Inquilab Logo

دیہی علاقوں کے بے گھر افراد کیلئے۸۲ء ۸ لاکھ گھروں کی میگا ہاؤسنگ اسکیم

Updated: November 22, 2020, 5:16 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے افتتاح کیا،کہا:اس اسکیم کے مکانات ۱۰۰؍دن میں تعمیر کئے جائیں گےجس پر۴؍ہزارکروڑ کی لاگت آئے گی

Uddhav Thackeray - PIC : INN
ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : آئی این این

ریاست کے دیہی علاقوں کےبے گھرافراد کو گھر مہیا کرانے کیلئےوزیر اعلیٰ نے ۸لاکھ اسی ہزارگھروں کی میگا ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کیا۔یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس اسکیم کے مکانات اگلے ۱۰۰؍ دنوںمیں تعمیرکئےجائیں گے جس پر ۴؍ ہزار کروڑ رپے لاگت آئے گی۔ 
 اس مہم کا افتتاح جمعہ کوسہیادری گیسٹ ہاؤس میں ریاستی سطح کے ورکشاپ کے دوران کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیردیہی ترقی حسن مشرف ، وزیر مملکت برائے دیہی ترقی عبد الستار ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اشیش کمار سنگھ،پرنسپل سیکریٹری وکاس کھڑگ، دیہی مکانات کیلئے ریاستی انتظامی سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجا رام ڈیگھی موجودتھے۔ڈویژنل کمشنرز،کلکٹرس، ضلع پریشدوں کے سی ای اوزنے آن لائن شرکت کی۔
 وزیراعلیٰ کے مطابق ریاست میں دیہی میگا ہاؤسنگ اسکیم ۲۰؍ نومبر۲۰۲۰ء تا ۲۸؍فروری ۲۰۲۱ء چلائی جائےگی۔ اس مہم کے تحت مختلف اسکیموں کے ذریعے کل۸؍لاکھ۸۲؍ہزار۱۳۵؍ مکانات تعمیر کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہر ایک کو اس بات کی یقین دہانی کرانے کی ضرورت ہے کہ مکانات تعمیر کرنے والے مستحکم اورمستقل ہیں،یہ رہائش ایسی ہو کہ دوسری ریاستیں بھی ہمارے کام دیکھنے آئیں۔انہوں نے کہا کہ میگا ہاؤسنگ اسکیم کو عمدہ انداز میں تیار کیا گیا ہے لیکن صرف سبسیڈی فراہم کرنےکے بجائے، پورے پیکیج جو ٹوائلٹ بلاک ، زمین، حتیٰ کہ بینک لون کا بھی خیال رکھتاہے،فائدہ اٹھانے والے کو فراہم کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ٹھاکرے نے اس اسکیم کے کامیاب ہونے کا اعتماد ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔
 وزیر دیہی ترقی حسن مشرف نے بتایا کہ ان کے محکمہ نےاگلے ۱۰۰؍ دنوں میں آٹھ لاکھ اسی ہزار مکانات تعمیر کرنے کا عزم کیاہےجس پر ۴؍ ہزار کروڑ روپے  لاگت آئے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس مہم کو اس اندازسےچلایا جائے گا کہ کوئی دیہی خاندان بے گھر نہیں ہوگا۔ وزیر مملکت برائے دیہی ترقی عبد الستار نے کہا کہ دیہی علاقوںمیں بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کو تیز کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی میگا ہاؤسنگ اسکیم کے تحت منصوبہ بندی اس طرح کی جائے گی کہ مؤثر عمل درآمدسے دیہی علاقوں میں ہر بے گھر کا اپنا مکان ہوگا۔ انہوںنے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ اس مہم کے نتیجے میں دیہی بے گھر اور غریب افراد کو سکون ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے اس مہم کیلئےریاستی مینجمنٹ سیل کا لوگو ، مہم کے کتابچے ، پرچے ، مہم کےپوسٹر جاری کیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK