Inquilab Logo

مہاراشٹر حج کمیٹی نےآن لائن قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا

Updated: May 01, 2022, 2:49 AM IST | Mumbai

ہندوستان کے حصے میں ۵۶۶۰۱ ؍عازمین کا کوٹہ آیا ہے جس میں مہاراشٹر کو ۴۸۷۴؍ عازمین کا کوٹہ دیا گیا جو کہ درخواست گزاروں کی تعداد ۱۱۱۹۲؍ کے مقابلے بے حد کم ہے

Hajj Committee Executive Officer Imtiaz Qazi Lottery Online
حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر امتیاز قاضی آن لائن قرعہ اندازی کرتے ہوئے (تصویر: انقلاب)

ج ۲۰۲۲ءکے لئے سعودی حکومت کی جانب سے کوٹہ دیئے جانےاور مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے اس کوٹہ کوتقسیم کرنے کےبعد مہاراشٹر حج کمیٹی کی جانب سے جمعہ کی شام کوآن لائن قرعہ اندازی کی گئی۔ یہ قرعہ اندازی ایگزیکٹیوآفیسر امتیازقاضی کی سربراہی میںریاستی حج کمیٹی کے دیگرعملہ کے ہمراہ مسافر خانہ دفتر میں کی گئی ۔مہاراشٹر حج کمیٹی میںملکی سطح پرسب سے پہلے قرعہ اندازی کی گئی ہے۔
 دراصل اس دفعہ سعودی حکومت کی جانب سے عالمی سطح پرکوٹہ کم کئے جانے کے سبب حج کمیٹی کومحض ۵۶۶۰۱ ؍عازمین کا کوٹہ دیا گیاہے۔اسے  مرکزی حج کمیٹی نےتقسیم کر دیا  ہے اوراسی کی بنیاد پرمہاراشٹر کے عازمین کو ۴۸۷۴؍سیٹیں دی گئی ہیں۔ اگرمہاراشٹر میںدرخواست دینے والو ں کی تعدادکوپیش نظررکھا جائے تو ۱۱۱۹۲؍تھی۔ اس میں بغیرمحرم کے حج پرجانےوالی درخواست دہندہ خواتین کی تعداد۱۸؍اور۲؍سال سے کم عمر بچو ں کی ۱۱؍درخواستیں شامل ہیں۔ اس کےعلاوہ اس میں۶۵؍سال سے زائد عمر کے درخواست دینے والوںکی ۱۳۹۵؍درخواستیںموصول ہوئی تھیںلیکن سعودی حکومت کی جانب سے عمر کی قید لگانے کےبعد ان سب کومنع کردیا گیاکہ ۶۵؍سال سے زائد عمرکے عازمین کوسفر حج پرروانگی کی اجازت نہیں  دی جائے گی ۔
 چنانچہ جنرل کٹیگری میں۹۷۶۸؍درخواستیں موصول ہوئی تھیںاس کی قرعہ اندازی کی گئی اور اضلاع میںمسلم آبادی کے تناسب سے عازمین کا انتخاب بذریعہ قرعہ اندازی عمل میںآیا۔کوٹہ کم ملنے اور درخواستیں زیادہ آنے کےسبب جنرل کٹیگری کے ۴۸۹۴؍عازمین امسال حج پرجانے سے رہ جائیں گے۔ ایگزیکٹیوآفیسرامتیا ز قاضی کے مطابق ’’آن لائن قرعہ اندازی کردی گئی اوراس سے ذمہ داران اورخدام الحجاج وغیرہ کو مطلع بھی کردیا گیا تاکہ اسی حساب سے منتخب عازمین اپنی جانب سےتیاری کرسکیں۔‘‘
 ان کے مطابق ’’چونکہ کوٹہ کم ملاہے اس لئے قرعہ اندازی کیلئے زیادہ اہتمام بھی نہیںکیا گیا ۔ اس کے علاوہ وقت بھی کم ہے ۔ اس لئے یہ کوشش کی گئی کہ جلدی سے قرعہ اندازی کرکے تفصیلات عازمین کوبتادی جائیں اورحج کمیٹی کی جانب سے بھی ان کومطلع کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ کم وقت ہونے کےباوجود وقت مقرر ہ کے اندر تمام کاموں کو مکمل کیاجاسکے اوربلاکسی رکاوٹ کے عازمین کی روانگی کویقینی بنایاجاسکے۔
 واضح ہوکہ اس دفعہ سفرِ حج خرچ میںکافی اضافہ کااندیشہ ہے ۔ اس کے تعلق سے مرکزی حج کمیٹی کے سی ای اویعقوب شیخ نے انقلاب کوبتایا تھا کہ ساڑھے تین لاکھ سے ۴؍لاکھ روپے تک فی عازم پرخرچ آنے کی امیدہے ، اسی بناء پراب تک سفرحج خرچ کا اعلان نہیںکیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ۲؍ سال  سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے عازمین پر پابندی لگا رکھی تھی۔ کورونا کے سبب لگائی گئی اس پابندی کو اسی سال ختم کیا گیا ہے۔ اور مجموعی طور تقریباً ۱۰؍ لاکھ لوگوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔ ان میں ہندوستانی عازمین بھی شامل ہیں۔  فی الحال مہاراشٹر کے حصے میں آنے والا کوٹہ درخواست گزاروں کی تعداد سے بے حد کم ہے ۔ اس کی وجہ سے کئی درخواست گزاروں کو مایوسی کا سامنا کر پڑ سکتا ہے۔ ویسے یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں اب تک صرف اور صرف مہاراشٹر حج کمیٹی نے ہی اپنے کوٹے کی قرعہ اندازی کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK