Inquilab Logo

یہ واحد دوست ہے، جس کیلئے مَیں اسکول چھوڑوں گی : ملالہ

Updated: February 27, 2020, 12:16 PM IST | Agency | London

:تحفظ ماحول کیلئے سرگرم نوعمر سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے آکسفورڈ یونیور سٹی کے کیمپس میں ملاقات کی۔

 آکسفورڈ یونیور سٹی کے کیمپس میں ملالہ یوسف زئی اور گریٹا تھنبرگ۔
آکسفورڈ یونیور سٹی کے کیمپس میں ملالہ یوسف زئی اور گریٹا تھنبرگ۔

  لندن : تحفظ ماحول کیلئے سرگرم نوعمر سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے نوبیل امن انعام یافتہ  ملالہ یوسف زئی سے آکسفورڈ یونیور سٹی کے کیمپس میں ملاقات کی۔ ملالہ اسی یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
   ذرائع کے مطابق گریٹا تھنبرگ برسٹل شہر کے ایک اسکول میں طلبہ کے ذریعے تحفظ ماحولیات سے متعلق  جمعہ کوایک احتجاج اور مختلف تقاریب میں حصہ لینے کیلئے برطانیہ آئی ہیں   ۔ 
 منگل کو ہوئی اس ملاقات کے بارے میں ملالہ  نےٹویٹر پر لکھاکہ یہ واحد دوست ہے، جس کیلئے میں اسکول چھوڑوں گی۔ ساتھ ہی ملالہ نے انسٹا گرام پر اپنی اور گریٹا تھنبرگ کی ایک تصویر ’شکریہ گریٹا تھنبرگ‘ کے عنوان سے پوسٹ کی جس میں یہ دونوں ایک پارک کی بنچ پر بیٹھی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ گریٹا نے بھی ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے  لکھا کہ آج میں اپنی رول ماڈل ملالہ سے مل رہی ہوں، اس سے زیادہ میں اور کیا کہوں۔
  ذرائع کے مطابق گریٹا نے دیگر طلبہ سے سائنس کے متعدد موضوعات کے علاوہ ووٹنگ، احتجاج اور مظاہروں جیسے موضوعات پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر  ماحولیاتی رضاکارنے اپنا وہ بیان بھی دہرایا جو ا نہوں نے ورلڈ اکنامک فورم میں ماحولیاتی تبدیلی کے متعلق عالمی برادر ی سے خطاب میں دیا تھا۔
  واضح رہے کہ  انتہا پسندوں کے حملے شکار ہوئی ملالہ کو دنیا بھر کے بچوں کو تعلیم کا بنیادی حق دلوانے کی  جدوجہد کے اعتراف میں۲۰۱۴ء میں محض ۱۷؍ سال کی عمر میں امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھاجو اس انعام کی کم سن ترین حقدار بنی تھیں۔ ملالہ کے بعد۲۰۱۹ء میں امن نو بیل انعام  کیلئےاب تک کی دوسری کم سن نامزدگی گریٹا تھنبرگ کی تھی  تاہم۲۰۱۹ء  کا یہ انعام ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کو دیا گیا تھا۔سویڈن کے پارلیمانی اہلکاروں نے گریٹا تھنبرگ کو ماحولیات کے تحفظ کی بیداری کیلئے احتجاجی تحریک ’ فرائی ڈیز فار فیوچر‘ کی عالمگیر سطح پر قیادت کرنے کے مد نظر اس سال  دوبارہ انہیں امن کے نو بیل انعام کیلئے نامزد کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK