Inquilab Logo

پالیسی کمیشن کے تعاون سے مہاراشٹر کونمبر وَن بنایا جائے گا

Updated: September 16, 2021, 9:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پالیسی کمیشن کے ساتھ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی یقین دہانی،میٹنگ میں جی ایس ٹی ریفنڈ،کانجورمارگ میٹروڈپو جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا

The Chief Minister can be seen engaged in a meeting with the members of the Policy Commission.Picture:Inquilab
وزیراعلیٰ پالیسی کمیشن کےممبران کے ساتھ میٹنگ میں مصروف دیکھے جاسکتے ہیں تصویر انقلاب

: وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ  پالیسی کمیشن کے ساتھ مل کر مہاراشٹر کی  ترقی میں تیزی لائی جائے گی اور مہاراشٹر کو ملک کی نمبر ون  ریاست بنانےکیلئےاقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بدھ کو سہیادری گیسٹ ہاؤس میں پالیسی کمیشن کے اراکین کے ساتھ  جی ایس ٹی ریفنڈ، پردھان منتری پیک بیمہ یوجنا ، کانجور مارگ  میں میٹرو کارشیڈ، دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کے لیے ریلوے اراضی کا حصول، دیگھی پورٹ ڈیولپمنٹ، ڈیفنس ڈپارٹمنٹ سےمتعلق قطعہ اراضی کے ترقی  کے مسائل  جیسے ۴۱؍ موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اہم بات یہ ہے کہ کمیشن کے اراکین نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو جلد حل کرنے کےلئےکارروائی کی جائے گی۔ پالیسی کمیشن نے الیکٹرک وہیکل پالیسی اور مہاراشٹر کی جانب سے کووڈ کی وبا کو روکنے کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔
 اس میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور وزیر محصول بالا صاحب تھورات بھی موجود تھے۔ ابتدائی طور پر پالیسی کمیشن کےنائب صدر ڈاکٹر راجیو کمار، رکن  رمیش چند ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر امیتابھ کانت نے صنعت، زراعت ، آبپاشی، انفراسٹرکچر ، صحت ، سماجی منصوبہ بندی کے شعبوں میں مہاراشٹر کی تیزی سے ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ کمیشن کی ٹیم میں نائب صدر این آئی سی ڈی سی ابھیشیک چودھری ، سینئر مشیرآنا رائے، سبھاش ٹھکرال ، ریسرچ آفیسر اشیتا تھمن بھی شامل تھے۔
 اجلاس کی نظامت چیف سیکریٹری سیتارام کنٹے نے کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری دیواش چکرورتی اور دیگر سیکریٹریوں نے پریزنٹیشن دی۔
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم پالیسی کمیشن کے اراکین کی طرف سے  مہاراشٹر کی ترقی کے حوالے سے دی گئی تجاویزکا خیرمقدم کرتے ہیں اورریاستی حکومت مستقبل میں کمیشن کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھے گی۔
کورونا کو قابومیں کرنےکی ستائش
 اس موقع پر کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین  ڈاکٹر راجیو کمار نے مہاراشٹر  میں کورونا کی وبا کو روکنے میں عمدہ کارکردگی پر تعریف کی۔اس سلسلے میں مزید معلومات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پورے عرصے کے دوران صحت کی سہولیات بڑھانے میں مہاراشٹر ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ مریضوں کی تعداد بہت زیادہ تھی لیکن اب جب کہ تیسری ممکنہ لہر کے خدشات کی وجہ سے  جو سہولیات  قائم کی گئی ہیں ان کی دیکھ بھال پر خرچ جاری رہے گا۔ لہٰذا مرکز کو اس کا خیال رکھنا چاہئے کہ کووڈ گرانٹ ریاست کو مکمل طور پر موصول ہوجائے۔
جی ایس ٹی ، ایندھن پر سیس توجہ درکار
 وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ’’ریاست کو جی ایس ٹی کی واپسی کے بقایا جات۳۰؍ ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں اور مستقبل قریب میں یہ بڑھ کر ۵۰؍ ہزار کروڑ روپے تک پہنچ جائیں گے۔ ‘‘وزیر اعلیٰ نے کمیشن  کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے مرکز کی آمدنی میں تو اضافہ ہوا ہے لیکن اس سے ریاست کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
فصل انشورنس میں منافع خوری بندہو
 اس بات کو نوٹ کرتے ہوئے کہ انشورنس کمپنیاں پی ایم فصل انشورنس اسکیم کے تحت بہت زیادہ منافع کما رہی ہیں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پالیسی کمیشن کو اس پر قابو پانے کیلئے ضروری کارروائی کرنے اور متبادل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس پر نائب صدر ڈاکٹر راجیو کمار نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ریاستوں سے شکایات آرہی ہیں اور ان شکایتوں پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہےاور متبادل تلاش کیا جارہاہے جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔
کانجور مارگ میٹرو کارشیڈ ، دھاراوی ری ڈیولپمنٹ سمیت کئی مسائل پر کمیشن مثبت
 میٹنگ میں ریاستی حکومت نے مرکز کے ساتھ زیر التوا کئی اہم مسائل اٹھائے۔ پالیسی کمیشن نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ اس حوالے سے مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئےجلد حل کیا جائے گا۔
الیکٹرک وہیکل پالیسی کی تعریف
 میٹنگ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر امیتابھ کانت نے مہاراشٹر کی برقی گاڑیوں کی پالیسی  کی ستائش کی اور ریاست بھر میں ان گاڑیوںکی تعداد میں اضافہ کرنے اور چارجنگ اسٹیشنوںکو بڑھانے کی سفارش کی۔ اس موقع پر وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے نے پالیسی کی نمایاں خصوصیات کا خاکہ پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ مرکز اس سلسلے میں مزید تحریک دے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK