Inquilab Logo

مہاراشٹر ایس ٹی بس نرمدا ندی میں گرگئی ،۱۳؍ ہلاک

Updated: July 19, 2022, 9:43 AM IST | jalgaon

مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میںبھیانک حادثہ ،اندور سے ا ملنیرآتے وقتبس پل کی ریلنگ توڑ کر سیدھے ندی میں۲۵؍ سے ۳۰؍ فٹ نیچے گری ، بس میں۵۵؍ افراد سوار تھے جن میںسے ۱۵؍ مسافروں کی جان بچائی گئی ، ۲۵؍ مسافر لا پتہ ، علاقہ پتھریلا ہونے کے سبب بس ندی میں پوری طرح ڈوبی نہیںلیکن اس کے پرخچے اڑ گئے

The ST bus was pulled out of the river with the help of a crane. (PTI)
ایس ٹی بس کو ندی سے کرین کی مدد سے نکالا گیا ۔(پی ٹی آئی )

:مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میںکھول گھاٹ کے قریب نرمدا ندی کے پل پر پیر کی صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے اندور سے املنیر آرہی ایس ٹی  بس حادثے کا شکار ہوگئی۔یہ ایس ٹی بس نرمدا ندی کے پل کے اوپر سے گزر رہی تھی کہ بس کا اچانک ٹائر پھٹ گیا۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ ایس ٹی بس آگے چلنے والی ایک وین کو اور ٹیک کررہی تھی جس کی وجہ سے بس پر سے ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور بس پل کی ریلنگ توڑ کر سیدھی ندی میں جاگری۔بس نرمدا ندی کے پل سے۲۵؍ سے۳۰؍فٹ نیچے ندی میں گر گئی۔ گرنے کے بعد ایس ٹی بس سب سے پہلے ندی میںواقع پتھر سے ٹکرا ئی۔ اس میں ایس ٹی کا ایک حصہ پوری طرح تباہ ہوگیا،اسکے بعد ایس ٹی ندی کے پانی میں ڈوبنے لگی۔ تاہم، بس مکمل طور پرندی میں ڈوبی  نہیں،کیونکہ علاقہ پتھریلا تھا۔ اس دوران بس میں سوار کچھ مسافر تیر کر پتھریلے  حصہ تک پہنچے۔ جس سے کم و بیش ۱۵؍ مسافروں کی جان بچ گئی۔
 ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ کے وقت ایس ٹی بس میں۵۰؍ تا ۵۵؍مسافر سوار تھے۔ ان میں سے۱۳؍ افراد  ہلاک ہو ئے ہیں جن میںسے ۱۲؍ کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ان میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت ۱۱ ؍افراد کی لاشوں کی شناخت آدھار کارڈ اور رشتہ داروں کی مدد سے کی گئی ہے۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ بس میں سوار مزید کم و بیش ۲۵ ؍مسافر لاپتہ ہیں۔دھار ضلعی انتظامیہ نےیہاں جنگی پیمانے پر امدادی کارروائیاں کی ہے۔ امدا دی کارروائیوں میں مدھیہ پردیش حکومت اور مرکزی حکومت کی این ڈی آر ایف ٹیموں اور دیگر راحت رسانی دستوں کے علاوہ مقامی لوگ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایس ٹی بس کے ملبے کو کرین کی مددندی  کے کنارے سے باہر نکالا گیا ہے۔ایس ٹی بس جلگائوں ضلع املنیر بس ڈپو کی ہے جس کا نمبر ایم ایچ ۴۰؍او این ۹۸۴۸ہے ۔ یہ بس پیر کی صبح تقریباًساڑھے ۷؍ بجے اندور سے املنیر کیلئے روانہ ہوئی۔ اس دوران مدھیہ پردیش میں کھول گھاٹ کےتھیگری کے پل سے بس نرمدا ندی میں گر گئی۔ بس کے ڈرائیور چندرکانت پاٹل اور کنڈیکٹر پرکاش شراون چودھری تھے ۔یہ جانکاری جلگاؤں ڈویژن کے ڈویژنل کنٹرولر بھگوان جگنور نے دی ہے۔
۲؍ اضلاع کی سرحد پر پل ہے،حادثے قبل بس اسی پل پر تھی
  حادثہ آگرہ-ممبئی (اے بی روڈ) ہائی وے پر پیش آیا۔ یہ سڑک اندور کو مہاراشٹر سے جوڑتی ہے۔جائے حادثہ  اندورشہر سے۸۰؍ کلومیٹر  دور ہے۔ سنجے سیتو پل جہاںسے بس گری وہ دو اضلاع دھار اور کھرگون کی سرحد پر واقع ہے۔ پل کا آدھا حصہ کھول گھاٹ (دھار) اور آدھا کھلتکا (کھرگون) میں ہے۔ کھرگون کے کلکٹر اور ایس پی بھی  جائے حادثہ پر پہنچے تھے۔ ایک اطلاع کے مطابق بس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ صبح ۹؍تا سوا نو بجے تک کھل گھاٹ  سے۱۲؍ کلومیٹر پہلے دودھی بائی پاس کے کنارے ایک ہوٹل پر رُکی تھی۔ ہوٹل کے مالک نے بتایا کہ یہاں۱۲؍ سے ۱۵؍مسافروں نے چائے ناشتہ کیا۔بقیہ مسافربس کے اندر بیٹھے تھے۔
مہلوکین میں ۸؍کاتعلق مہاراشٹر سے
 بتایا گیا ہے کہ بس حادثے میں مرنے والوں میں، اطلاعات کے مطابق، جلگاؤں ضلع کے ۷ ؍دھولیہ اور اندور کے ایک ایک  اورراجستھان کے تین لوگ شامل ہیں۔ان میں بس ڈرائیور چندرکانت ایکناتھ پاٹل (عمر۴۵،ساکن املنیر، جلگاؤں)، کنڈیکٹرپرکاش شراون چودھری (عمر۴۰؍، ساکن شاردا کالونی، املنیر جلگاؤں)، نمباجی آنندا پاٹل (عمر۶۰؍، ساکن پلوڈا، املنیر) اور کملا بائی نمبا پاٹل (عمر۶۰؍ سال ساکن پلوڈا، املنیر)،اویناش سنجے پردیسی، املنیر (جلگاؤں )وشال ستیش بہرے، (۳۳،دھولیہ) ،اسکے ساتھ مرتضیٰ پور، اکولہ کی رہنے والی عروہ مرتضیٰ بوہری (۲۷)بھی انتقال کرگئیں۔ان کا میکا املنیرمیںبتایا گیا ہے۔اسکے علاوہ چیتن رام گوپال ساکن نگل کلا، گووند گڑھ، جے پور راجستھان، جگناتھ ہیمراج جوشی(۷۰)رہائش، ملہار گڑھ، ادے پور راجستھان ،راجو تلسی رام مورے، راوت بھاٹا ،چتور گڑھ ، راجستھان)شامل ہیں ، سیف الدین عباس، نورانی نگر (اندور ، مدھیہ پردیش)اس حادثہ کے سلسلے میں جلگاؤں کلکٹریٹ کی طرف سے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ کنٹرول روم کے نمبر۰۲۵۷۲۲۲۳۱۸۰؍ اور۰۲۵۷۲۲۱۷۱۹۳؍ہیں۔ موقع پر مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر۰۹۵۵۵۸۹۹۰۹۱؍دیا گیا ہے۔ حادثہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے ایس ٹی کارپوریشن نے ایک ہیلپ لائن نمبر۰۲۲۲۳۰۲۳۹۴۰؍ نمبر  دیاہے۔
جاں بحق مسافروں کے لواحقین کودس دس لاکھ روپے کی امداد
 اس حادثے کے بعدوزیر اعظم نریندر مودی ،ریاستی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ،نائب وزیر اعلیٰ دیوریند فرنویس نے رنج کا اظہار کیا ہے اوروزیر اعلیٰ شندے نے  جلگاؤں ضلع کلکٹر کو ہدایت دی  ہے کہ وہ مدھیہ پردیش  کے ضلع انتظامیہ کے ساتھ تال میل قائم کریں تاکہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا جائے۔ساتھ ہی، ایس ٹی انتظامیہ کی طرف سے مہلوک مسافروں کے لواحقین کودس دس لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔  اس کےساتھ ہی ایس ٹی کارپوریشن کو بھی اس امداد کے سلسلے میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK