Inquilab Logo

یونیورسٹی کے امتحانات کے معاملے پر گورنر اور ریاستی حکومت میں ٹکراؤ

Updated: June 04, 2020, 12:21 PM IST | Agency | Mumbai

گورنر نے وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر کہا : آپ امتحان نہ لینے کا فیصلہ نہیں کرسکتے

Uddhav Thackeray and Koshiyari - Pic : INN
گورنربھگت سنگھ کوشیاری اور وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے۔ تصویر : آئی این این

لاک ڈاؤن کے سبب یونیورسٹی کے آخری سال کے امتحانات منعقد نہ کرکے اس کے بجائے طلبہ کوششماہی امتحانات میں ملنے والے نمبروں کا  اوسط نکال کرپاس کرنے کے  اُدھو حکومت کے فیصلے پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے تنقید کی ہے۔انہوں نے  وزیراعلیٰ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ آپ  فائنل ایئر کے  امتحان نہ لینے کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ یہ فیصلہ یونیورسٹی ایکٹ کے تحت کیا جاسکتا ہے اور اس کے مطابق یونیورسٹی کے تمام معاملات میں حتمی فیصلہ چانسلر  یعنی گورنر کے ذریعے ہی لیا جاسکتا ہے۔ 
 گورنرکوشیاری کے مطابق ریاستی حکومت نے ان قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھا ۔گورنر نے یہ بھی پوچھا کہ جب وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق کووڈ- ۱۹؍ کے درمیان سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے امتحانات ہوسکتے ہیں تو پھر یونیورسٹی  کےکیوں نہیں؟ گورنر نےیہ بھی کہا کہ یو جی سی اور مرکزی ایجنسیوں نے آخری سال کے امتحانات لینے کو کہا ہے ، لہٰذا ریاستی حکومت کو بھی یو جی سی کی ہدایت اور مہاراشٹر یونیورسٹی ایکٹ  ۲۰۱۷ء پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مختلف یونیورسٹیوں کے و ائس چانسلروں نے ویڈیو کانفرنسنگ میں انہیں بتایا ہے کہ وہ امتحان  لینے کیلئے تیار ہیں۔
گورنر پر’سامنا‘ نے سخت تنقید کی
  کوشیاری کے اس مطالبے پر برسراقتدار شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار سامنا میں گورنر کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ کووڈ- ۱۹؍ کے بحران کے دوران طلبہ کی صحت کو خطرے میں نہیں  ڈالا جاسکتا۔جب آر ایس ایس کی حمایت یافتہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) موجودہ صورتحال کے پیش نظر گجرات اور گوا میں امتحانات کی مخالفت کر رہی ہے تو پھر کوشیاری کا مطالبہ ان سے مختلف کیوں ہے؟ اخبار نے سوال کیا کہ کیا ایسا اس لئے کیا جارہا ہے کیونکہ مہاراشٹر میں آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت نہیں ہے؟ واضح رہے کہ فائنل ایئرکے طلبہ یہ جاننے کیلئے بے چین تھے کہ لاک ڈاؤن کے سبب  امتحانات ہوں گے یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK