Inquilab Logo

پانی کے تحفظ کو زندگی کا مقصد بنائیں: وزیر اعظم مودی کی عوام سے اپیل

Updated: October 03, 2021, 8:08 AM IST | new Delhi

جل جیون مشن ایپ لانچ کیا ، پانی کی فضول خرچی روکنے کیلئے انفرادی سطح پر کوششوں پر زور ، ۲۰۲۴ء تک تمام دیہی علاقوں میں گھر گھر نل پہنچانے کاعزم

Prime Minister Modi addressing the Jal Jeevan Mission app launch. (Photo: PTI)
وزیر اعظم مودی جل جیون مشن ایپ لانچ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شہری سے ملک میں پانی کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے، اس  لئےپانی کی بربادی روکنے کے لئے جتنی  حکومتی اور اجتماعی سطح  پر کوششیں ضروری ہیں اتنی ہی انفرادی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔  وزیر اعظم مودی نے یہاں جل جیون مشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں جل جیون مشن ایپ کا آغاز کیا اور کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح ملک کے دیہی علاقوں میں ہر گھر کو نل کے پانی کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی خواتین روزانہ کئی کلو میٹر دور جا کر تالابوں اور ندیوں سے پانی لاتی ہیں، آج تک کسی نے اس پر توجہ نہیں دی کہ انہیں راحت پہنچائی جائے اور پانی ان کے گھر تک پہنچایا جائے۔ اسی لئے  ہماری حکومت نے جل جیون مشن شروع کیا ہے، اس سے گاؤں کے ان لوگوں کی زندگی بہت آسان ہوجائے گی۔
  وزیر اعظم نے اس دوران  یہ دعویٰ کیا کہ ۲۰۱۹ء میں انہوں نے جل جیون مشن شروع کیا تھا اور اس وقت ملک میں محض تین کروڑ گھروں کو نل کے پانی تک رسائی حاصل تھی لیکن صرف ۲؍ سال کے عرصے میں ۵؍ کروڑ گھرانوں کو نل کا پانی مل رہا ہے اور۲۰۲۴ء  تک اس مشن کو پورا کرکے ملک کے تمام دیہی علاقوں کے لئے ہر گھر  میں نل سے پانی دستیاب کرایا جائے گا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ جل زندگی مشن سے گاؤں والوں کی زندگی آسان ہوگی اور خاص طور پرخواتین کی زندگی آسان ہو جائے گی۔ اگر لوگوں کو گاؤں میں صاف پانی ملے گا تو ان پر بیماریاں حاوی نہیں ہوں گی اور اس کی وجہ سے دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔
  وزیر اعظم نے کہا کہ جل جیون مشن کا فائدہ حاصل ہو اس کے لئے جل جیون مشن کے ساتھ ہی واٹر کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر گھر میں نل سے پانی مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ گاؤں کی باؤلیوں کو بھی  بہتر بنایا  جا رہا ہے۔ یہی نہیں، ان کی حکومت نے گاؤں گاؤں کو پانی اور صفائی ستھرائی سے جوڑنے کے لئے ۲؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم گرام پنچایتوں کی نشاندہی کر کے گرام سوراج کے تحت انہیں مہیا کروانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔یہ گاندھی جی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن ایپ اسی لئے جاری کیا گیا ہے تاکہ اس مشن سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں  ، یہاں تک کہ پانی کے معیار کی معلومات بھی اس ایپ میں  دستیاب کروائی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK