Inquilab Logo

فرضی ویکسی نیشن کیمپ معاملے میں پولیس کی بڑی کارروائی

Updated: June 26, 2021, 8:05 AM IST | nadeem asran | Mumbai

اب تک ۱۰؍ افراد گرفتار جبکہ شہر کے ۸؍ مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج، تحقیقات جاری

Joint Commissioner Vishwas Nangare Patil during Press Conference. Picture:Inquilab
جوائنٹ کمشنر وشواس ناگرے پاٹل پریس کانفریس کے دوران( انقلاب)

حکومت یا بی ایم سی کی اجازت کے بغیر شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں فرضی ویکسی نیشن مہم چلانے کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے ۔ اس گھوٹالے میںنہ صرف میڈیکل اسٹور یا اسپتال سے سانٹھ گانٹھ کرنے والے ایجنٹ شامل ہیں بلکہ اسپتال عملہ اور ڈاکٹرس بھی ملوث پائے گئے ہیں ۔ اب تک پولیس نے شہر اور مضافات کے الگ الگ علاقوں میں لگائے فرضی ویکسی نیشن کیمپ سے متعلق۸ ؍ پولیس اسٹیشنوں میں کیس درج کیا ہے بلکہ ایک ڈاکٹر جوڑے اور کلیدی ملزم سمیت ۱۰؍ ملزمین کو گرفتار بھی کیا گیاہے ۔
 قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس ویکسی نیشن گھوٹالے میں ملزمین کے خلاف فریب دہی اور جعلسازی کی مختلف دفعات کے علاوہ غیر ارادتاً قتل کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی  متعدد ڈاکٹر  ایجنٹ اور اسپتال کے عملے  سمیت  نامعلوم ملزمین کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں لی گئی ایک پریس کانفرنس کے دوران جوائنٹ کمشنر ( نظم و نسق ) وشواس ناگرے پاٹل نے بتایا کہ ’’ اب تک کی تفتیش میں شہر اور مضافات کے ۸؍ علاقوں میں فرضی ویکسی نیشن کیمپ لگائے جانے کا پتہ چلاہے جبکہ اس معاملہ میں شہر کے ۸؍ پولیس اسٹیشن جن میں بھوئیواڑہ پولیس اسٹیشن بھی شامل ہے میں کیس درج کئے گئےہیں اور اب تک کل ۱۰؍ ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ مذکورہ کیس کی تفتیش کے سلسلہ میں  ڈی سی پی وشال  ٹھاکر کی سربراہی میںاسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم ( ایس آئی ٹی ) بھی بنائی گئی ہے ۔
  قابل ذکر بات یہ ہے کہ  مختلف سوسائٹیوں میں ویکسی نیشن کیمپ لگا کر لاکھوں روپے ٹھگنے والے ملزمین کے خلاف پولیس نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے ساتھ غیر ارادتاً قتل کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے ۔۳۰؍ مئی کو کاندیولی کے ہیرا نندانی ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگائے گئے فرضی ویکسی نیشن کیمپ کا انکشاف ہونے کے بعد یکے بعد دیگرے شہر کے ۸ ؍ مختلف علاقو ں میں اس طرح کے کیمپ لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے اب تک گرفتار شدہ ملزمین کی تحویل سے ۱۲؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار روپے ضبط کئے ہیں ۔
  پولیس نے جہاں کاندیولی چار کوپ کے شیوام اسپتال کے ڈاکٹر جوڑے شیوراج پتھاریا اور اس کی ڈاکٹر بیوی نیتا پتھاریا کو گرفتار کیا ہے ۔ وہیں بھوئیواڑہ پولیس نے جمعرات کو پریل کے پوتدار سینٹر میں منعقد کئے گئے ویکسی نیشن کیمپ لگانے والے ملزمین کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔  اطلاع کے مطابق ۲۸؍ اور ۲۹؍ مئی کو لگائے گئے اس کیمپ میں ۲؍ سو مکینوں کو ویکسین دی گئی تھی اور ان سے ۲؍ لاکھ ۴۴؍ ہزار روپے وصول کئے گئے تھے جبکہ دو الگ الگ اسپتالوں کے نام سے انہیں سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا ۔اب تک اس سلسلہ میں کاندیولی کے علاوہ ، ورسوا ، کھار ، بوریولی اور بھوئیواڑہ سمیت کل ۸؍ پولیس اسٹیشنوں میں کیس درج کیا جاچکا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK