کو ملحوظ رکھتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقوں میں چھوٹی چھوٹی عارضی بکرا منڈی بنانےکا مشورہ دیا۔
 ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ کی منترالیہ کے ہمراہ میٹنگ میں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک،  سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی، رکن اسمبلی امین پٹیل، رکن اسمبلی ذیشان صدیقی اور رکن اسمبلی رئیس شیخ کے علاوہ بی ایم سی کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر سنجیو جیسوال اور دیگر   افسران بھی موجود تھے۔
  معتبر ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق میٹنگ اس بات  پر زور دیا گیا کہ کورونا وائرس سے حفاظت کے ساتھ عید الاضحی کے موقع پر مسلمانوں کو جانوروں کی قربانی  کے مذہبی فریضے کی ادائیگی کی اجازت دی جانی چاہئے اور اس کیلئے ضروری انتظامات بھی کئے جانے چاہئے۔ 
 میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ بکروں کی خرید وفروخت کابوجھ محض دیونا ر منڈی پر ہی نہ ڈالتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقوں میں چھوٹی چھوٹی منڈی لگانے کی اجازت دی جائے جہاں کوروناوائرس کے حفاظت کیلئے احتیاط اور فزیکل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھتے ہوئے چھوٹے جانوروں کی خرید  و فروخت کا نظم کیا جائے۔ اس سے یہ فائدہ ہو گا کہ لوگ اپنے علاقوں کی منڈی سے ہی بکروں کی خریداری کر سکیں گے ا ور دیونا ر میں بھیڑ بھاڑ پر بھی قابو پایا جاسکےگا ۔
 جن بڑے جانوروں کی قربانی کی اجاز ت ہیں ،ان کی قربانی کا نظم بھی حسب معمول دیونا ر مذبح میں کیا جائے۔
 اس سلسلے میں منگل (آج) کی شام ۵؍ بجے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ طلب کی ہے جس میں ان مسائل پر غور و خوض کیاجائے گا۔
 اس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے اسلم شیخ ،ابو عاصم اعظمی، نواب ملک  اور امین پٹیل  سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی  لیکن متعدد مرتبہ کوشش کے باوجود بات نہیں ہو سکی۔
 واضح رہے کہ قربانی کے تعلق سے حکومت کا کوئی واضح موقف سامنے نہ آنے کی وجہ سے  ریاست کے مسلمانوں میں   بے چینی پائی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK